مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

پریس ریلیز

 

اے ایم یوکے اسکالر نے گلف انٹرنیشنل فورم کے سمپوزیم میں آن لائن طریقہ سے اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ویسٹ ایشین اینڈ نارتھ افریقن اسٹڈیز کے ڈاکٹر امتیاز احمد نے گلف انٹرنیشنل فورم کے زیر اہتمام ”مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے حل: خلیجی ریاستوں اور عالمی طاقتوں کا کردار“ کے عنوان پر جارج ٹاؤن یونیورسٹی، واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ ایک سمپوزیم میں آن لائن طریقہ سے اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ ان کے مقالے کا عنوان تھا: یمن کا بحران، بحیرہ احمر کی سلامتی، اور بیرونی طاقتوں کا کردار: امکانات کی تلاش۔

 

مقالے میں بحیرہ احمر کے خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورت حال، بالخصوص یمن میں جاری تنازعہ، آبنائے باب المندب کی اہمیت اور امریکہ، چین، ایران اور خلیجی ریاستوں کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

 

………………………….

 

اے ایم یو کے شعبہ تاریخ میں یوجی سی-نیٹ /جے آرایف میں کامیاب ہونے والے 25 طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ تاریخ، سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی نے ایک خصوصی تقریب منعقد کی جس میں دسمبر 2024 میں منعقدہ یوجی سی- نیٹ /جے آر ایف امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے 25 طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔

 

صدر شعبہ پروفیسر حسن امام نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ شعبہ تاریخ سے کامیاب ہونے والے طلبہ کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

 

اس سے قبل پروگرام کے کنوینر پروفیسر پرویز نذیر نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کامیاب طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔انھوں نے کہا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور کسی بھی ہدف کے حصول کے لیے لگن اور مسلسل کوشش ضروری ہے۔ ڈاکٹر محمد نذر الباری نے کلمات تشکر ادا کئے۔

 

………………………….

 

اے ایم یو کے ایس ٹی ایس اسکول میں بین الاقوامی یوم یوگ سے ماقبل یوگ پر مبنی ہفت روزہ سرگرمیوں کا اہتمام

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایس ٹی ایس اسکول نے بین الاقوامی یوم یوگ 2025 کی تیاریوں کی کڑی میں یکم مئی سے 5 مئی تک طلبہ میں جسمانی اور ذہنی صحت کے فروغ کے لیے یوگ کی افادیت کو اجاگر کرنے والی سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔

 

یکم مئی کو ”صحت و سکون کے لیے یوگ“ موضوع پر پوسٹر سازی کا مقابلہ ہوا۔ اساتذہ کی رہنمائی میں مختلف درجات کے طلبہ محمد شاکر، محسنہ رحمان، محمد عدنان خان اور محمد عاصم نے دلکش پوسٹرز تیار کیے جن میں یوگ کے مختلف آسنوں اور ان کی افادیت کو اجاگر کیا گیا۔

 

یوگ آسنوں کے عملی مظاہرے میں طلبہ کو ابتدائی یوگ آسنوں جیسے پدم آسن، بھُجنگ آسن، تڑآسن اور شَوآسن سے روشناس کرایا گیا۔ اس سیشن کی نگرانی کھیل کے اساتذہ محمد عدنان خان اور محمد عاصم نے کی، جنہوں نے درست انداز اور سانس لینے کی تکنیکوں پر زور دیا، جبکہ غزالہ تنویر نے ہر آسن کی تاریخ اور فوائد پر روشنی ڈالی۔

 

بعد ازاں یوگ کے حوالے سے ایک معلوماتی کوئز مقابلہ منعقد ہوا جس میں 50 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ اس میں یوگ کی تاریخ، مختلف آسن، سانس لینے کی تکنیک اور بین الاقوامی یوم یوگ کی اہمیت جیسے موضوعات شامل تھے۔

 

