مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو وائس چانسلر نے کووِڈ 19 کے عالمی اثرات پر مبنی کتاب کا اجراء کیا
علی گڑھ، 27 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ”اِمپیکٹ آف کووڈ 19 آن اکانومی، انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کیئر“ نامی کتاب کا اجراء کیا، جسے راجیو گاندھی سنٹر فار ڈائبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی، جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو کے پروفیسر حامد اشرف اور اے ایم یو کے سابق طالب علم ڈاکٹر آلوک راگھو نے مرتب کیا ہے۔ کتاب میں صحت عامہ کے نظام، معیشتوں، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی پالیسی سازی پر کووِڈ19 عالمی وبا کے دور رس اثرات کا کثیر رخی تجزیہ کیا گیا ہے۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے مدیران کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اشاعت عالمی چیلنجوں سے اے ایم یو کے اساتذہ کی گہری نظر اور تحقیقی کاوشوں کی عکاس ہے جو پالیسی سازی کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی علمی کوششیں صحت اور معاشی نظاموں کی تعمیر نو کے لیے نہایت اہم ہیں۔
پروفیسر حامد اشرف نے اس کتاب کو کووِڈ 19کے اثرات کو سمجھنے اور انھیں دستاویزی شکل دینے کی مشترکہ کوشش قرار دیا، جس کا ہدف سائنسی، معاشی اور سماجی نقطہ ہائے نظر کو یکجا کر کے مستقبل کی تیاری اور مؤثر پالیسی ردِعمل کو مستحکم کرنا ہے۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو، آر سی اے نے سُپر 30 کوچنگ پروگرام کے داخلہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کی
علی گڑھ، 27 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے سُپر30 کوچنگ پروگرام 2025 کے لیے داخلہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ پہلے 28 نومبر 2025 کی مقرر تھی، اب داخلہ امتحان جنوری 2026 میں ہوگا۔ حتمی تاریخ کا اعلان یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر کیا جائے گا۔ درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کی گئی ہے۔ اب خواہشمند امیدوار 20 جنوری 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کرسکتے ہیں۔ آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے کہا کہ دلچسپی رکھنے والے امیدوار مزید معلومات کے لئے یونیورسٹی کی ویب سائٹ دیکھتے رہیں۔
ئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کی پروفیسر نشاط افروز نے ہڈیوں کے ٹیومر پر لیکچر دیا
علی گڑھ، 27 نومبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیتھالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر نشاط افروز نے نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، حیدرآباد میں منعقدہ ایسوسی ایشن آف بون اینڈ سافٹ ٹشو پیتھالوجسٹس کی قومی کانفرنس میں لیکچر دیا۔ کانفرنس میں ہڈی اور سافٹ ٹیشو پیتھالوجی کے ماہرین نے شرکت کی۔
پروفیسر نشاط افروز نے ہڈی کے فائبرومکسوائیڈٹیومرزسے متعلق ڈبلیو ایچ او کی تازہ ترین پیش رفت پر لیکچر دیا۔ انھوں نے عالمی سطح پر درجہ بندی اور تشخیصی معیارات میں ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوٹوکورڈل بون ٹیومرز پر بچوں اور بالغوں دونوں کے کیسز پر مبنی ورکشاپ بھی منعقد کی۔ پروفیسر افروز نے ریڈیولوجیکل، جینی ٹائپ اور فینو ٹائپ مشاہدات کے انضمام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہڈیوں کے پیچیدہ ٹیومرز کی درست تشخیص اور مؤثر علاج کے لیے ملٹی ڈسپلینری نقطہ نظر ناگزیر ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ ہوم سائنس میں کریئر کونسلنگ سیشن منعقد
علی گڑھ، 27 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ہوم سائنس نے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے دو مراحل پر مشتمل کریئر کونسلنگ پروگرام کا اہتمام کیا۔
پہلے مرحلے میں مسٹر سعد حمید (ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر جنرل) نے یو جی اور پی جی طلبہ کے لیے ایک انٹرایکٹیو سیشن منعقد کیا، جس میں انہوں نے کمیونٹی سائنس کی ڈگری کے بعد دستیاب مختلف کریئر امکانات و مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مہارتوں میں اضافہ، انٹرن شپ اور ملازمت کی تیاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کے مطابق پیشہ ورانہ راستے کا انتخاب کریں۔ شعبے کی ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر ڈاکٹر زیبا نے طلبہ کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ سمت کے تعین میں باقاعدہ کونسلنگ کے کردار کو اجاگر کیا۔
پروگرام کا دوسرا مرحلہ بی ایس سی کمیونٹی سائنس کے ساتویں سمسٹر کے طلبہ کے لیے تھا، جس میں آئندہ سمسٹر کی لازمی انٹرن شپ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ صدر شعبہ پروفیسر صبا خاں، اور ڈاکٹر زیبا (انٹرن شپ انچارج) نے طلبہ کو انٹرن شپ کی ضروریات، ممکنہ پلیسمنٹ، ادارہ جاتی توقعات اور موزوں تنظیموں کے انتخاب کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ایم ایم ٹی ٹی سی میں 113 شرکاء نے فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام میں حصہ لیا
