تکبر : خود پسندی سے اخلاقی زوال تک

 

(مفتی) محمد انعام اللہ

الحراء فاؤنڈیشن، ممبئی

 

انسان جب اپنی ذات کو حقیقت سے بڑھ کر دیکھنے لگے، اپنی خوبیوں کو دوسروں سے امتیاز کا سبب اور اپنی کامیابیوں کو برتری کا پروانہ سمجھنے لگے ، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے اندر تکبر کا بیج پنپ رہا ہے۔ ابتدا میں یہ محض ایک احساسِ برتری دکھائی دیتا ہے، لیکن رفتہ رفتہ اس کی جڑیں دل و دماغ میں گہری ہوتی چلی جاتی ہیں اور پھر انسان کے افکار، نظریات، گفتار، کردار، تعلقات اور معاملات سب کو متاثر کرنے لگتی ہیں۔ کبھی دولت و ثروت اسے غریبوں سے بے نیاز بنا دیتی ہے اور کبھی علم و قابلیت اسے دوسروں کی تحقیر پر آمادہ کرتی ہے، کبھی حسب و نسب، خاندان، قوم، زبان اور رنگ و نسل کا تفاخر اسے انسانوں کے درمیان اونچ نیچ کی دیواریں کھڑی کرنے پر اکساتا ہے، تو کبھی منصب و اقتدار، شہرت و مقبولیت، حسن و جمال، مذہبی وابستگی، عبادت و ریاضت اور نیکی و خدمت کا احساس بھی اس کے اندر خود پسندی اور برتری کا زہر گھول دیتا ہے۔ تکبر کی خطرناک ترین صورت اس وقت سامنے آتی ہے جب انسان اپنی رائے کو حرفِ آخر، اپنے فیصلے کو ناقابلِ تنقید اور اپنی ذات کو دوسروں سے بہتر سمجھنے لگتا ہے۔ نہ اسے اپنی غلطی کا اعتراف گوارا ہوتا ہے، نہ کسی دوسرے کی خوبی کا اعتراف، نہ حق بات کے سامنے جھکنے کا حوصلہ اور نہ کسی کمزور یا معمولی سمجھے جانے والے انسان کو عزت دینے کا ظرف۔

یوں تکبر انسان کی نگاہ سے دوسروں کا احترام، دل سے ان کی قدر اور فکر سے اپنی اصلاح کا جذبہ چھین لیتا ہے۔ یہ ایک ایسا باطنی عیب ہے جو بسا اوقات بڑے بڑے اوصاف کے پردے میں چھپا رہتا ہے، مگر اپنے اثرات سے انسان کے کردار کو کھوکھلا، رشتوں کو تلخ، معاشرتی تعلقات کو کمزور اور اجتماعی زندگی کو انتشار کا شکار بنا دیتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ تکبر انسان کو دوسروں سے بلند نہیں کرتا، بلکہ اسے اخلاقی پستی کی طرف ڈھکیل دیتا ہے ۔

تکبر کی سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ یہ انسان کو اپنی خامیوں سے بے خبر اور دوسروں کی خوبیوں سے ناواقف بنا دیتا ہے۔

متکبر شخص اپنی ذات کو معیارِ حق سمجھنے لگتا ہے، اس کی نظر میں اپنی رائے درست، اپنا فیصلہ بہتر اور اپنا مقام دوسروں سے بلند ہوتا ہے۔ وہ دوسروں کی صلاحیتوں، کامیابیوں اور خوبیوں کا اعتراف کرنے میں تنگ دلی محسوس کرتا ہے اور کسی کی معمولی سی برتری بھی اسے ناگوار گزرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تکبر محض ایک اخلاقی عیب نہیں، بلکہ انسان کی فکری پختگی، روحانی بالیدگی اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

 

تکبر کا لفظ کِبْر سے نکلا ہے، جس کے معنی بڑائی کے ہیں۔

امام راغب اصفہانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :

التَّكَبُّرُ: التَّرَفُّعُ وَالتَّعَظُّمُ.