سرگرمیوں کا اختتام یوگ بیداری ریلی کے ساتھ ہوا۔ طلبہ، اساتذہ اور عملہ کے اراکین، بینرز کے ساتھ نعرے بلند کرتے ہوئے اسکول اور آس پاس کے علاقوں سے گزرے اور یوگ کی افادیت کے پیغام کو عام کیا۔

 

پرنسپل جناب فیصل نفیس نے یوگ کو عصر حاضر میں ذہنی دباؤ کو قابو میں رکھنے، یکسوئی بڑھانے اور جسمانی قوتِ برداشت میں اضافے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ و اساتذہ کی محنت کو سراہا اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ یوگ کو روزمرہ کے معمول کا حصہ بنائیں۔

 

………………………….

 

اے ایم یو گرلز اسکول میں ڈینٹل ہیلتھ کیمپ کا انعقاد

 

علی گڑھ، 7مئی: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیریوڈونشیا و کمیونٹی ڈینٹسٹری نے اے ایم یو گرلز اسکول میں ایک ڈینٹل ہیلتھ کیمپ منعقد کیا۔

 

ڈاکٹر پرمود کمار یادو اور ڈاکٹر سید امان علی کی نگرانی میں جونیئر ریزیڈنٹس اور انٹرنز کی ایک ٹیم نے 240 طلبہ کے دانتوں کا معائنہ کیا اور ٹوتھ برش اور ٹوتھ پیسٹ تقسیم کیے۔ ڈاکٹر پرمود کمار یادو نے معلوماتی گفتگو کرتے ہوئے منھ کی صفائی برقرار رکھنے اور کم عمری سے ہی صحت مند طرز زندگی اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ جن طلبہ میں دانتوں کے مسائل پائے گئے، انہیں مزید علاج کے لیے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج و اسپتال ریفر کیا گیا۔

 

صدر شعبہ ڈاکٹر نیہا اگروال نے اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسکول کے بچوں تک رسائی نہ صرف فوری مسائل کو حل کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ زندگی بھر کے لیے منھ کی صحت کے سلسلہ میں انھیں با شعور بناتی ہے۔

 

اس کیمپ کو اے ایم یو گرلز اسکول کی پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔

 

………………………….

 

اے ایم یوکے کالج آف نرسنگ میں سائبر کرائم کے سلسلہ میں بیداری پروگرام منعقد

 

علی گڑھ، 7مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کالج آف نرسنگ نے سائبر کرائم اکائی، علی گڑھ اور امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے طلبہ کے لیے ایک سائبر کرائم بیداری پروگرام منعقد کیا۔ کالج آف نرسنگ کی جنرل ٹیوٹر محترمہ مہوش مسیح نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

 

سائبر کرائم اکائی کی محترمہ کُسُم لتا نے مالی دھوکہ دہی اور سوشل میڈیا جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پرائیویسی سیٹنگز کی اہمیت، سائبر بُلیئنگ کے خطرات، اور بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر والدین کی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ہیڈ کانسٹیبل،سائبر کرائم یونٹ مسٹر وپن کمار پال نے مختلف اقسام کے سائبر جرائم جیسے مالی فراڈ، ڈیجیٹل گرفتاری کے جھانسے، اور ٹریڈ مارک سے متعلق جرائم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان جرائم سے بچاؤ کے طریقے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات کی۔

 

نرسنگ کالج کی پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی نے ٹکنالوجی کے دوہرے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جہاں ٹکنالوجی نے زندگی کو آسان بنایا ہے، وہیں یہ نئی کمزوریاں بھی پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی شعور اور ڈیجیٹل وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ڈاکٹر مدھو اپادھیائے نے سائبر خطرات کے خلاف احتیاطی حکمت عملیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ جے این میڈیکل کالج واسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد ثاقب نے طب اور تعلیم کے شعبوں میں سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے خدشات پر گفتگو کی۔

 

مہمان اعزازی محترمہ ممتا کُریل، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سائبر کرائم نے سائبر کرائم کے متاثرین کی حقیقی کیس اسٹڈیز پیش کیں۔

