اہلِ غزہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ صہیونی عزائم اور فتنہ و فساد کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں:حماس

 

بصیرت نیوزڈیسک

 

اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے غزہ کے پُرعزم اور باوقار عوام، بالخصوص معزز خاندانوں اور قبائل کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر اپنی قومی ہم آہنگی، بلند شعور اور مثالی کردار سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ داخلی محاذ کے محافظ ہیں اور کسی بھی قسم کی بدنظمی یا سماجی شیرازہ بکھیرنے کی کوشش کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

 

حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کا یہ باوقار اور بیدار موقف خواہ وہ صہیونی ریاست کی جانب سے مسلط کی گئی جبری ہجرت کی سازش ہو یا حالیہ دنوں میں دشمن کی ایما پر برپا کی جانے والی لوٹ مار اور چوری چکاری کی وارداتیں درحقیقت غزہ کی داخلی یکجہتی، استقامت اور دشمن کی اندرونی کمزوری پیدا کرنے کی سازش کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہے۔

 

بیان میں کہا گیا کہ جب دشمن فوجی میدان میں ناکام ہو چکا تو اب وہ غزہ کو اندر سے توڑنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن عوام کی ہوشیاری نے اس خواب کو بھی چکناچور کر دیا ہے۔

 

حماس نے ان بااثر خاندانوں اور قبائل کے کردار کو سراہا جنہوں نے قانون شکن عناصر سے اپنی لاتعلقی ظاہر کی، اور سماجی سلامتی کے تحفظ کے لیے امدادی کمیٹیاں تشکیل دینے کی دعوت دی، تاکہ قابض قوت کی طرف سے پھیلائی جانے والی افراتفری اور بدامنی کو روکا جا سکے، جو کہ دشمن کے ڈرونز اور فضائی نگرانی کی آڑ میں کام کرنے والے ایجنٹوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

 

تحریک نے قومی مزاحمت، سلامتی اداروں اور ہر محلے اور گلی کے عوام کے درمیان موجود ہم آہنگی کو سراہا، اور اسے دشمن کے خلاف ایک متحد دفاعی دیوار قرار دیا۔

 

بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی قوم، اپنے تمام طبقوں کے ساتھ، کسی صورت غزہ کو دشمن کے تخریبی منصوبوں کے لیے ایک کھلا میدان نہیں بننے دے گی۔

 

آخر میں حماس نے ذرائع ابلاغ اور عوامی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرتی یکجہتی کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور اُن عناصر کو بے نقاب کریں جو فتنہ و فساد کے منصوبوں کے پیچھے ہیں — کیونکہ ایسی تمام کوششیں صرف اور صرف قابض دشمن کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔

Comments are closed.