مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اے ایم یو کی اوّلین خاتون وائس چانسلر کی تقرری کو درست ٹھہرایا
علی گڑھ، 17 مئی: الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے ایک تاریخی فیصلے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر کے طور پر پروفیسر نعیمہ خاتون کی تقرری کو چیلنج کرنے والی تمام درخواستیں خارج کرتے ہوئے ان کی تقرری کو درست ٹھہرایاہے۔
ایک ممتاز علمی شخصیت پروفیسر نعیمہ خاتون جو اے ایم یو کے ویمنس کالج کی سابق پرنسپل ہیں، نے یونیورسٹی کی سو سال سے زائد کی تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر بن کر تاریخ رقم کی۔ عدالت نے اس تقرری کی معنویت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم صنفی شمولیت اور اعلیٰ تعلیم میں خواتین کی قیادت کو فروغ دینے کے آئینی مقصد کی جانب ایک مؤثر پیش رفت ہے۔
عزت مآب جسٹس اشونی کمار مشرا اور عزت مآب جسٹس ڈی رمیش کی ڈویژن بینچ نے وائس چانسلر کے انتخاب کے پورے عمل کا گہرائی سے جائزہ لیا اور یہ فیصلہ صادر کیا کہ اس عمل میں اے ایم یو ایکٹ، اور ضوابط و قواعد کے تحت مقرر کردہ تمام طریقہ کار کی مکمل پاسداری کی گئی۔ عدالت نے اس بات کو تسلیم کیا کہ اگرچہ پروفیسر خاتون کے شوہر پروفیسر محمد گلریز نے قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے ایگزیکیٹیو کونسل اور یونیورسٹی کورٹ کی میٹنگز کی صدارت کی، تاہم ان کا کردار محدود تھا اور انھوں نے انتخاب کے کثیر سطحی، جمہوری عمل کو متاثر نہیں کیا۔
عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وائس چانسلر کی تقرری کا حتمی اختیار یونیورسٹی وزیٹر یعنی عزت مآب صدر جمہوریہ ہند کو حاصل ہے، اور اس سطح پر کسی بدنیتی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔ فیصلے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پروفیسر نعیمہ خاتون کی قابلیت اور اہلیت پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے، اور ان کی تقرری، جو ملک کی اعلیٰ ترین آئینی اتھارٹی کی منظوری سے ہوئی ہے، احترام اور اعتراف کی مستحق ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”میں ہمیشہ عدلیہ کی آزادی اور اس کی دیانت داری کا بہت احترام کرتی ہوں اور اس پر مکمل اعتماد رکھتی ہوں۔ یہ فیصلہ صرف میری ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی نظام میں ادارہ جاتی عمل اور جمہوری اقدار کی توثیق ہے۔ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی خدمت اخلاص، شفافیت، اور جامع علمی ترقی کے وژن کے ساتھ جاری رکھوں گی۔ میری یہی تمنا ہے کہ یہ فیصلہ سبھی متعلقین کے لیے اعتماد کا باعث بنے اور علم، انصاف اور ترقی کی ہماری مشترکہ میراث کو برقرار رکھنے کے مشن کی تجدید کرے“۔
………………………………………
پروفیسر اسد یو خان، ممتاز ایرانی بایوٹیک مرکز میں اعزازی وزٹنگ کنسلٹنٹ اور مینٹور مقرر
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بایوٹکنالوجی یونٹ کے فیکلٹی ممبر پروفیسر اسد یو خان کو ایران کے صوبہ بوشہر کے شہر ’جم‘ میں واقع یختہ سازان جاوان جم بایوٹکنالوجی کمپنی میں اعزازی وزٹنگ بایوٹکنالوجی کنسلٹنٹ اور مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔ یہ دو سالہ تقرری بایوٹکنالوجی کے شعبے میں ان کی جدید تحقیق اورٹکنالوجی میں اختراعی خدمات کے اعتراف میں عمل میں آئی ہے۔