 

مہمان خصوصی پروفیسر محمد حبیب رضا، ڈین فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل جے این میڈیکل کالج نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ہم سب کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی ایک طاقتور ذریعہ بھی ہو سکتی ہے اور ایک ممکنہ خطرہ بھی۔

 

پروگرام میں کالج آف نرسنگ کے اساتذہ، سائبر کرائم یونٹ کے اہلکار، اور امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نمائندے جناب ندیم انجم، ڈاکٹر انشومن، ڈاکٹر مدھو اپادھیائے اور ڈاکٹر محمد ثاقب بھی موجود رہے۔

 

………………………….

 

اے ایم یو کے فیکلٹی ممبر نے نینی تال اکیڈمی میں ڈیٹا اینالیسز پر لیکچر دیا

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ نفسیات کے پروفیسر ایس ایم خان نے حکومت اتراکھنڈ کے زیر انتظام نینی تال میں واقع اتراکھنڈ اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن میں ”پالیسی فیصلوں کے لیے ڈیٹا اینالیسز: ایک عملی طریقہ کار“ کے عنوان پر ایک لیکچر دیا۔ اس سیشن میں ریاست کے مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے شماریاتی افسران نے شرکت کی۔

 

پروفیسر خان نے حقیقی دنیا میں ڈیٹا اینالیسز کے اطلاق پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شرکاء کو جمووی اوپن سورس اور صارف دوست شماریاتی سافٹ ویئر کے استعمال کی تربیت دی۔ انہوں نے انٹرایکٹیو سیشن اور ڈیٹاسیٹس کے ذریعے بنیادی اور اعلیٰ شماریاتی تکنیکوں کی مؤثر انداز میں وضاحت کی۔

 

………………………….

 

اے ایم یو انّوویشن فاؤنڈیشن نے اسٹارٹ اپ اور انتریپرینیئرشپ کو فروغ دینے کے لئے ”آبھار 1.0“کا اہتمام کیا

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) انوویشن فاؤنڈیشن نے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کے اقدام ندھی کے تعاون سے ”آبھار 1.0“ کے نام سے اسٹارٹ اپ، جدت طرازی اور انتریپریئنرشپ کے فروغ پر مرکوز ایک اہم تقریب یونیورسٹی بوائز پولی ٹیکنک کے اسمارٹ کلاس روم میں منعقد کی۔ اس میں ابھرتے ہوئے کاروباری اور جدت پسندافراد، اساتذہ اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔

 

پروگرام کا آغاز فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر پروفیسر سید فہد انور کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جس میں انہوں نے شرکاء کو اے ایم یو انکیوبیٹر کے تحت دستیاب سہولیات اور سیڈ فنڈنگ کے مواقع سے آگاہ کیا۔

 

اس موقع پر سرمایہ کار اور انتریپرینیئرجناب شیلندر کمار شرما اور ٹیکس بیٹا کے شریک بانی و سی ای او جناب قمرالحسن نے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، سرمایہ کاری کی حکمت عملی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے رجحانات، اور ٹکنالوجی کے ذریعے کاروباری جدت میں پیش رفت جیسے موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔

 

ایک خصوصی رہنمائی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء کو مقررین سے براہ راست بات چیت کا موقع ملا اور کاروبار کو وسعت دینے اور ابتدائی چیلنجز سے نمٹنے کے عملی مشورے دیے گئے۔

 

پروفیسر محمد سجاد اطہر، ڈائریکٹر کوآرڈینیٹر، انوویشن کونسل و یونیورسٹی انکیوبیشن سینٹر، اور ڈائریکٹر، اے ایم یو انّوویشن فاؤنڈیشن نے مہمان مقررین کو یادگاری نشان پیش کئے اور ڈاکٹر سید جاوید رضوی کے ساتھ مل کر اے ایم یو انوویشن فاؤنڈیشن کے تحت رجسٹرڈ اسٹارٹ اپس کو اسناد تقسیم کیں۔

 

ڈاکٹر رضوی نے کلمات تشکر ادا کئے۔

 

………………………….

