جمعیت علماء نیپال کا عزم: امت کا کوئی فرد چراغ علم سے محروم نہ رہے: صدر جمعیت علماء نیپال

 

نیپال سے انوار الحق قاسمی کی خاص رپورٹ

 

گذشتہ 26 مارچ 2026ء خدام معھد ام حبیبہ رض للبنات جینگڑیا رَوتہٹ نیپال کے لیے نہایت ہی مسرت کا تھا؛ کیوں کہ آج ملک نیپال کے طول وعرض میں سکونت پذیر علماء احناف کے سرخیل، نمونہ قائدین،صدر جمعیت علماء نیپال مولانا مفتی محمد خالد صدیقی صاحب اپنے خاص ممد ومعاون: جنرل سکریٹری جمعیت علماء نیپال مفتی محمد شمیم اختر قاسمی مکی کے ہمراہ -صبح گیارہ بجے- تشریف لائے تھے۔ بانی معھد و ناظم جمعیت علماء نیپال مولانا محمد عزرائیل مظاہری،ترجمان وسکریٹری جمعیت علماء روتہٹ نیپال مولانا انوار الحق قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء روتہٹ نیپال مولانا محمد خیر الدین مظاہری،شیخ الحدیث قاری اسرارالحق قاسمی(نائب صدر جمعیت علماء روتہٹ حلقہ نمبر دوم) رکن جمعیت علماء روتہٹ نیپال مولانا محمد نثار احمد قاسمی نے حضرات شیخین کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر جمعیت و مخدوم و مربی مفتی خالد صدیقی نے کہا کہ :” یقینا انسان تعلیم بغیر ناتمام اور ادھورا ہے۔ جانور اور جاہل انسان میں نادانی قدر مشترک پائی جاتی ہے۔ انسان کو اگر کوئی چیز جانوروں سے اکمل طور ممتاز اور منفرد کرتی ہے ،تو وہ تعلیم ہے تربیت کے ساتھ ۔ جمعیت علماء نیپال چاہتی ہے کہ ملک کا ہر فرد تعلیم یافتہ ہو، امت کے ایک ایک گھر میں علم کا چراغ جلے اور امت کا ہر فرد دولت علم سے خود کو باکمال بنائے اور جمعیت علماء نیپال ہرگز یہ نہیں چاہتی ہے کہ امت کا کوئی فرد چراغ علم سے محروم رہے ؛چناں چہ اسی تناظر میں جمعیت علماء نیپال گزشتہ کل:یعنی 25/مارچ سے تعلیمی بیداری مہم کا آغاز کرچکی ہے اور یہ تعلیم بیداری مہم اس وقت تک جاری رہے گی،جب تک امت کا ایک ایک فرد تعلیم کی افادیت نہ سمجھ جائے۔”

صدر جمعیت نے ملک کے مسلمانوں اور برادران وطن سے گزارش کی ہے کہ تعلیمی بیداری مہم کو بامراد بنانے میں ہمارا ہر لمحہ ساتھ دیں ،تاکہ ہم اپنےاہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکیں ۔

Comments are closed.