تکبر یعنی اپنے آپ کو بلند و برتر سمجھنا اور بڑائی کا اظہار کرنا ہے۔

(المفردات في غريب القرآن)

 

اصطلاح میں تکبر سے مراد یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو دوسروں سے بڑا اور برتر سمجھے، ان کی تحقیر کرے، ان کے حقوق و مقام کو نظر انداز کرے اور اپنی انا کی خاطر حق بات قبول کرنے سے گریز کرے۔

 

نبی کریم ﷺ نے تکبر کی حقیقت کو نہایت جامع اور دوٹوک الفاظ میں بیان فرمایا ہے:

ارشاد ہے :

الْكِبْرُ بَطَرُ الْحَقِّ وَغَمْطُ النَّاسِ

(مسلم)

تکبر حق کو ٹھکرا دینے اور لوگوں کو حقیر سمجھنے کا نام ہے۔

اس حدیث میں تکبر کے دو بنیادی پہلو بیان ہوئے ہیں۔ پہلا یہ کہ انسان حق بات کو جان لینے کے باوجود محض اپنی بڑائی، انا یا خود پسندی کی وجہ سے قبول نہ کرے۔ دوسرا یہ کہ وہ دوسروں کو اپنے سے کم تر سمجھے اور ان کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ اپنائے۔

اس تعریف سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ تکبر صرف بلند آواز میں بات کرنے، اکڑ کر چلنے، اپنی دولت و منصب کا اظہار کرنے کا نام نہیں، بلکہ اس کی اصل جڑ انسان کے اندر چھپا ہوا احساسِ برتری ہے۔ ممکن ہے کوئی شخص بظاہر خاموش، سنجیدہ اور مہذب نظر آئے، لیکن اس کے دل میں دوسروں کے لیے حقارت اور اپنی ذات کے لیے غیر معمولی بڑائی کا احساس موجود ہو۔ یہ بھی تکبر ہی کی ایک صورت ہے۔

اسی طرح ہر قسم کی خود اعتمادی، اپنی صلاحیتوں کا اعتراف، جائز عزتِ نفس، خوش لباس رہنا یا بلند مقام حاصل کرنے کی خواہش تکبر نہیں ہے۔ تکبر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انسان اپنی خوبیوں کو دوسروں کی تحقیر اور اپنی برتری کے اظہار کا ذریعہ بنالے۔

تکبر کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انسانی تاریخ میں اس کا سب سے پہلا مظاہرہ ابلیس نے کیا۔ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا فرمایا اور فرشتوں کو ان کے سامنے سجدہ کرنے کا حکم دیا تو ابلیس نے اپنی بڑائی کے زعم میں حکمِ الٰہی کو ماننے سے انکار کیا ۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں

أَبَىٰ وَاسْتَكْبَرَ وَكَانَ مِنَ الْكَافِرِينَ (البقرۃ: 34)

اس نے انکار کیا اور تکبر کیا اور وہ کافروں میں سے تھا۔

 

حکم الٰہی سے انکار کے ذریعے اس کا باطنی کفر نمایاں ہوگیا ۔

چنانچہ بولا

أَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ ۖ خَلَقْتَنِي مِنْ نَّارٍ وَّخَلَقْتَهُ مِنْ طِينٍ (الأعراف: 12)

میں ان سے بہتر ہوں کیونکہ آپ نے مجھے آگ سے پیدا کیا ہے اور انہیں مٹی سے ۔

 

شاید وہ یہ کہنا چاہتا تھا کہ آگ کی فطرت میں بلندی ہے ، اس کے شعلے اوپر کی طرف اٹھتے ہیں اور مٹی میں پستی ہے وہ اوپر پھینکنے پر بھی نیچے گرتی ہے ۔ واللہ اعلم