 

اے ایم یو کے شعبہ علم الامراض میں آنتوں کی بیماریوں پر خصوصی لیکچر کا اہتمام

 

علی گڑھ، 7 مئی: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ علم الامراض میں آنتوں کی عام بیماریوں پر شعبہ کے پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کے لئے ڈاکٹر بشریٰ صدیقی، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ پیتھالوجی، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے خصوصی لیکچر دیا۔

 

ڈاکٹر بشریٰ صدیقی نے جے این ایم سی سے ایم بی بی ایس کے بعد پیتھالوجی میں ایم ڈی کیا ہے۔ انھوں نے گیسٹروانٹسٹائنل نظام جیسے غذائی نالی، معدہ، چھوٹی آنت، بڑی آنت، اور اپنڈکس وغیرہ پر گفتگو کی اور مختلف پیتھالوجیکل حالات سے موازنہ کیا۔ لیکچر میں گیسٹرائٹس، پیپٹک السر اور معدے کے ایڈینو کارسینوما کا احاطہ کیا گیا۔ڈاکٹر صدیقی نے کینسر ہسٹوپیتھالوجی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے آنت اور معدہ کی مختلف بیماریوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا فرق بھی بیان کیا۔ لیکچر کے بعداکیوٹ اپنڈیسائٹس پر مبنی ایک اسپوٹر سیشن ہوا۔

 

سیشن کی صدارت پروفیسر عرفان احمد، صدر شعبہ ماہیت الامراض، اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج، پریاگ راج نے کی۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر حنا کفیل نے انجام دئے۔ کوآرڈنیٹر ڈاکٹر ندا سلطانہ تھیں۔

 

………………………….

 

لِنک لاک گروپ نے اے ایم یو کے شعبہ کارڈیو تھوریسک سرجری کو 25 لاکھ روپے مالیت کے طبی آلات عطیہ کئے

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ کے معروف کاروباری ادارے لِنک لاک گروپ نے ایک عظیم فلاحی اقدام کے تحت جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کارڈیو تھوریسک سرجری کو 25 لاکھ روپے مالیت کے جدید طبی آلات عطیہ کئے۔

 

اس موقع پر صدر شعبہ پروفیسر محمد اعظم حسین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عطیہ شعبے کی قلبی نگہداشت کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا، جے این ایم سی ایچ اس وقت مغربی اترپردیش کا اہم قلبی مرکز ہے، جہاں کم خرچ میں جدید انداز میں کارڈیک سرجری اور بچوں کی پیچیدہ پیدائشی قلبی سرجریاں انجام دی جاتی ہیں، اور شاندار طبی نتائج حاصل کیے جا رہے ہیں۔

 

ڈاکٹر شمائل ربانی نے لِنک لاک گروپ اور شعبے کے درمیان طویل روابط کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گروپ مستقل طور پر نادار مریضوں کے لیے مفت ادویات اور سرجریوں کی سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔ان کا یہ عطیہ بچوں کی جان بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

 

ڈاکٹر عامر محمد نے بتایا کہ گروپ کی طرف سے فراہم کردہ طبی ساز و سامان کی مالیت 25 لاکھ روپے ہے، جو مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

پروفیسر ایم ایچ رضا، پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جے این ایم سی ایچ نے اس اشتراک و تعاون کے لئے شعبے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی امداد حاصل کر کے طبی خدمات کو مستحکم بنانا لائق تحسین اقدام ہے۔

 

پروفیسر امجد علی رضوی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جے این ایم سی ایچ نے بھی اس فلاحی پیش رفت پر ممنونیت کا اظہار کیا۔

 

………………………….

