وقف ترمیمی قانون کے خلاف جالے میں "بتی گل” احتجاجی پروگرام کامیاب، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے آبائی گاؤں میں مؤثر مظاہرہ

جالے:( محمد رفیع ساگر /بی این ایس )
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیرِ اہتمام وقف ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے خلاف ملک گیر سطح پر جاری "بتی گل” تحریک کے تحت دربھنگہ کے معروف قصبے جالے میں ایک پرامن اور مؤثر احتجاجی مظاہرہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ مظاہرہ بورڈ کے صدر، فقیہ عصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم کے آبائی گاؤں میں منعقد ہوا، جہاں مقامی عوام، علما، دانشور، نوجوان اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کی قیادت مولانا مظفر احسن رحمانی (معتمد رابطہ عامہ دارالعلوم سبیل الفلاح جالے و نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل دربھنگہ) نے کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقف ایکٹ کی ترمیمات کو مسلمانوں کے دینی، تعلیمی اور فلاحی اداروں پر کاری ضرب قرار دیا اور کہا کہ یہ قانون وقف املاک کو سرکاری تحویل میں لینے کی راہ ہموار کرتا ہے، جو آئینی و مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔
اس احتجاج کو کامیاب بنانے میں مرد و خواتین کی متعدد ٹیموں نے بھرپور محنت کی۔ بستی بستی اور گاؤں گاؤں مائکنگ کا منظم انتظام کلیم اللہ سیفی (مالک پٹنہ بیکری، جالے) اور نوجوانوں کی ٹیم نے انجام دیا، جبکہ خواتین کی خصوصی ٹیم نے گھروں میں جا کر خواتین کو اس قانون کے نقصانات سے آگاہ کیا اور تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ اس انداز کی بیداری نے مظاہرے کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
احتجاج میں شریک افراد نے زور دے کر کہا کہ وقف صرف جائیداد نہیں بلکہ ایک زندہ دینی نظام کا حصہ ہے، اور اس کے تحفظ کے لیے مسلمانوں کو آئینی و جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے پرامن طریقے سے آواز بلند کرنی چاہیے۔
مولانا مظفر احسن رحمانی نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ یہ تحریک وقتی نہیں، بلکہ ایک مسلسل جدوجہد کا آغاز ہے، جسے ہر محاذ پر مضبوطی سے جاری رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس تحریک میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں عامر اقبال، صادق آرزو، مذکر خان، جاوید اقبال عرشی، گلریز خان، مولانا محمد عرفان، قاری ریحان خان، مولانا عامر مظہری، حافظ محمد سفیان، شہباز محمد، مرزا نثار بیگ، نشاط احمد، حافظ قمر عالم، مولانا منصور عالم قاسمی، حافظ نوید احسن، سابق مکھیا سرفراز احمد، نور عالم، ماسٹر ممتاز، مولانا حفظ الرحمن، محمد ببلو، مولانا ابراہیم، محمد مشتاق، مولانا صغیر احمد، حافظ عبدالجبار، حافظ جیلانی، حاجی کبیر، مولانا خالد سیف اللہ ندوی، ماسٹر خورشید، محمد مطیع الرحمن، مولانا عتیق اللہ، مولانا منت اللہ، منشی شعیب احمد، مولانا نظر الاسلام، محمد اقبال وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
Comments are closed.