یہاں تکبر کی ایک بنیادی نفسیات سامنے آتی ہے: اپنی اصل، حیثیت یا کسی خاص وصف کی بنیاد پر دوسروں کو کمتر سمجھنا۔

ابلیس نے وہی کیا ، اس نے اپنی تخلیقی مادے کو اپنی برتری کی دلیل بنایا، حالاں کہ اصل اہمیت اللہ تعالیٰ کے حکم کی تھی، نہ کہ اپنی پیدائش کے مادے پر فخر کرنے کی۔

یہی ذہنیت آج بھی مختلف شکلوں میں انسانی معاشرے میں موجود ہے۔ لوگ ایسی چیزوں پر احساس برتری کے شکار ہیں جن میں ان کے کسب و اختیار کا بھی کوئی دخل نہیں ہے مثلا رنگ و نسل ، جنسیت، خاندان وغیرہ ۔

آخر کسی کے لڑکا، لڑکی بننے یا کالا ، گورا ہونے میں اس کا کیا اختیار ہے ؟

یہ تو اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہے جسے جو اور جس طرح چاہا بنا دیا ۔

 

اسی طرح کوئی اپنی دولت کی وجہ سے دوسروں کو کمتر سمجھتا ہے، کوئی علم و قابلیت کی بنا پر اور کوئی اپنے منصب و اقتدار کو دوسروں کی تحقیر کے لئے وجہ جواز سمجھتا ہے۔ صورتیں بدل جاتی ہیں، لیکن بنیادی ذہنیت وہی رہتی ہے کہ میں بہتر ہوں، دوسرے مجھ سے کمتر ہیں۔

تکبر کی کوئی ایک شکل نہیں ہے ۔ یہ انسانی زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں مختلف لباس پہن کر ظاہر ہوتا رہتا ہے۔ کبھی دولت کے غرور میں، کبھی علم کے زعم میں، کبھی حسب و نسب کے تفاخر میں، کبھی مذہبی برتری کے احساس میں اور کبھی عہدے، اختیار اور شہرت کی سرمستی میں۔ بعض اوقات یہ اتنا لطیف ہوتا ہے کہ انسان خود بھی اس کی موجودگی کو محسوس نہیں کر پاتا۔

مثلاً: مال و دولت انسان کی زندگی کی ایک اہم ضرورت ہے، لیکن جب دولت انسان کے اندر احساسِ برتری پیدا کردے تو وہ تکبر کا سبب بن جاتی ہے۔ بعض لوگ اپنی مالی حیثیت کی بنیاد پر غریبوں کو حقیر سمجھتے ہیں، ان کے ساتھ بیٹھنے میں اپنی توہین محسوس کرتے ہیں اور ان کی مجبوریوں کو ان کی کم تری کی دلیل سمجھتے ہیں۔

وہ دوسروں کے سامنے اپنے مکانات، گاڑیوں، لباس، کاروبار، جائیداد اور بینک بیلنس کا اظہار اس انداز میں کرتے ہیں کہ ان کی شخصیت کی بڑائی نمایاں ہو۔

بعض اوقات ان کی گفتگو کا محور ہی اپنی مالی حیثیت اور دوسروں کی معاشی کمزوری کا موازنہ ہوتا ہے۔

یہاں تک کہ بعض لوگ اپنے عزیز و اقارب اور پرانے دوستوں سے بھی اس لیے دور ہو جاتے ہیں کہ اب ان کا معیارِ زندگی بدل چکا ہے اور وہ انہیں اپنی موجودہ حیثیت کے مطابق نہیں سمجھتے۔

قرآن کریم میں قارون کا واقعہ اسی ذہنیت کی ایک واضح مثال ہے۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:

