ایپسٹین فائلز — طاقت کے آئینے میں عریاں چہرے
محمد نفیس خان ندوی
ایپسٹین فائلز (Epstein Files) سے مراد وہ عدالتی دستاویزات، گواہیاں، رپورٹس، ای میلز اور دیگر شواہد ہیں جو امریکی فنانسر جیفری ایپسٹین (Jeffrey Epstein) کے کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال، اسمگلنگ اور عالمی اشرافیہ کے ساتھ تعلقات پر مبنی ہیں۔ یہ وہ فائلز ہیں جنہوں نے صرف ایک شخص نہیں، پوری عالمی طاقت اور اس کے اخلاقی وجود کو بے نقاب کر دیا۔
جیفری ایپسٹین نہایت ثروت مند، بااثر اور سماجی و سیاسی حلقوں تک رسائی رکھنے والا شخص تھا۔ اس پر عشروں تک یہ الزامات لگتے رہے کہ اس نے کم عمر لڑکیوں کا وسیع نیٹ ورک بنایا، انہیں اپنے ذاتی استعمال اور عالمی سطح کے بااثر افراد کی عیاشیوں کے لیے اسمگل کیا، اور ان تعلقات کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتا رہا۔ اس کی دولت، سماجی رسوخ، اور ریاستی اداروں تک رسائی نے اس کے جرائم کو برسوں تک پردے میں رکھا۔
1998ء میں ایپسٹین نے امریکن ورجن آئی لینڈز میں ایک نجی جزیرہ خریدا جہاں اس نے ایک نیلے گنبد والی پرتعیش عمارت تعمیر کی۔ پورا جزیرہ سخت سکیورٹی کے حصار میں تھا اور وہاں رسائی صرف اس کے ذاتی ہیلی کاپٹر یا نجی بحری جہاز کے ذریعے ممکن تھی۔
یہی جزیرہ اس کے جرائم کا اصل مرکز بن چکا تھا—جہاں کم عمر لڑکیوں کو لایا جاتا، ان پر ذہنی و جسمانی جبر کیا جاتا، اور عالمی اشرافیہ کی ہوس کی آگ بجھائی جاتی تھی۔ ایپسٹین اپنے نجی طیاروں کے ذریعے ان لڑکیوں کو گھروں، محلات اور جزیرے کے درمیان منتقل کرتا، جب کہ اس کے پاس موجود ویڈیوز، تصاویر، نوٹس اور ڈیجیٹل ریکارڈ اس کے پورے نیٹ ورک کو محفوظ رکھتے۔
بالآخر 2019ء میں امریکی حکومت نے اسے بچوں کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے الزامات میں گرفتار کر لیا، مگر چند ہی دنوں بعد وہ جیل میں مردہ پایا گیا۔ سرکاری مؤقف خودکشی کا تھا، مگر دنیا کے بیشتر حلقے آج تک اسے ایک منظم قتل سمجھتے ہیں تاکہ وہ زبان ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے جو طاقت کے ایوانوں کا پول کھول سکتی تھی۔
ایپسٹین کی گرفتاری کے بعد اس کے پاس موجود تمام ریکارڈ—یعنی ایپسٹین فائلز—ضبط کرکے مہر بند کر دیے گئے۔
2024–2025 میں ان فائلز کا کچھ حصہ سامنے آیا تو دنیا حیران نہیں بلکہ خوف زدہ ہوئی۔
کیونکہ جو نام سامنے آئے، وہ محض سیاسی لیڈروں یا سرمایہ داروں تک محدود نہیں تھے؛
بلکہ بادشاہوں، شہزادوں، پروفیسرز، سفارت کاروں، عالمی تنظیموں کے سربراہوں، ٹیکنالوجی کے شہنشاہوں اور میڈیا ٹائیکونز تک پھیلے ہوئے تھے۔
وہ چہرے جنہیں دنیا اخلاقیات کا معلم سمجھتی رہی، جب ایپسٹین فائلز میں نظر آئے تو سوال اٹھا کہ
کیا ایپسٹین دراصل ایک فرد تھا؟ یا پوری عالمی طاقت کا ایک چہرہ؟
کیا وہ مجرم تھا یا طاقت کا وہ پردہ جس کے پیچھے انسانی ضمیر کی تاریک ترین شکل چھپی ہوئی تھی؟
عالمی سیاست، سرمایہ داری اور اقتدار کے ایوانوں کا المیہ یہی ہے کہ جب ان کے چہروں سے نقاب اترتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ
سب ایک ہی حمّام میں ننگے ہیں۔
کوئی طاقت کے غرور میں، کوئی شہرت کے نشے میں، کوئی دولت کی سرشاری میں—اور سب کے سب انسانیت اور اخلاقیات سے عاری۔
"ایپسٹین فائلز” اسی برہنگی کا بے رحم انکشاف ہے۔
یہ صرف ایپسٹین کی کہانی نہیں بلکہ اس طبقے کی پوری تاریخ ہے جو اقتدار کے سائے میں معصومیت کی تجارت کرتا آیا ہے۔
ایپسٹین کی زندگی ایک ایسا دروازہ تھی جس کے پیچھے عالمی اشرافیہ کی تاریک خواہشات کا شہر آباد تھا۔ اس کی محفلیں علم یا تہذیب کی محفلیں نہیں تھیں،
بلکہ وہ اڈّے تھے جہاں انسانیت کا سب سے سستا مال ( کم عمر لڑکیاں) تھیں۔
یہ بات بالکل درست ہے کہ ایپسٹین فائلز میں کسی بھی شخصیت کا نام آجانے سے اس کا جرم قانونی طور پر ثابت نہیں ہو جاتا، مگر یہ حقیقت بھی کم اہم نہیں کہ عالمی سطح کے ایک بدنام مقدمے کی ٹرائل فہرست میں شامل ہوجانا کسی بھی باوقار شخصیت کے دامن پر ایسا داغ ہے جسے بے گناہی کے سو دلائل بھی مکمل طور پر دھو نہیں سکتے۔ ایسے الزامات قانونی کم اور اخلاقی و تہذیبی سوال زیادہ ہوتے ہیں۔
دنیا کی نظروں میں یہ محض ایک کیس نہیں رہتا، بلکہ کردار، فیصلہ سازی، اور انسانی وقار پر ایک مستقل سوالیہ نشان بن کر رہ جاتا ہے۔
Comments are closed.