اسلامی شریعت: انسانیت کے لیے خدائی نعمت — بیدر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تحت تفہیمِ شریعت ورکشاپ کا انعقاد

 

حیدرآباد(پریس ریلیز)

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تحت چلنے والے شعبۂ تفہیم شریعت کے زیر اہتمام 21 جون کو شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوٹ، بیدر میں ایک روزہ تفہیمِ شریعت ورکشاپ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس ورکشاپ کی صدارت بورڈ کے رکن ڈاکٹر عبد القدیر صاحب نے فرمائی، جبکہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور معززین شہر نے شرکت کی۔

ورکشاپ کا مقصد اسلامی عائلی قوانین کی صحیح تفہیم، جدید قانونی چیلنجز کا شعور اور عوام و خواص میں شریعت اسلامی کی افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف موضوعات پر ممتاز علماء و مفتیان کرام نے محاضرات پیش کیے۔

 

اہم مقررین اور موضوعات:

حضرت مولانا مفتی شاہد علی قاسمی صاحب (ناظم تعلیمات، المعھد العالی الاسلامی، حیدرآباد) نے "یونفارم سول کوڈ (UCC)” اور "اسلام کا نظامِ وراثت” جیسے حساس اور اہم موضوعات پر مفصل خطاب فرمایا۔

مولانا مفتی عمر عابدین صاحب نے "وقف اور موجودہ وقف ترمیمی قانون” کے مختلف پہلوؤں پر علمی اور بصیرت افروز گفتگو کی۔

مولانا محمد اسعد ندوی (آرگنائزر، تفہیم شریعت کمیٹی) نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تعارف، خدمات اور "متبنّی کا مسئلہ شریعت کی روشنی میں” جیسے اہم موضوعات پر معلوماتی اور مدلل گفتگو فرمائی۔

محاضرات کے بعد ایک سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے مختلف عملی و علمی سوالات کیے اور محاضرین نے تشفی بخش جوابات دیے۔ سیشن کا دورانیہ طویل رہا اور سامعین کی بھرپور دلچسپی کا مظہر تھا۔

 

ورکشاپ کا مرکزی پیغام:

تمام محاضرین نے اپنے خطابات کے آغاز و اختتام پر اس بات پر زور دیا کہ اسلامی شریعت ایک ربانی نعمت ہے، جو نہ صرف آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے بلکہ دنیا میں امن، سکون، فلاح اور انسانیت کے تحفظ کی ضامن ہے۔ خاص طور پر شریعت کے وہ قوانین جو عائلی زندگی سے متعلق ہیں، ان پر عمل پیرا ہونا انسانی معاشرے کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ جب بھی دنیا میں ان اصولوں کو نظر انداز کیا گیا، اخلاقی انحطاط اور معاشرتی بے سکونی نے جنم لیا۔

 

طلبہ کے لیے خصوصی محاضرات:

 

ورکشاپ کے بعد، بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی خصوصی ہدایت پر، المعھد العالی الاسلامی حیدرآباد کے طلباء کے درمیان پانچ اہم موضوعات پر خصوصی محاضرات کا اہتمام کیا گیا۔ ان موضوعات میں شامل تھے:

 

1. ہندوستان میں مسلم پرسنل لا کا تحفظ: کب اور کیسے؟

 

2. لے پالک (متبنّی) کا مسئلہ شریعت اور عقل کی روشنی میں

 

3. تعددِ ازدواج کا شرعی پس منظر

 

4. مطلقہ عورت کا نفقہ

 

5. یتیم پوتے کی وراثت

 

ان تمام محاضرات کی ذمہ داری مولانا محمد اسعد ندوی کو سونپی گئی، جنہوں نے بڑے اعتماد، علمی گہرائی اور مدلل انداز میں طلبہ کی رہنمائی کی۔

Comments are closed.