إِذْ قَالَ لَهُۥ قَوْمُهُۥ لَا تَفْرَحْ ۖ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يُحِبُّ ٱلْفَرِحِينَ۔ وَٱبْتَغِ فِيمَآ ءَاتَىٰكَ ٱللَّهُ ٱلدَّارَ ٱلْـَٔاخِرَةَ ۖ وَلَا تَنسَ نَصِيبَكَ مِنَ ٱلدُّنْيَا ۖ وَأَحْسِن كَمَآ أَحْسَنَ ٱللَّهُ إِلَيْكَ ۖ وَلَا تَبْغِ ٱلْفَسَادَ فِى ٱلْأَرْضِ ۖ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يُحِبُّ ٱلْمُفْسِدِينَ قَالَ إِنَّمَآ أُوتِيتُهُۥ عَلَىٰ عِلْمٍ عِندِىٓ ۚ۔

(القصص: 76-78)

جب قارون سے اس کی قوم نے کہا: ’’اترا مت، بے شک اللہ تعالیٰ اترانے والوں کو پسند نہیں فرماتے۔ اور اللہ تعالیٰ نے جو کچھ تمہیں عطا کیا ہے، اس کے ذریعے آخرت کے گھر (جنت) کو حاصل کرنے کی کوشش کر، اور دنیا میں سے اپنا حصہ بھی فراموش نہ کر ، اور لوگوں کے ساتھ بھلائی کر، جیسے اللہ تعالیٰ نے تیرے ساتھ بھلائی کی ہے، اور زمین میں فساد پھیلانے کی کوشش نہ کر، بے شک اللہ تعالیٰ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتے۔

اس نے جواب دیا: ’’یہ سب کچھ تو مجھے ملا ہے اس علم و ہنر کی بنیاد پر ہے جو میرے پاس ہے ۔

 

یعنی اس نے اپنی دولت کو اللہ تعالیٰ کی عطا سمجھنے کے بجائے اپنی ذاتی قابلیت کا نتیجہ قرار دیا۔ یہی احساسِ برتری انسان کو شکر کے بجائے غرور میں مبتلا کر دیتا ہے ۔

اسی طرح علم انسان کو شعور، بصیرت اور حقیقت شناسی عطا کرتا ہے، لیکن جب علم کے ساتھ تواضع اور حق شناسی نہ ہو تو وہی علم تکبر کا ذریعہ بن جاتا ہے۔

بعض لوگ چند کتابیں پڑھ لینے، کوئی ڈگری حاصل کر لینے، کسی علمی ادارے سے وابستہ ہو جانے یا کسی مخصوص فن میں مہارت حاصل کر لینے کے بعد دوسروں کو جاہل اور بے علم سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کے نزدیک ان کی رائے سے اختلاف کرنا گویا علم سے محرومی کی علامت ہے۔

وہ دوسروں کی بات پوری طرح سننے کے بجائے اسے رد کرنے میں جلدی کرتے ہیں اور اپنی علمی برتری ثابت کرنے کے لیے گفتگو میں طنز، تحقیر اور طعن و تشنیع کا سہارا لیتے ہیں۔

کوئی اپنی تصنیفات، تقاریر، اساتذہ، شاگردوں یا علمی شہرت کی بنیاد پر دوسروں کو کم تر سمجھنے لگتا ہے۔ اور بعض اوقات وہ اپنی معلومات کے ذریعے دوسروں کو مرعوب کرنے کی کوشش کرتا ہے، جب کہ علم کا اصل مقصد حق کی تلاش اور انسانیت کی رہنمائی ہے، نہ کہ اپنی بڑائی کا اظہار۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس کے پاس جس قدر علم زیادہ ہوتا، اسی قدر وہ حقیقت پسند اور متواضع بنتا ۔

وہ حق بات کو خواہ کسی کم عمر، کم علم یا غیر معروف شخص کی زبان سے سنتا ، قبول کرنے کا حوصلہ رکھتا مگر ایسا نہ ہونا در اصل علم کے فیوض سے محرومی ہے ۔

 

