صاحب استطاعت حضرات حج کی ادائیگی میں تاخیر نہ کریں:مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی

 

حج ۲۰۲۶ء؁کے فارم بھرنے کی آخری تاریخ ۳۱؍ جولائی ۲۰۲۵ء

(پریس ریلیز پھلواری شریف ۱۰؍جولائی۲۰۲۵) امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانامفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے اپنے ایک اخباری بیان میں فرمایا کہ حج جہاں اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے ، وہیں اجتماعیت ، زہد و تقویٰ ، پرہیزگاری تکثیر حسنات اور تقرب الی اللہ کا عظیم ذریعہ ہے۔اللہ تعالیٰ نے خود مسلمانوں کو اپنے مقدس گھر کی زیارت کی ہدایت دی ہے اور حج کرنے کا حکم دیا ہے،بہت ساری حدیثوں میں اس عمل کی بڑی فضیلت آئی ہے ، ایک حدیث میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کہ ’’حج مبرور کا بدلہ جنت ہی ہے‘‘۔ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ جس نے بیت اللہ کا حج اس طرح کیا کہ ا س میں اس سے کوئی گناہ سر زد نہ ہوا ہو تو وہ حج کے سفر سے ایسا واپس ہوگا کہ جیسے اس کی ماں نے اسے آج ہی جنم دیا ہو۔

حج فرض ہو نے کے بعد اس کی ادائیگی میں جلدی کرنی چاہئے اگر کسی کی موت اس حالت میں آجائے کہ جس نے حج کے فرض ہو نے کے باوجود اس فریضہ کو ادا نہیں کیا  تو حدیث میں ایسی موت کو جاہلیت کی موت سے تعبیر کیا گیا ہے۔عام طور پر برصغیر کا ماحول یہ ہے کہ حج فرض ہو جانے کے باوجود لوگ سستی کرتے ہیں اور اس کو اخیر عمر تک ٹالتے رہتے ہیں ۔ جبکہ عزیمت یہ ہے کہ جوں ہی آدمی صاحب استطاعت ہو اور آمد و رفت کے اخراجات کے ساتھ اہل و عیال کا نفقہ ادا کرنے کا اہل ہو جا ئے تو فوراً حج کی ادائیگی کے لیے رخت سفر باندھ لے۔دوسری بات یہ ہے کہ تاخیر کرنے اور بڑھاپے میں حج کرنے کی صورت میں ضعف اور پیری کے باعث عبادت میں اورارکان و واجبات  حج کی ادائیگی میں نشاط و لطف مکمل درجہ کا نہیں رہ پا تا ہے اور ارکان کی صحیح طور پر ادائیگی مشکل ہوجاتی ہے۔اس لیے صاحب ثروت لوگوں کو اس جانب متوجہ کرنے کی ضرورت ہے کہ حج کے فرض ہونے کے بعد اس کی ادائیگی میں جلدی کریں۔

الحمد للہ۲۰۲۶ء؁ کے لیے حج کا فارم بھرنے کا اعلان آچکا ہے جس کی آخری تاریخ ۳۱؍ جولائی۲۰۲۵ء؁ تک ہی ، اس کے لیے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو اس طرف متوجہ کیا جائے اور وقت رہتے فارم پر کر لیا جائے۔حج کا فارم بھرنے کے لیے انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے ، اس لیے جن لوگوں کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے یا پاسپورٹ اکسپائر ہو چکا ہے وہ جلد از جلد اپنا پاسپورٹ بنوا لیں یا رینیول کروا لیں ۔ بہار ریاستی حج کمیٹی پاسپورٹ بنوانے میں آپ کی مدد کے لیے تیار ہے آپ آن لائن فارم بھر کر بہار ریاستی حج کمیٹی سے سفارشی خط حاصل کر لیں تا کہ آپ کا اپائنٹمنٹ اور ویریفکیشن جلد سے جلد ہو جائے ۔ اپائنٹمنٹ ملنے کے بعد اپنے دستاویزات کی توثیق کے بعد اپنے فائل نمبر کی کاپی اپنا نام اورضلع لکھ کر حج کمیٹی میں دے دیں تاکہ پولیس انکوائری کے مرحلہ میں بھی آپ کی مدد کی جاسکے۔

حج کا فارم حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ www.hajcommittee.gov.inپر دستیاب ہے ، یا موبائل ایپ (Haj Suvidha))آن لائن فارم بھرنے کی سہولت ہے ، اگرآن لائن حج فارم بھر نے میں دشواری ہوتوحج بھون پٹنہ میں آکر بھی حج فارم بھرا یاجاسکتاہے ۔ ائمہ مساجد، اساتذہ مدارس، تنظیموں اور اداروں کے ذمہ دار،علماء کرام ،دانشوران ملت اور سیاسی و سماجی خدمتگاروں سے ا پیل ہے کہ وہ حج کی فضیلت و اہمیت کو اپنی تقاریر، خطبات اور خصوصی مجلسوں میں لوگوں کے سامنے اجاگر کریں تا کہ اس اہم فریضہ کی ادائیگی کی طرف لو گ متوجہ ہوں۔نیز عازمین حج کے پاسپورٹ بنوانے کی سعی کے ساتھ حج فارم بھرنے میں مدد کریں۔

ایسے لوگ جنہیں اللہ نے دولت و ثروت کی نعمت سے نوازا ہے انہیں خصوصی ملاقاتوں کے ذریعہ حج کی ادائیگی کی طرف رغبت دلانے سے اچھے نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ قائم مقام ناظم صاحب نے حج کمیٹی کے ذمہ داروں کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ بہار سے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ ہو اس کے لیے بڑے پیمانے پر ترغیب حج کی مہم چلانے کی ضرورت ہے ،حج کمیٹی کو چاہئے کہ ملی تنظیموں، علماء اور ائمہ حضرات کی مدد سے ہر ضلع میں بلاک اور پنچایت کی سطح پر ترغیب حج کے پروگرام منعقد کیے جائیں ، سماجی کارکنان اور رضاکاروں سے بھی اس کام میں مدد لی جائے ، ان شاء اللہ اس کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد ہوگا اورانشاء اللہ عازمین کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ائمہ کرام سے بھی درخواست ہے کہ مسجد کے منبر ومحراب سے لوگوں کو حج کی ترغیب پر خصوصی توجہ دیں۔

Comments are closed.