بدعنوانی مخالف مہم کشن گنج کی بڑی کارروائی: عام شہری سے مانگی جا رہی تھی رشوت، انصاف دلا کر دی راحت

کشن گنج/چھترگاچھ (پریس ریلیز) بدعنوانی مخالف مہم کشن گنج کے صدر مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے چھترگاچھ پاور ہاؤس میں جاری رشوت خوری کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا۔ بھوٹا تھانہ پنچایت کے ایک شہری نے مولانا موصوف سے ملاقات کر کے شکایت کی کہ اُس نے بجلی کنکشن کے لیے درخواست دی ہے، لیکن متعلقہ محکمہ کا ایک ملازم ₹2000 رشوت کا مطالبہ کر رہا ہے۔
مولانا آفتاب نے اس سنجیدہ شکایت کو فوراً سنجیدگی سے لیا اور میڈیا نمائندگان کے ساتھ پاور ہاؤس کا معائنہ کرنے پہنچے۔ وہاں رشوت مانگنے والا ملازم موجود نہیں تھا۔ مولانا نے وہاں موجود دیگر عملے سے بات چیت کی اور پورے معاملے سے ایس ڈی او ٹھاکرگنج کو فون پر مطلع کیا۔ ایس ڈی او نے یقین دلایا کہ اگر رشوت مانگنے کے ثبوت مہیا کیے جائیں تو متعلقہ ملازم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
عوام کو انصاف دلوایا گیا:
اس کارروائی کے بعد عرضی دہندہ کے کاغذات کی جانچ کی گئی اور جلد کنکشن فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ یہ ایک نمایاں مثال ہے کہ عوام کی بیداری اور تنظیم کی چوکسی سے کس طرح بدعنوانی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے کہا:
”بدعنوانی معاشرے کا ناسور ہے، اور جب تک عوام بیدار ہو کر آواز بلند نہیں کریں گے، یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔ ہم ہر مظلوم کو انصاف دلانے کے لیے پُرعزم ہیں۔“
عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی:
اس اقدام کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔ عام لوگوں نے مولانا آفتاب اور بدعنوانی مخالف مہم کشن گنج کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ اگر اس قسم کی عوامی بیداری جاری رہی تو سرکاری نظام میں شفافیت آئے گی۔
بدعنوانی مخالف مہم کشن گنج کی یہ کارروائی معاشرے کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے، اور یہ پیغام دے رہی ہے کہ اب عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
Comments are closed.