ہزاری باغ میں دار الحکمت لائبریری کاقیام، تعلیم و تحقیق کے نئے باب کا آغاز

ہزاری باغ : پبرا روڈ واقع مولانا آزاد کالونی، گلیکسی اسکول کے قریب ایک علمی و تحقیقی سنگ میل کی حیثیت رکھنے والی ”دار الحکمت لائبریری“ کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا۔ اس اہم تعلیمی اقدام کے بانی معروف اسکالر ڈاکٹر مولانامحمد ذکی اللہ مصباحی ہیں، جنہوں نے اسے ذاتی سطح پر قائم کیا ہے۔ ڈاکٹرمحمد ذکی اللہ مصباحی نے بتایا کہ اس لائبریری کا مقصد نئی نسل کو علمی سرمایہ مہیا کرنا، مطالعہ کا رجحان فروغ دینا اور دینی و عصری علوم کو یکجا کر کے ایک مثبت تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ لائبریری میں اسکول ،کالج اوریونیورسٹی کی نصابی کتب،مسابقتی اورمقابلہ جاتی کتب، اسلامیات، دینی علوم، سماجی و سیاسی موضوعات اور عصری چیلنجز پر مبنی کتابیں و مقالات دستیاب ہیں۔یہ لائبریری طلبہ، اساتذہ، محققین اور عام قارئین کے لیے یکساں طور پر مفید ہے۔ یہاں پر ایک پرسکون اور منظم مطالعہ گاہ فراہم کی گئی ہے، جہاں مختلف علمی ،فکری،سماجی اورادبی سرگرمیوں کا بھی انعقاد مستقبل میں ہوتارہےگا۔دار الحکمت لائبریری نہ صرف علم کا ذخیرہ ہے بلکہ یہ نئی نسل کو فکری، اخلاقی اور علمی بلندیوں کی جانب گامزن کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ ڈاکٹر مصباحی نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ وہ اس ادارے کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مزید وسعت دیں گے۔ہزاری باغ جیسے علمی پس منظر والے علاقے میں اس طرح کی ذاتی کوششیں نہ صرف قابلِ تعریف ہیں بلکہ معاشرے کے لیے مشعلِ راہ بھی ہیں۔ ”دار الحکمت لائبریری“ علم دوست افراد Zaki.jpg
اورمقابلہ جاتی ومسابقتی طلبا کےلیے ایک نایاب تحفہ ثابت ہو سکتی ہے۔
لائبریری کے قیام پر خوشی کا اظہار کر تے ہوئے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رضوان علی صدرشعبۂ اردو رانچی یونیورسٹی رانچی، ڈاکٹر غلام صمدانی گریڈیہہ کالج گریڈیہہ،ڈاکٹر محمد حیدرعلی جے این کالج دھروارانچی،محمد افتخار عالم ریسرچ اسکالر جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی ،سجاد عالم ایڈوکیٹ لکھنوہائی کورٹ،ڈاکٹرمحمد ہاشم رضااسسٹنٹ پروفیسر پٹنہ یونیورسٹی پٹنہ، ڈاکٹر عمران عراقی ہزاری باغ وغیرہ نے ڈاکٹر مصباحی کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات وتمنائوں کا اظہار کیا۔
Comments are closed.