 

اے ایم یو کی رالے لٹریری سوسائٹی کے تحت تقسیم انعامات تقریب منعقد

 

علی گڑھ، 7 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کی رالے لٹریری سوسائٹی نے تعلیمی سیشن 2024-25 کے دوران منعقد ہونے والے مختلف ادبی و ثقافتی مقابلوں کے فاتحین کے لیے انعامی تقریب کا انعقاد کیا۔

 

سوسائٹی کے ایڈوائزر ڈاکٹر ریحان رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوسائٹی نوجوان ذہنوں کو نکھارنے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو دریافت کر کے انھیں پروان چڑھائیں۔

 

سوسائٹی کی ایگزیکیٹوکمیٹی کی رکن خدیجہ عفت نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور مختلف مقابلوں کے فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔

 

گزشتہ تعلیمی سال کے دوران، سوسائٹی نے 26 سے 29 اکتوبر 2024 تک رالے ادبی ہفتہ کا اہتمام کیا، جس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے چار سو سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ فروری 2025 میں آن لائن ادبی مقابلے منعقد کیے گئے۔ انعامی تقریب کے دوران مختلف زمروں میں چالیس سے زائد طلبہ کو اسناد اور یادگاری تحائف سے نوازا گیا۔

 

سوسائٹی کی جوائنٹ سکریٹری وافیہ عامر نے فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا۔

 

تقریب میں ایم اے (انگریزی) سال اوّل کی طالبات اسنا مسعود اور طیبہ زہرہ نے دل کو چھو لینے والی نظمیں پیش کیں، جبکہ سال آخر کی طالبات فرحین صحبان، سیدہ کلثوم، اور الوفا ای محمد نے ”دی میکبتھس گو ٹو تھیراپی“ کے عنوان سے ایک ڈراما پیش کیا۔

 

سوسائٹی کے سکریٹری شمس الضحیٰ خان نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ تقریب کی نظامت افرح ناز اور سیرت ہمدانی نے کی۔

 

سوسائٹی کی خازن علیزہ جاویدنے سرپرستی اور رہنمائی کے لئے چیئرپرسن پروفیسر شاہینہ ترنم اور دیگر اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔

 

………………………….

 

اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز، پرائمری سیکشن کی طالبات نے ایتھلیٹکس میٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عزت افزائی تقریب منعقد

 

علی گڑھ، 7 مئی: گیمز کمیٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایتھلیٹکس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ 97ویں انٹر ہال ایتھلیٹکس میٹ 2025 میں اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز کی پرائمری سیکشن کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جن کی عزت افزائی کے لیے گزشتہ 6 مئی کو اسکول کی جانب سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

 

قابل ذکر ہے کہ مذکورہ ایتھلیٹک مقابلے میں کامیاب ہونے والی طالبات میں پانچویں جماعت کی طالبہ ہنی زہرہ نے 200 میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ ان کی ہم جماعت علینہ پروین نے 400 میٹر میں چاندی اور 200 میٹر میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ تیسری جماعت کی طالبہ ونشیکا شرما نے 800 میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، اور دوسری جماعت کی زینبیہ فاطمہ نے 5000 میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اسی طرح شیتل کماری نے 100 میٹر دوڑ میں کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔

 

وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے ان ہونہار طالبات کو اسناد اور تمغے پیش کیے اور ان کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان طالبات نے ثابت قدمی اور صلاحیت کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے اور اسکول کا نام روشن کیا ہے۔

 

اسپورٹس ٹیچر مسٹر شمشاد نثار اعظمی نے بتایا کہ یہ پہلا موقع تھا جب پرائمری سطح کی طالبات نے یونیورسٹی سطح کے ایتھلیٹکس مقابلے میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کیا، جو ایک قابل فخر پیش رفت ہے۔

 

اعزازی تقریب میں اسکول کی معلمات محترمہ شاہین، محترمہ شائستہ، محترمہ حمیرا، محترمہ شہیرہ، محترمہ نکہت، محترمہ افروز، محترمہ زیبا، محترمہ ندا،محترمہ شکیلہ، محترمہ صبا اور دیگر افراد موجود تھے جنھوں نے طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

 

Comments are closed.