علی گڑھ، 27 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یو جی سی مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹر (ایم ایم ٹی ٹی سی) میں دو رہائشی فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام (انوائرنمنٹل اسٹیڈیز پر مبنی دو ہفتوں پر مشتمل سبجیکٹ ریفریشر کورس اور ایک ہفتے کا شارٹ ٹرم کورس برائے اکیڈمک لیڈرشپ) کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچے، جن میں 25 مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 113 شرکاء نے حصہ لیا جو آسام، بہار، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اترپردیش کے مختلف شہروں کے یونیورسٹی و کالجوں سے تھے۔
ریفریشر کورس کی اختتامی نشست کی صدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کی۔ انھوں نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیے۔ انہوں نے اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم، قیادت اور وسائل کے بندوبست میں بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین نے شارٹ ٹرم کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کی اخلاقی ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ اہلیت کو مستحکم کرنے میں ٹریننگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
کلیدی مقرر پروفیسر ایس عقیل احمد (ڈائریکٹر، ایچ آرڈی سی، انٹیگرل یونیورسٹی) نے اکیڈمک لیڈرشپ کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور سر سید احمد خان کی ادارہ سازی کی روایت کو ایک پائیدار ماڈل قرار دیا۔
پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کووڈ کے بعد اقامتی تربیتی کورسیز کے احیاء کا ذکر کیا اور سینٹر کے جامع طریقہ کار پر روشنی ڈالی، جس میں تعلیمی دورے، ای کنٹینٹ کی تیاری، بین ثقافتی روابط کے ساتھ شامِ غزل جیسے پروگرام شامل ہوتے ہیں۔
کورس کوآرڈینیٹرز پروفیسر پرویز طالب اور ڈاکٹر ارشد حسین نے تکنیکی سیشن کی تفصیل پیش کی، جن میں اکیڈمک لیڈرشپ، ادارہ جاتی سماجی ذمہ داری، ماحولیاتی ہیومینٹیز، آبی آلودگی اور گرین کیمپس اقدامات جیسے موضوعات شامل تھے۔ شرکاء نے پروگرام کے سلسلہ میں مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام کی علامت کے طور پر شجرکاری کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ سیشن کی نظامت ڈاکٹر فہمیدہ زینت اور ڈاکٹر مشتاق صدف نے کی۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں یومِ آئین بھرپور انداز میں منایا گیا
علی گڑھ، 27 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں یومِ آئین جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ شعبہ کیمسٹری میں اساتذہ اور عملے کے اراکین نے اجتماعی طور سے آئین کی تمہید پڑھی۔ چیئرپرسن پروفیسر زیبا این صدیقی نے اساتذہ اور طلبہ کی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئینی اخلاقیات کو برقرار رکھیں اور کیمپس سے باہر بھی اس شعور کو عام کریں کیوں کہ آئینی خواندگی بیدار معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
شعبہ لسانیات میں آئی سی ٹی لیب میں آئین کی تمہید اجتماعی طور سے پڑھی گئی۔ چیئرپرسن مسٹر مسعود علی بیگ نے آئین میں موجود اتحاد اور مساوات کے جذبے پر روشنی ڈالی۔ شعبہ ارضیات میں چیئرپرسن پروفیسر راشد عمر نے آئین کی تمہید کی قرأت کی قیادت کی اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ ملک کے بنیادی اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کو مستحکم کریں۔
سینٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن میں ڈائریکٹر پروفیسر محمد نفیس انصاری کی رہنمائی میں تقریب منعقد کی گئی، جہاں عوامی زندگی میں دستور کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ڈاکٹر ابوبکر صدیق نے آئین کو ملک کی اخلاقی و قانونی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔
اے ایم یو ملاپورم سنٹر میں شعبہ قانون نے ڈی ایل ایس اے اور ٹی ایل ایس اے کے تعاون سے دو روزہ تقریبات کا اہتمام کیا۔ جوڈیشیئل مجسٹریٹ مسٹر عاشق شاہجہاں نے آئینی نکات پر انتہائی مفصل خطاب کیا، جبکہ ڈائریکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید نے قانون کے طلبہ میں آئینی آگہی کے فروغ کی ضرورت بیان کی۔ اس موقع پر تقریری مقابلہ اور ڈبیٹ کا اہتمام کیا گیا۔ اجتماعی طور سے آئین کا حلف لیا گیا اور لیگل ایڈ سیل اور لاء سوسائٹی کا افتتاح عمل میں آیا۔