ہمارے معاشرے میں تکبر کی ایک عام صورت خاندانی، نسلی اور برادری کی برتری کا احساس بھی ہے۔ بعض لوگ اپنے خاندان، ذات، قبیلے، برادری یا آبائی شہرت کی بنیاد پر دوسروں کو کمتر سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک کسی خاندان میں پیدا ہونا بذاتِ خود فضیلت کی ایسی سند ہے جس کے سامنے دوسرے لوگوں کی تمام خوبیاں بے معنی ہو جاتی ہیں۔ وہ اپنے خاندانی نام ( Sir Name) اور آبائی مرتبے پر اس قدر ناز کرتے ہیں کہ کسی دوسرے خاندان کے فرد کو برابری کی حیثیت دینے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ شادی بیاہ، سماجی تعلقات، میل جول اور روزمرہ کے معاملات میں یہ تفاخر نمایاں ہوتا رہتا ہے۔

اسلام نے اس قسم کے نسلی اور خاندانی غرور کی واضح طور پر نفی کی ہے۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:

إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللّٰهِ أَتْقَاكُمْ

(الحجرات: 13)

اللہ تعالیٰ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہے۔

اس آیت نے عزت و برتری کا معیار خاندان، نسل اور قبیلے کے بجائے تقویٰ اور حسن کردار کو قرار دیا ہے۔ اور تقوی کا تعلق چونکہ باطن سے ہے اس لئے اس کا اظہار بھی آسان نہیں ہے، ایسا بھی نہیں ہے کہ کسی تھرمامیٹر سے اس کا ٹمپریچر معلوم کیا جاسکے اور پتہ چل سکے کہ کس کے اندر کتنے ڈگری تقوی موجود ہے ۔

اس لئے اگر کوئی شخص اپنے نسب کو باعث فخر سمجھکر خود ہی منہ میاں مٹھو بنے، تو بنتا رہے ۔ مگر اسلام میں اسے دوسروں کی تحقیر اور کسی پر اپنی برتری ثابت کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔

 

تکبر کی ایک صورت حسن و جمال، جسمانی ساخت، رنگ و روپ، قد و قامت اور ظاہری وجاہت پر فخر کرنا بھی ہے۔ بعض لوگ اپنی خوب صورتی کی وجہ سے دوسروں کو کمتر سمجھتے ہیں۔ کسی کے رنگ، جسمانی ساخت، معذوری یا ظاہری کمزوری کا مذاق اڑاتے ہیں اور اپنی ظاہری خوبیوں کو دوسروں پر برتری کی دلیل بناتے ہیں۔

یہ رویہ اس حقیقت سے غفلت کا نتیجہ ہے کہ انسان کی ظاہری خوب صورتی اور جسمانی صلاحیتیں نہ اس کے اپنے اختیار میں ہیں اور نہ ہمیشہ باقی رہنے والی ہیں۔ بڑھاپا، بیماری، حادثہ اور وقت کا گزرنا انسان کی ظاہری خوبیوں کو بدل سکتا ہے۔

اس لیے کسی کو اس کی ظاہری شکل و صورت کی بنیاد پر کمتر سمجھنا نہ صرف اخلاقی پستی ہے، بلکہ خالق کی تخلیق پر ناشکری کے مترادف بھی ہے۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا يَسْخَرْ قَوْمٌ مِّن قَوْمٍ عَسَىٰ أَن يَكُونُوا خَيْرًا مِّنْهُمْ وَلَا نِسَاءٌ مِّن نِّسَاءٍ عَسَىٰ أَن يَكُنَّ خَيْرًا مِّنْهُنَّ

(الحجرات: 11)

اے ایمان والو! کوئی قوم دوسری قوم کا مذاق نہ اڑائے، ممکن ہے کہ وہ ان سے بہتر ہو، اور نہ عورتیں دوسری عورتوں کا مذاق اڑائیں، ممکن ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں۔

 

اسی طرح بعض افسران، سیاسی رہنما، اداروں کے سربراہان، انتظامی ذمہ داران اور بااثر افراد اپنے عہدے کو اپنی ذاتی بڑائی کا ذریعہ سمجھنے لگتے ہیں۔ وہ عام لوگوں سے ملنے، ان کی بات سننے یا ان کے مسائل سمجھنے کو اپنی شان کے خلاف تصور کرتے ہیں۔

