غزہ میں قابض اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں نسل کشی 578 روز میں جاری ، مزید قتل عام

بصیرت نیوزڈیسک
قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کی جنگ 578 ویں دن میں داخل ہو چکی ہے، جب کہ اس میں شدت اُس وقت آئی جب پچاس دن قبل بنجمن نیتن یاھو نے جنگ بندی معاہدے سے یکطرفہ طور پر منحرف ہو کر امریکہ کی مکمل سیاسی و عسکری پشت پناہی کے ساتھ جارحیت دوبارہ شروع کی۔ اس تمام صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی اور بےحسی قابلِ مذمت ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق آج صبح سے غزہ کے مختلف علاقوں میں قابض اسرائیلی افواج نے درجنوں فضائی حملے کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ مارچ کے آغاز سے خوراک کی بنیادی اشیاء کی بندش نے غزہ میں قحط کی بھیانک شکل اختیار کر لی ہے، جس کا سامنا لاکھوں فلسطینیوں کو ہے۔
آج صبح سے کم از کم 9 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ بیت لاہیا میں دوار السلاطین کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے۔
غزہ شہر میں دار الشفاء ہسپتال میں محمد صلاح العرعیر اور باسل البطریخی زخموں تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جنہیں کل الیرموک علاقے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
شعف کے علاقے میں آج صبح قابض اسرائیل کے ڈرون حملے میں ایک اور نوجوان شہید ہوا، جب کہ خان یونس کے مغربی علاقے المواصی میں سابقہ حملے میں زخمی ہونے والا طارق علی محمد مغربی بھی آج دم توڑ گیا۔
اسی طرح 9 سالہ معاذ عبد الرحمن العمور چند روز قبل الفخاری میں اسرائیلی بمباری سے زخمی ہوا تھا جو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
فخاری کے ہی علاقے میں 45 سالہ بشیر محمد عطوہ العمور آج صبح اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
اسرائیلی توپخانے نے آج صبح شمالی غزہ اور مشرقی علاقوں پر شدید گولہ باری کی، جب کہ جنگی کشتیاں السودانیہ کے ساحل پر شیلنگ کرتی رہیں۔
اس کے علاوہ شمالی غزہ میں کئی رہائشی عمارتیں قابض اسرائیلی افواج نے دھماکوں سے اڑا دیں۔
وسطی غزہ میں الزوایدہ کے علاقے میں عائلة حمدان کے گھر پر حملے میں ایہاب حمدان (ابو محمد) اور نظیرہ حمدان (ام محمد) شہید ہو گئیں، جب کہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔
نصیرات کے شمالی علاقے میں بھی قابض اسرائیلی توپخانے نے شدید گولہ باری کی۔
ادھر، خان یونس کے مغرب میں المواصی میں بےگھر افراد کی ایک پناہ گزین خیمے پر بمباری کی گئی، جس میں کمسن عائشہ ہمام ابو نار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
خان یونس کے مہاجر کیمپ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر بھی رات گئے بمباری کی گئی، جس میں ایک شہری زخمی ہوا۔
قابض اسرائیل کی مسلسل بمباری، محاصرے اور قحط نے غزہ کو مکمل انسانی المیے میں تبدیل کر دیا ہے، جب کہ دنیا تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
Comments are closed.