عظمتِ صحابہؓ کانفرنس کا انعقاد — علمائے کرام کے ایمان افروز خطابات
پکھرایاں کانپور (پریس نیوز) ۵؍ نومبر بروز بدھ بعد نماز مغرب مدرسہ عربیہ مدینۃ العلوم نور گنج پکھرایاں میں ایک روزہ عظیم الشان "عظمت صحابہؓ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں علاقے کے جید علمائے کرام، نے شرکت کی اور اپنے مواضع حسنہ سے سامعین کو سرفراز کیا
مقرر خصوصی مولانا محمد نعمت اللہ قاسمی راجپوری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام کو نبی اکرم ﷺ کی معیت و صحبت کے لیے منتخب فرمایا، یہ وہ مقدس جماعت ہے جنہوں نے اسلام کی آبیاری اپنے خون جگر سے کی
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم میں جگہ جگہ اللہ تعالیٰ نے ان کے ایمان،کی تعریف کی ہے اور ان کی سچائی کی گواہی دی ہے۔ یہی وہ جماعت ہے جس نے اسلام کو بستی بستی، قبیلے قبیلے تک پہنچایا۔
آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ صحابہ کرام کی سیرت کا مطالعہ کریں، ان کے کردار سے رہنمائی لیں، اپنی زندگیوں میں صداقت، امانت، دیانت اور ایثار و قربانی کے اوصاف پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہم صحابہ کرام کے نقش قدم پر نہیں چلیں گے، تب تک سچے مسلمان نہیں بن پائیں گے
مولانا نے سامعین کو نصیحت کی کہ ہم سب کا فرض ہے کہ اسلام کی تعلیمات کو عام کریں، لوگوں کے ساتھ اخلاق، نرمی اور محبت سے پیش آئیں اور دین کی خدمت کو اپنا مقصد حیات بنائیں
مفتی محمد شاہد قاسمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جب دنیا ظلم و جبر کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی، انسانیت گمراہی کے کنارے کھڑی تھی، ایسے وقت میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی محمد مصطفیٰ ﷺ کو ہدایت و رحمت کا پیغام لے کر مبعوث فرمایا۔ آپ ﷺ نے عرب کے لوگوں کے دلوں کو پاک کیا اور ایک ایسی مقدس جماعت تیار فرمائی جسے آج ہم صحابہ کرام کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی جماعت، یعنی صحابہ کرام، وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے اپنی جان و مال کی قربانیاں دے کر اسلام کے قلعے کو مضبوط کیا۔ بدر، احد، خندق اور تبوک کے میدان ان کے عزم و ایمان کے گواہ ہیں اگر آج ہم چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ کو پھر عروج حاصل ہو، تو ہمیں اپنے اخلاق و کردار کو صحابہ کرام کی طرح بنانا ہوگا دین کا شعور پیدا کرنا ہوگا، نوجوان نسل میں ایمانی حرارت پیدا کرنی ہوگی، اور عدل و انصاف کو عام کرنا ہوگا۔
کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا عبدالواجد قاسمی نے حاصل کی۔ اس کے بعد مداح رسول عزیزم مولوی محمد ثانی سلمہٗ نے اپنی خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا نظامت کے فرائض مفتی محمد شاہد قاسمی نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
کانفرنس میں دیگر معزز مہمانانِ کرام میں مولانا خالد قاسمی، حافظ احسان الحق صاحب اور حافظ سیف الاسلام مدنی کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔
Comments are closed.