یختہ سازان جاوان جم ایک معروف بایوٹیک اسٹارٹ اپ مرکز ہے، جو زرعی جدت اور سمندری بایوٹکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ پروفیسر خان اس کمپنی کو کرس پی آر اور دیگر جینیاتی ایڈیٹنگ ٹکنالوجیز میں اپنی مہارت کی بدولت بایوٹیک مصنوعات کی ترقی اور ان کے تجارتی پہلوؤں سے کے سلسلہ میں مشورے دیں گے۔
………………………………………
اے ایم یو اور اس کے مراکز میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے یونیورسٹی اور اس کے زیر انتظام ملا پورم، مرشد آباد اور کشن گنج مراکز کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے جو 5 جون سے 15 جولائی 2025 تک رہیں گی۔ یہ تعطیلات اے ایم یو کے زیر انتظام اسکولوں پر نافذ نہیں ہیں۔
اے ایم یو وائس چانسلر نے ان تعطیلات کی توثیق کرتے ہوئے فیکلٹی آف میڈیسن، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پیرا میڈیکل کالج اور کالج آف نرسنگ کے لیے بھی موسم گرما کی تعطیلات کے شیڈول کو منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیکلٹی آف میڈیسن میں اساتذہ کے لیے تعطیلات کا پہلا مرحلہ 18 مئی تا 23 جون 2025 اور دوسرا مرحلہ 25 جون تا 31 جولائی 2025 رہے گا۔ 24 جون 2025 کو مشترکہ ورکنگ ڈے رہے گا۔
ایم بی بی ایس میں فرسٹ پروفیشنل بیچ 2024، سیکنڈ پروفیشنل بیچ 2023، اور فائنل پروفیشنل پارٹ اوّل بیچ 2022 کے طلبہ کے لئے تعطیلات یکم جون تا 10 جون 2025 رہیں گی، جب کہ فائنل پروفیشنل پارٹ دوم، بیچ 2021 کے لئے تعطیلات یکم جون تا 15 جون 2025 رہیں گی۔
بی ڈی ایس میں سال اوّل بیچ 2024، سال دوم بیچ 2023، سال سوم بیچ 2022 کے طلبہ کے لئے تعطیلات یکم جون تا 20 جون 2025 ہوں گی، جب کہ سال آخر، بیچ 2021 کے لئے تعطیلات 11 جون تا 30 جون 2025 رہیں گی۔
پیرا میڈیکل کورسز (ڈپلوما/ بی ایس سی) کے طلبہ کی تعطیلات 21 جون تا 10 جولائی 2025 اور بی ایس سی نرسنگ کے طلبہ کی تعطیلات 28 جون تا 7 جولائی 2025 ہوں گی۔
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے اساتذہ کے لئے تعطیلات کا پہلا مرحلہ 2 جون تا 8 جولائی 2025 اور دوسرا مرحلہ 10 جولائی تا 15 اگست 2025 رہے گا۔ 9 جولائی 2025 کو مشترکہ ورکنگ ڈے قرار دیا گیا ہے۔
پری طب اور سبھی بی یو ایم ایس بیچز کے طلبہ کی تعطیلات این سی آئی ایس ایم کے اکیڈمک کیلنڈر کے مطابق 2 جون تا 22 جون 2025 رہیں گی۔
………………………………………
اے ایم یو کی پروفیسر نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ویسٹ ایشین و نارتھ افریقن اسٹڈیز کی پروفیسر رخشندہ فاروق فاضلی نے امریکہ کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں منعقدہ گلف اسٹڈیز سمپوزیم2025 کے دوران”کثیر قطبی دنیا: امریکہ و چین کی رقابت اور ابھرتی ہوئی طاقتوں کا خلیجی استحکام پر اثر اور مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا حل“ موضو ع پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔
اپنے مقالے میں انہوں نے امریکہ اور چین کے مابین بڑھتی ہوئی رقابت کے خلیجی ممالک اور وسیع تر مشرق وسطیٰ کی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر پڑنے والے استراتیجی اثرات کا گہرائی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ہندوستان، روس، اور ترکی جیسی ابھرتی ہوئی طاقتوں کے کردار پر روشنی ڈالی، جو علاقائی سفارتی اتحاد کو نئے سانچے میں ڈھالنے اور روایتی بالادستی کو چیلنج کررہے ہیں۔
پروفیسر فاضلی نے اے ایم یو کی بین الاقوامی علمی رسائی میں وسعت اور عالمی سطح پر اہم مسائل سے یونیورسٹی کی سنجیدہ وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی خطہ تیزی سے ایک کثیر قطبی اسٹریٹیجک خطے میں تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس امر کی نشان دہی کی کہ خطے کے ممالک عالمی غیریقینی حالات کے پیش نظر اپنی خارجہ پالیسیوں کو ازسرنو ترتیب دے رہے ہیں۔
