مدارس،اسکول اورکالجوں میں یوم آزادی کیوئزکے ذریعہ مسلم مجاہد آزادی کی خدمات کواجاگر کیاجائے:ملی کونسل،بہار

 

پریس ریلیز6/اگست 2025(پھلواری شریف،پٹنہ)

ہماراملک بھارت اپنی آزادی کے 79بہاریں دیکھ چکاہے،ملک 79ویں تقریبات آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہے،پورے ملک میں سرکاری اورغیرسرکاری اداروں اورتنظیموں میں ہرسال یوم آزادی کی تقریبات نہایت ہی تزک واحتشام کے ساتھ منائی جاتی ہے،خاص طور پر تعلیمی اداروں،مدرسو ں،اسکولوں،کالجوں میں آزادی کی تقریب اہتمام کے ساتھ منائی جاتی ہے،ملک کی آزادی کا یہ دن ہمارے اتحاد کی علامت ہے،اس دن ہم اپنے ان مجاہدین اورشہداء کو یاد کرتے ہیں،جن کی قربانیوں سے ہمیں آزادی نصیب ہوئی،1857کی جنگ آزادی؛ بلکہ اس سے بھی پہلے مسلمانوں نے ظالم انگریزوں کے خلاف آزادی کی تحریک چلائی تھی اورجنگ آزادی میں ہر موڑ پر مسلم قائدین پیش پیش رہے؛لیکن سوئے قسمت ملک کی آزادی کے بعد زیادہ تر مسلم مجاہدین کو بھلا دیا گیا،یوم آزادی کی تقریبات میں چند ایک مسلم قائدین کے علاوہ کسی کا ذکر تک نہیں کیا جاتا،اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی تقریبات یوم آزادی میں مسلم مجاہدآزدی اورشہدا کاذکر اوران کی قربانیوں کوپوری قوت کے ساتھ پیش کرے،تاکہ نئی نسل کو حقیقی تاریخ سے واقفیت حاصل ہوسکے،ان خیالات کا اظہارکرتے ہوئے آل انڈیاملی کونسل،بہار کے جنرل سکریٹری مولانامحمدنافع عارفی نے آل انڈیاملی کونسل،بہارکی ضلعی کمیٹی کے صدروجنرل سکریٹری نیزمدارس واسکول کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے اپنے اداروں میں یوم آزادی کی تقربیات منعقد کریں،اس موقع سے طلبہ وطالبات کے درمیان مسابقتی تقریریں اورکوئزکے مقابلے منعقد کرائیں،جو جنگ آزادی میں مسلم مجاہدین اورشہداء کی قربانیوں پرمشتمل ہو اس کا بڑافائدہ ہوگا،طلبہ اورطالبات جد وجہدآزادی کی حقیقی اورواقعی تاریخ سے واقف ہوں گے اوراپنے اجدادکے کارناموں پر انہیں فخر ہوگا،انہوں نے مزیدکہاکہ ان تقریبات میں پولیس افسران اورسیاسی لیڈران کو بھی مدعو کرنا مناسب ہوگا،تاکہ وہ بھی مسلمانوں کی قربانیوں اورملک کے لیے ان کے خدمات ومحبت سے واقف ہوسکیں،انہوں نے آل انڈیاملی کونسل،بہارکے ضلعی جنرل سکریٹری سے گذارش کی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقے کی تقریبات کی تصویریں سوشل میڈیا پر بھی عام کریں،نیزاس کی تفصیلی خبریں بنا کر اخبار اورریاستی ومرکزی ملی کونسل کوبھی بھیجیں تاکہ ان کا ریکاڑد محفوظ کیا جاسکے۔

 

Comments are closed.