ان کے دفاتر میں ایسے انتظامات ہوتے ہیں جن کا مقصد کام کی سہولت سے زیادہ ان کی شخصیت کا رعب قائم کرنا ہوتا ہے۔ ماتحتوں سے گفتگو میں سختی، معمولی غلطی پر تذلیل، اختلاف کرنے والوں کی حوصلہ شکنی اور ہر معاملے میں اپنی مرضی مسلط کرنا ان کے طرزِ عمل کا حصہ بن جاتا ہے۔

بعض لوگ اقتدار ملنے کے بعد اپنے پرانے ساتھیوں، محسنوں اور ان لوگوں کو بھی بھول جاتے ہیں جنہوں نے ان کے مشکل وقت میں ساتھ دیا تھا۔

حالاں کہ منصب کسی انسان کی ذاتی عظمت کا اعلان نہیں، بلکہ اس کے لیے ایک بڑی آزمائش اور جواب دہی کا ذریعہ ہے۔

در اصل عہدے کی حقیقی عظمت تو یہ تھی کہ اس کے ذریعے دوسروں کے حقوق ادا کئے جاتے اور ان کی خدمت کی جاتی ۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنھما فرمایا کرتے تھے : سَيِّدُ القومِ خادمُهُم کسی قوم کا سردار اصل میں اس کا خادم ہوتا ہے ۔

 

تکبر کی ایک نہایت نازک اور خطرناک صورت مذہبی برتری کا احساس ہے۔ بعض لوگ عبادت، ظاہری وضع قطع، کسی دینی جماعت سے وابستگی یا مذہبی خدمات کی بنیاد پر دوسروں کو کمتر سمجھنے لگتے ہیں۔

وہ اپنے آپ کو زیادہ نیک، زیادہ مخلص اور زیادہ مقبولِ بارگاہ سمجھنے لگتے ہیں، اور اسی بنا پر دوسروں کے بارے میں بدگمانی، تحقیر اور حقارت کا رویہ اختیار کرتے ہیں۔

بعض لوگ دوسروں کی عبادت میں کمی، دینی کمزوری یا ظاہری کوتاہی دیکھ کر انہیں حقیر سمجھتے ہیں، گویا انہیں دوسروں کے باطن اور انجام کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہوگیا ہو۔

اسی طرح مذہبی و مسلکی اختلافات بھی بعض اوقات تکبر کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔ انسان اپنے علمی یا فکری موقف سے اختلاف رکھنے والوں کو محض مخالف سمجھنے کے بجائے کم عقل، گمراہ یا کم تر انسان تصور کرنے لگتا ہے۔ اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کے بجائے تحقیر، الزام تراشی اور کردار کشی کا راستہ اختیار کرتا ہے۔

دینی خدمت اور عبادت انسان کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرنے کا ذریعہ ہیں، اگر اس کے نتیجے میں انسان کے اندر عاجزی، رحم دلی اور حسنِ اخلاق پیدا نہ ہو بلکہ دوسروں کے لیے حقارت پیدا ہونے لگے تو اسے اپنے طرزِ فکر اور دینداری کا محاسبہ کرنا چاہیے۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:

فَلَا تُزَكُّوا أَنْفُسَكُمْ ۖ هُوَ أَعْلَمُ بِمَنِ اتَّقَىٰ (النجم: 32)

تم اپنی پارسائی کا اظہار مت کرو ، وہ ( اللہ تعالیٰ) خوب جانتے ہیں کہ کون متقی ہے۔

اس آیت میں خود ستائی اور اپنی پاکیزگی کے اظہار سے روکا گیا ہے۔ اس لئے انسان کو اپنی پارسائی ظاہر کرنے کے بجائے، اصلاح کی فکر کرنی چاہیے۔