………………………………………
اے ایم یو کے 13 پیرامیڈیکل انٹرنز کو ڈی سی ڈی سی کڈنی کیئر نے ملازمت کے لئے منتخب کیا
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پیرا میڈیکل کالج کے ڈائلیسز تھیریپی ٹکنالوجی پروگرام کے پندرہ انٹرن میں سے 13کو ڈائلیسز خدمات فراہم کرنے والی ملک کی معروف کمپنی ڈی سی ڈی سی کڈنی کیئر نے ایک بھرتی مہم کے دوران ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔
یہ پلیسمنٹ مہم، پیرا میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر قاضی احسان علی اور یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) جناب سعد حمید کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ اس کا مقصد ڈائلیسز تھیریپی ٹکنالوجی کورس کے پہلے بیچ کے طلبہ کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنا تھا، جو اس وقت اپنی انٹرن شپ مکمل کر رہے ہیں اور جولائی 2025 کے آخر تک فارغ التحصیل ہوں گے۔
ڈی سی ڈی سی کڈنی کیئرکو 2009 میں مسٹر اسیم گرگ اور مسٹر اکشت گرگ نے قائم کیا جس کے ملک بھر میں دو سو سے زائد مراکز ہیں اور وہ سالانہ تقریباً 10 لاکھ ڈائلیسز مریضوں کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔ کمپنی کے نمائندگان مسٹر شیخ سعدی اور مسٹر سفیان نے اس پلیسمنٹ مہم میں شرکت کی اور طلبہ کی تربیت کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پروفیسر قاضی احسان علی نے کالج کی کارکردگی اور پیش رفت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے منتخب طلبہ اور ان کی رہنما اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ انشاء فیروز کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مسٹر سعد حمید کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے پلیسمنٹ مہم کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔
………………………………………
اے بی کے ہائی اسکول گرلز، اے ایم یو میں عالمی یوم یوگ کی مناسبت سے ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے بی کے ہائی اسکول برائے طالبات میں بین الاقوامی یوم یوگ کی مناسبت سے چار روزہ یوگ ورکشاپ منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز جماعت دہم کی طالبات کی جانب سے خصوصی اسمبلی سے ہوا، جس میں عالمی یوم یوگ کی تاریخ اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد طالبات نے اسپورٹس ٹیچر جناب ذیشان نواب کی رہنمائی میں مختلف یوگ آسن کئے۔ اس موقع پر ہر آسن کے جسمانی اور دماغی فوائد بھی بیان کیے گئے۔ چار روزہ ورکشاپ کے دوران یوگ آسن، مراقبہ سمیت مضمون نویسی، تقریری مقابلے اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اساتذہ نے بھی اس میں فعال ہو کر شرکت کی۔
اسکول کی وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے طالبات کو صحت مند زندگی اور بہتر توجہ کے لیے یوگ کو روزمرہ کی معمولات کا حصہ بنانے کی ترغیب دی۔ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرحت پروین نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
………………………………………
اے ایم یو میں ایم بی اے کے طلبہ کی الوداعی تقریب منعقد
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ایم بی اے سال اوّل کے طلبہ نے ایم بی اے سال آخر کے طلبہ کے لئے ایک رنگا رنگ الوداعی تقریب الوداع فیسٹا کے عنوان سے منعقد کی۔
