مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

اے ایم یو کے سرسید ہال (نارتھ) میں ’ون مہوتسو‘ کے تحت شجرکاری مہم

 

علی گڑھ، 4 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سر سید ہال (نارتھ)میں ملک گیر ’ون مہوتسو‘ کے تحت ایک شجر کاری مہم منعقد کی گئی، جو ماحولیاتی تحفظ کے تئیں اے ایم یو کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

 

شجرکاری مہم میں پروفیسر محمد گلریز (شعبہ ویسٹ ایشین و نارتھ افریقن اسٹڈیز)، پروفیسر ایم وسیم علی (پراکٹر)، پروفیسر محمد شمیم (چیئرمین، شعبہ تپ دق و امراض سینہ)، پروفیسر انور شہزاد (ممبر انچارج، لینڈ اینڈ گارڈنز)، ڈاکٹر مصطفیٰ کمال (ایسوسی ایٹ پروفیسر، سعودی الیکٹرانک یونیورسٹی، دمام، سعودی عرب) اور پرووسٹ پروفیسر آدم ملک خاں وغیرہ نے حصہ لیا۔ ہال کے وارڈنز، سینئر ہال مسٹر عامر سہیل، عملہ کے دیگر اراکین اور طلبہ اس موقع پر موجود رہے۔ مہمانوں نے ہال کے احاطے میں مختلف اقسام کے پودے لگائے۔

 

اس موقع پر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ درخت لگانا، نسلوں کے لیے امید کے پودے لگانے کے مترادف ہے۔ آج کا ہمارا یہ چھوٹا سا قدم، ایک سرسبز اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے مرکز برائے تعلیم بالغاں میں ’ماں اور بچے کی نگہداشت‘ پر لیکچر کا اہتمام

 

علی گڑھ، 4 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مرکز برائے تعلیم بالغاں (سی سی اے ای ای) کے زیر اہتمام ’ماں اور بچے کی نگہداشت‘ کے موضوع پر معروف ماہر امراض اطفال، پروفیسر ایس مناظر علی (شعبہ امراض اطفال، جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو) نے لیکچر دیا۔

 

پروفیسر مناظر علی نے اپنے خطاب میں ہندوستان میں زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق اہم نکات پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً27 ملین خواتین حاملہ ہوتی ہیں، جن میں سے 26ملین خواتین زندہ بچوں کو جنم دیتی ہیں۔ ملک میں زچگی کے دوران زچہ اور بچہ کی شرح اموات زیادہ ہے جسے کم کرنے کے لئے خواتین میں بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ زچگی کے دوران خواتین کو بستر پر لیٹے رہنے کے بجائے حرکت کرتے رہنا چاہیے، کیونکہ حرکت کرنے سے زچگی کے تجربے میں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے نوزائیدہ کے یرقان کی بڑھتی ہوئی شرح پر بھی گفتگو کی اور بتایا کہ زچگی کے بعد اسپتال سے جلد رخصتی کا رجحان بڑھ رہا ہے، اس لیے تشخیص اور نگہداشت کے لیے نئے طریقے اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ اسپتال میں بھرتی ہونے سے بچا جا سکے۔

 

مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے مہمان مقرر کا خیر مقدم کیا اور آخر میں شکریہ کے کلمات ادا کئے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے ریسرچ اسکالر کو آسٹریلیا کی باوقار تعلیمی گرانٹ سے نوازا گیا

 

علی گڑھ، 4 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ غیر ملکی زبانوں کے ریسرچ اسکالر جاں نثار اختر کو آسٹریا کی ایجنسی فار ایجوکیشن اینڈ انٹرنیشلائزیشن نے باوقارارنسٹ ماخ گرانٹ سے نوازا گیا ہے، جس کے تحت وہ اپریل تا مئی 2026 دو ماہ کے لیے آسٹریا کی یونیورسٹی آف ویانا میں رہ کر پروفیسر ماتھیاس ہاؤسمان کی نگرانی میں ہسپانوی مطالعات کے موضوع پر تحقیق کریں گے۔

 

اس گرانٹ میں ماہانہ 1300 یورو کا وظیفہ اور سفرکے اخراجات کے لئے مزید 1200 یورو شامل ہیں۔

 

جاں نثار اختر کی اس کامیابی پر ان کے نگراں ڈاکٹر میوریش کمار اور فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر محمد اظہر نے دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.