 

اور یہ بھی واضح رہے کہ تکبر صرف انفرادی سطح پر نہیں ہوتا، بلکہ کبھی پوری قوم، نسل، گروہ یا برادری کی اجتماعی ذہنیت کا حصہ بن جاتا ہے۔ بعض قومیں اپنی نسل، زبان، رنگ، تہذیب، تاریخ، جغرافیائی حیثیت یا سیاسی طاقت کی بنیاد پر دوسری قوموں کو کمتر سمجھتی ہیں۔

یہ ذہنیت کبھی نسلی امتیاز، کبھی رنگ و نسل کی بنیاد پر نفرت اور کبھی قوم پرستانہ غرور کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔ طاقت ور قومیں کمزور قوموں کے حقوق کو نظر انداز کرتی ہیں، ان کی تہذیب و ثقافت کا مذاق اڑاتی ہیں اور اپنے سیاسی، معاشی یا عسکری غلبے کو برتری کی سند سمجھتی ہیں۔

اسی طرح بعض مذہبی گروہ اپنے اجتماعی تشخص کو اس انداز میں پیش کرتے ہیں کہ دوسروں کی انسانیت، عزت اور بنیادی حقوق بھی ان کی نظر میں اپنی اہمیت کھو دیتے ہیں۔

یہ اجتماعی تکبر معاشرتی نفرت، تعصب، امتیاز، استحصال اور ظلم کو جنم دیتا ہے۔

اور فرقہ وارانہ نفرتیں عموماً اسی بنیاد پر پروان چڑھتی ہیں ۔

بر صغیر میں مسلمانوں کے درمیان اس طرح کا فرقہ وارانہ تعصب عام بات ہے ، جس کی اصل وجہ خود کو پارسا اور جنتی سمجھنے کا تکبر ہوتا ہے ۔

اسلام نے انسانی مساوات، عدل اور باہمی احترام کا جو اصول دیا ہے، وہ اس ذہنیت کی مکمل نفی کرتا ہے۔

 

تکبر کا ایک عام مظاہرہ گھریلو زندگی میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ بعض شوہر اپنی مردانگی، معاشی کفالت یا خاندانی اختیار کی بنیاد پر بیوی کو کمتر سمجھتے ہیں اور اس کی رائے، جذبات اور حقوق کو اہمیت نہیں دیتے۔ بعض بیویاں اپنی دولت، خاندان، تعلیم یا معاشی خود کفیلی کی بنیاد پر شوہر اور اس کے خاندان کو حقیر سمجھنے لگتی ہیں۔

اسی طرح بعض والدین اپنی اولاد کی رائے، جذبات اور صلاحیتوں کو تسلیم کرنے کے بجائے ہر وقت اپنی برتری منوانا چاہتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ عمر اور والدین ہونے کی حیثیت، انہیں ہر معاملے میں غیر مشروط طور پر درست ثابت کرتی ہے۔

بعض اولاد بھی دولت، تعلیم یا کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے والدین کو کم علم، پرانے خیالات کا حامل یا زمانے سے بے خبر سمجھ کر ان کی تحقیر کرنے لگتی ہے۔

 

بڑے بھائی چھوٹے بھائی، بہنوں کو کمتر سمجھتے ہیں، بعض سسرال والے بہو یا داماد کو اپنی خاندانی حیثیت کے مقابلے میں کم تر تصور کرتے ہیں اور بعض خاندان مالی یا سماجی مرتبے کی بنیاد پر دوسرے رشتہ داروں سے دوری اختیار کرلیتے ہیں۔

جبکہ خاندان محبت، احترام، ایثار اور باہمی تعاون سے قائم رہتے ہیں اور تکبر ان رشتوں کی بنیادوں کو کمزور کردیتا ہے۔

 

