ریاستی حکومت فوری طور پر بہار مدرسہ بورڈ میں چیئرمین بحال کرے: نظرعالم

 

بھاجپا کے دباؤ میں نتیش کمار اقلیتی اداروں کو نظرانداز کررہے ہیں: بیداری کارواں

 

دربھنگہ: بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ میں چیئرمین کی کرسی برسوں سے خالی ہے۔ جسے سکریٹری بنایا جاتا ہے یا بورڈ کے نگرانی کی ذمہ داری دی جاتی ہے وہ روزانہ بورڈ کو لوٹنے اور ختم کرنے کی طرف لے جارہے ہیں۔ نہ مدرسہ کی ترقی کے لیے کوئی کام ہوپا رہا ہے، نہ مدرسہ کی خالی سیٹوں پر اساتذہ کی بحالی کیلئے کوئی کام کیا جارہا ہے اور نہ ہی مدرسہ کے اساتذہ کے مفاد میں کوئی کام ہورہا ہے۔ چنانچہ مسلمانوں کا ماننا ہے کہ حکومت بہار کے سربراہ نتیش کمار بی جے پی کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں، اس لیے وہ مسلمانوں سے متعلق اداروں کو نہ صرف نظرانداز کررہے ہیں بلکہ اقلیتی اداروں کو تقریباً بند کرنے کی طرف لے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نظرعالم نے مزید کہا کہ مسلمان اب ماننے لگے ہیں کہ نتیش کمار کا سوشلزم فرضی ہے اور نتیش کمار بی جے پی کے دباؤ میں کام کررہے ہیں۔ اگر نتیش کمار واقعی بی جے پی کے دباؤ میں کام نہیں کررہے ہیں تو انہیں فوری طور پر مدرسہ ایجوکیشن بورڈ میں چیئرمین بحال کرنا چاہئے جو اس وقت برباد ہوتا نظر آریا ہے، ساتھ ہی تمام اقلیتی اداروں کے ساتھ انصاف کریں تاکہ اقلیتوں کا حکومت پر اعتماد قائم رہے۔

Comments are closed.