تقریب کا آغاز انس ابراہیم اور ودود ارتضیٰ کی دل کو چھو لینے والی نظم سے ہوا، جس کے بعد عبد الاحد رؤف اور اسجد علی کی موسیقی ریز پیشکش نے سبھی کو محظوظ کیا۔ ”ڈیئر ڈیول“ اور ”ریپیڈ فائر راؤنڈ“ نے بھی تقریب کی رونق دوبالا کی۔ پرشانت سنگھ بگھیل کے پُراثر مونولاگ اور لکی ڈرا راؤنڈ، جسے فراز انیس نے جیتا، نے تقریب کو پرکشش بنا یا۔
اس موقع پر 30 اپریل 2025 کو سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر آفاق خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ارحم اللہ خاں نے اپنی تقریر میں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی، جس کے بعد انھیں اعزازسے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران مسٹر ایوننگ کا اعزاز اسجد علی کو ملا، جب کہ مس ایوننگ کا خطاب مشترکہ طور پر سحر فرخ اور مہوش فاطمہ کو دیا گیا۔ محمد زید خان کو مسٹر فیئرویل اور سودہ وکیل کو مس فیئرویل قرار دیا گیا۔
صدر شعبہ پروفیسر سلمیٰ احمد نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں سے اظہار کیا۔
تقریب کی نظامت ماریہ عالم اور حسن محمد خان نے مشترکہ طور سے کی جب کہ یسریٰ نجم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
………………………………………
اے ایم یو کے شعبہ طبیعیات میں عالمی یومِ روشنی پر سائنسی تقریب منعقد
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ طبیعیات نے عالمی یومِ روشنی (انٹرنیشنل ڈے آف لائٹ) کو علمی اور سائنسی انداز میں منایا۔ یونیسکو کے زیر اہتمام شعبے کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اس پروگرام نے سائنس و ٹکنالوجی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے سلسلہ میں یونیورسٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔
1960 میں ماہر طبیعیات تھیوڈور میمن کے ذریعے پہلے کامیاب لیزر آپریشن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہر سال 16 مئی کو عالمی یومِ روشنی منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد روشنی اور روشنی پر مبنی ٹیکنالوجیز کے سائنسی، تعلیمی، ثقافتی استعمال اور پائیدار ترقی اور امن میں اس کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
پروفیسر انیس العین عثمانی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سائنسی تعلیم اور تحقیق میں شعبہ کی شاندار روایت پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر گوتم سنگھ،ایمیٹی انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز، امیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا نے ”روشنی کے ساتھ مائع کرسٹل: اکیڈمیا سے صنعت تک“ کے عنوان پر کلیدی خطبہ دیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح روشنی اور مائع کرسٹل ٹکنالوجی کا امتزاج بنیادی سائنسی تحقیق سے لے کر صنعتی اطلاق تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا:”روشنی محض مشاہدے کی شے نہیں، بلکہ ایک ایسی زبان ہے جو فطرت، اختراع اور انسانی ترقی کو آپس میں جوڑتی ہے“۔
فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر سرتاج تبسم نے سائنسی شعور اجاگر کرنے کے سلسلہ میں شعبہ کی کوششوں کو سراہا، جبکہ شعبے کے سینئر ترین استاد پروفیسر بی پی سنگھ نے روشنی اور توانائی کے باہمی تعلق، پارٹیکل دوگانگی -ویو، اور طبیعیات میں روشنی کے بنیادی کردار پر مدلل گفتگو کی۔
ڈاکٹر جے پرکاش،رکن، انڈین نیشنل ینگ اکیڈمی آف سائنسز نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دئے۔
Comments are closed.