مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی میں جشن یوم جمہوریہ انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا

مدھوبنی (نمائندہ خصوصی) بینی پٹی حلقہ کے معروف اور فعال ادارہ مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی میں 26 جنوری کے موقع سے یوم جمہوریہ کی تقریب انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی، اس موقع پر مدرسہ کے طلبہ و طالبات نے مختلف النوع ثقافتی پروگرام پیش کیا، پرچم کشائی کی رسم مدرسہ کے پرنسپل مولانا نوراللہ نے انجام دی، اس موقع پر مدرسہ کے معاون پرنسپل مولانا محمد نصراللہ قاسمی نے یوم جمہوریہ کے پیغام کے عنوان پر پر مغز تقریر کی، مولانا نصراللہ قاسمی نے اپنی تقریر میں یوم جمہوریہ کی تاریخ، آئین ہند کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ملک کا آئین ہمیں ہر طرح کی آزادی فراہم کرتا ہے، ہمیں اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی فراہم کرتا ہے، ہمیں اپنے من پسند کپڑا پہننے اور کھانے پینے کی آزادی فراہم کرتا ہے، اس ملک کا آئین سیکولر ہے، اور سیکولرازم میں ہر مذہب کے ماننے والوں کے لیے مساوات اور برابری کے حقوق حاصل ہوتے ہیں، مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں جو کچھ ہمارے ساتھ کیا جارہا ہے وہ سراسر آئین ہند کا مذاق ہے، اور آئین ہند کو ختم کرنے کی سازش ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ یہ ملک ایک عظیم ملک ہے اس کو چلانے کے لیے بڑا دل چاہئے چھوٹے دل اور تنگ ذہن کے لوگ اس ملک کو چلانے کے اہل نہیں ہیں. یوم جمہوریہ کی تقریب کی صدارت مدرسہ کے پرنسپل مولانا محمد نوراللہ نے کی جب کہ نظامت کے فرائض مولانا محمد حیدر قاسمی نے انجام دیئے، تقریب کو کامیاب بنانے میں مدرسہ کے اساتذہ نے خوب محنت کی جن میں ماسٹر فیاض، مولانا اظہراللہ، مولانا احمداللہ مفتاحی ،قاری صدام، ماسٹر صدام اور ماسٹر سنور قابل ذکر ہیں.
Comments are closed.