وژن انٹرنیشنل اسکول چکمکہ میں امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کا دورہ

 

ناظم امارت شرعیہ اور قاضی شریعت نے بہی اسکول کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو سراہا

سہرسہ: خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشیں و امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے گزشتہ شب ضلع سہرسہ کے چکمکہ گاؤں میں واقع وژن انٹرنیشنل اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ناظم امارت شرعیہ مولانا سعید الرحمن قاسمی اور صدر قاضی شریعت مولانا انظار عالم قاسمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مہمانانِ گرامی نے ادارے کی تعلیمی، تربیتی اور دینی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس کی پیش رفت پر اطمینان و مسرت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے تعلیمی اداروں کی اشد ضرورت ہے جہاں عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم، اخلاقی تربیت اور کردار سازی کو بھی یکساں اہمیت دی جائے۔ انہوں نے وژن انٹرنیشنل اسکول کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے بانی و چیئرمین شاہنواز بدر قاسمی نے اپنے علاقے میں رہ کر تعلیمی میدان میں خدمات انجام دینے کا جو راستہ اختیار کیا ہے، وہ قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہے۔ نئی نسل کی تعلیمی و اخلاقی تعمیر کے لیے اس طرح کی کوششیں نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے ادارے کے روشن مستقبل، ترقی اور استحکام کے لیے دعائیں بھی دیں۔

ناظم امارت شرعیہ مفتی سعید الرحمن قاسمی نے بھی ادارے کی سرگرمیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت اور اخلاقی اصلاح کا اہتمام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے ادارے معاشرے میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے اور نئی نسل کی صحیح رہنمائی میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

صدر قاضی شریعت مولانا انظار عالم قاسمی نے اپنے تاثرات میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی دینی و اخلاقی تربیت کی اہمیت پر زور دیا اور وژن انٹرنیشنل اسکول کی تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ادارے کے ذمہ داران اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر اسکول کے بانی و چیئرمین شاہنواز بدر قاسمی نے مہمانانِ کرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادارے کے قیام کا پس منظر، بنیادی مقاصد، تعلیمی نظام اور مستقبل کے منصوبوں سے انہیں واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ وژن انٹرنیشنل اسکول کے قیام کا بنیادی مقصد پسماندہ کوسی خطے کے بچوں کو معیاری انگریزی میڈیم تعلیم کے ساتھ اسلامی تعلیمات، دینی شعور اور اخلاقی تربیت فراہم کرنا ہے، تاکہ نئی نسل عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ اپنی دینی و تہذیبی شناخت سے بھی وابستہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم کو محض نصابی سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے بچوں کی فکری، اخلاقی اور عملی شخصیت سازی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ وژن انٹرنیشنل اسکول چکمکہ، سہرسہ گزشتہ کئی برسوں سے علاقے میں تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ادارے میں عصری تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن، دینیات اور اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ادارے کی کوشش ہے کہ پسماندہ علاقے کے بچوں کو ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں علم، کردار اور اعتماد کی بنیاد پر ان کا مستقبل سنوارا جاسکے۔

اس موقع پر اسکول کے ڈائریکٹر نعیم صدیقی، نوہٹہ بلاک کے پرمکھ شمیم اختر، تنظیم ائمہ مساجد کے صدر حافظ ممتاز رحمانی، مولانا نظام الدین اشاعتی، ماسٹر مختار عالم، ماسٹر امداد علی، مفتی شمس قمر سمیت علاقے کی متعدد معزز شخصیات، سماجی و تعلیمی کارکنان اور دیگر افراد موجود تھے۔ امیر شریعت اور دیگر معزز مہمانوں کی آمد سے اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور ذمہ داران میں خوشی و حوصلہ افزائی کا ماحول رہا۔

Comments are closed.