وقار الملک ہال میں آئین کی تمہید اجتماعی طور سے پڑھنے کی تقریب پرووسٹ دفتر کے سامنے منعقد ہوئی، جہاں پرووسٹ پروفیسر نوشاد علی پی ایم نے طلبہ کو انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے آئینی اصولوں کو زندگی میں اپنانے کی تلقین کی۔ سر ضیاء الدین ہال میں آئین کی تمہید پڑھنے اور حلف برداری پر مبنی تقریب منعقد کی گئی۔ سر سید ہال (نارتھ) میں پرووسٹ ڈاکٹر محمد جہانگیر صابر خان کی قیادت میں حاضرین نے آئین کی تمہید پڑھی۔
پراکٹر دفتر میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی، جہاں پراکٹر پروفیسر وسیم علی نے پراکٹوریل عملہ کو آئین کا حلف دلایا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آئین ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آئینی اقدار کا تحفظ ادارہ جاتی نظم، انصاف پسندی اور ذمہ داری کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور پراکٹوریل ٹیم کو ہمیشہ بہترین طرزِ عمل کی مثال قائم رکھنی چاہیے۔ سینٹرل آٹوموبائل ورکشاپ اور ٹرانسپورٹ یونٹ میں بھی آئین کی تمہید اجتماعی طور سے پڑھی گئی، جہاں ممبر اِنچارچ پروفیسر سید فہد انور نے اتحاد، سالمیت اور انصاف کے پیغام کو اُجاگر کیا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی ای میگزین ’حرف‘ کا اجراء
علی گڑھ، 24 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی سالانہ ای میگزین ”حرف 2025‘ کا اجراء وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اساتذہ، طلبہ اور ادارتی ٹیم کی موجودگی میں کیا۔
پروفیسر خاتون نے شعبے کو کامیاب اشاعت پر مبارک باد دیتے ہوئے اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے گزشتہ سات برسوں سے اس ادبی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے ”حرف“ کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر سراہا جو نئے بزنس پیشہ وروں میں تخلیقی صلاحیت، تنقیدی فکر اور اظہارِ خیال کی مہارت کو پرواز دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس بات کا بھی غماز ہے کہ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، جامع تعلیم کے ساتھ ایسے منتظم تیار کرنے کے عزم پرکاربند ہے جو سوچنے، سمجھنے اور گہرائی اور وضاحت کے ساتھ اظہار خیال کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
اس تقریب میں پروفیسر عائشہ فاروق، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، پروفیسر سلمیٰ احمد، چیئرپرسن، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور فیکلٹی انچارج (لٹریری اینڈ ای میگزین کمیٹی)، پروفیسر فضا تبسم اعظمی اور ڈاکٹر طارق عزیز، فیکلٹی انچارج بھی موجود تھے۔
میگزین کی ادارتی ٹیم کے ارکان بشمول مسٹر محمد کاشف نسیم (ایڈیٹر)، مسٹر اکبر صدیقی، مس مریم احمد قادری، مس عریبہ عارف اور دیگر معاونین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
جے این میڈیکل کالج میں 10 نئی ڈائلیسس مشینوں، جدید اینڈوسکوپی سوئیٹ اور شعبہ ریڈیو ڈائیگنوسس کے مرکزی داخلی دروازے کا افتتاح
علی گڑھ، 27 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کے ہاتھوں 10 نئی ڈائلیسس مشینوں، جدید اینڈوسکوپی سوئیٹ اور شعبہ ریڈیو ڈائیگنوسس کے مرکزی داخلی دروازے کا افتتاح عمل میں آیا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، ڈین فیکلٹی آف میڈیسن پروفیسر محمد خالد، میڈیکل کالج کے پرنسپل و سی ایم ایس پروفیسر ایس امجد علی رضوی؛ ایڈیشنل ایم ایس پروفیسر واصف محمد علی؛ چیئرمین شعبہ میڈیسن پروفیسر خواجہ سیف اللہ ظفر؛ چیئرمین شعبہ ریڈیو ڈائگنوسس پروفیسر مہتاب احمدسمیت متعدد اساتذہ، مختلف شعبوں کے سربراہان اور ڈی ایم ایس افسران موجود تھے۔
افتتاح کے بعد وائس چانسلر نے نئے خصوصی وارڈ بلاک کے مجوزہ مقام کا معائنہ کیا، جس کا مقصد اسپتال میں مریضوں کے لیے مخصوص وارڈز کی قلت کو دور کرنا ہے۔ وائس چانسلر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جے این ایم سی ہمیشہ اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کرتا رہا ہے اور یہ نئی سہولیات انتظامیہ کے اس عزم کی عکاس ہیں کہ خطہ کے لیے جدید ترین صحت خدمات میں توسیع کی جائے۔
پرنسپل وسی ایم ایس پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے بتایا کہ نئی ڈائلیسس مشینوں سے اسپتال کی صلاحیت بڑھ کر یومیہ تقریباً 50 ڈائلیسس تک پہنچ جائے گی، جس سے گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے انتظار کے وقت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جدید اینڈوسکوپی سوئیٹ کے قیام سے اینڈوسکوپی اور کولونوسکوپی کی مکمل خدمات دستیاب ہوں گی۔ مزید یہ کہ مجوزہ خصوصی وارڈ بلاک تین منزلہ عمارت پر مشتمل ہوگا جس کی ہر منزل پر 18 کمرے ہوں گے۔
ایڈیشنل ایم ایس پروفیسر واصف محمد نے وائس چانسلر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے تحت جے این ایم سی میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے، اور نئی سہولیات مریضوں کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔
Comments are closed.