تعلیمی ادارے علم، تربیت اور شخصیت سازی کے مراکز ہوتے ہیں، لیکن یہاں بھی تکبر کی مختلف صورتیں پیدا ہوسکتی ہیں۔ بعض اساتذہ اپنی علمی حیثیت کی بناء پر دوسرے اساتذہ کو حقیر سمجھتے ہیں اور بعض اپنے اختیارات کی بنیاد پر ۔

بعض اساتذہ مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کی تذلیل کرتے ہیں، ان کے سوالات کو ناپسند کرتے ہیں اور اختلاف یا تنقیدی سوچ کو برداشت نہیں کرتے۔

 

اور بعض طلبہ اپنی ذہانت، تعلیمی کامیابی یا معاشی حیثیت کی بنیاد پر دوسرے کمزور طلبہ کو حقیر سمجھتے ہیں۔

بعض ادارے اپنی شہرت، نتائج، عمارتوں یا مالی وسائل کی بنیاد پر دوسرے تعلیمی اداروں کو کمتر سمجھتے ہیں۔

اسی طرح علمی و تحقیقی حلقوں میں بعض افراد دوسروں کی محنت اور تحقیق کا اعتراف کرنے سے گریز کرتے ہیں، کسی دوسرے کی علمی کامیابی کو اپنی توہین سمجھتے ہیں اور علمی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

جبکہ تعلیم کا مقصد انسان کو مہذب، وسیع النظر اور حقیقت پسند بنانا ہے۔ اگر تعلیم کے نتیجے میں تکبر، خود پسندی اور دوسروں کی تحقیر پیدا ہونے لگے تو اس تعلیم و تربیت پر سوال اٹھنا فطری ہے۔

 

اسی طرح کاروباری دنیا میں بھی تکبر کئی صورتوں میں جلوہ گر ہوتا ہے۔ بعض تاجر اور صنعت کار اپنی مالی حیثیت کی بنیاد پر چھوٹے کاروباری افراد کو حقیر سمجھتے ہیں۔ بعض مالکان اپنے ملازمین کو محض ایک معاشی وسیلہ سمجھتے ہیں اور ان کی عزتِ نفس، ضروریات اور حقوق کا خیال نہیں رکھتے۔

کچھ لوگ معمولی مالی کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پرانے گاہکوں، شراکت داروں اور ساتھیوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ بعض کاروباری افراد اپنی مارکیٹ کی حیثیت اور اثر و رسوخ کی بنیاد پر دوسروں کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔

 

ان کے علاوہ خوشامد پسندانہ ماحول بھی تکبر کو فروغ دیتا ہے۔ جب کسی با اثر شخص کے اردگرد ایسے لوگ جمع ہو جائیں جو ہر بات پر اس کی تعریف کریں، اس کی غلطیوں کو بھی خوبی قرار دیں اور اس کے فیصلوں پر سوال اٹھانے کی ہمت نہ کریں تو اس کے اندر احساسِ برتری مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔

موجودہ دور میں شہرت اور مقبولیت بھی تکبر کا ایک نمایاں ذریعہ بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا نے ہر شخص کو اپنی زندگی، کامیابیوں، مصروفیات اور صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔ یہ اظہار بذاتِ خود کوئی برائی نہیں، لیکن جب انسان اپنی مقبولیت، فالوورز، لائکس، تبصروں اور آن لائن شہرت کو اپنی برتری کی دلیل سمجھنے لگے تو یہ خود پسندی اور تکبر کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

بعض لوگ اپنی تصاویر، لباس، رہن سہن، اسفار ، دعوتوں اور مالی حیثیت کی نمائش کے ذریعے دوسروں پر اپنا رعب قائم کرنا چاہتے ہیں۔ بعض اپنی مقبولیت کی بنیاد پر عام لوگوں کو کمتر سمجھتے ہیں اور معمولی تنقید کو بھی برداشت نہیں کر پاتے۔

اسی طرح بعض افراد اپنی شہرت کے تحفظ کے لیے دوسروں کی تحقیر، تضحیک اور کردار کشی سے بھی گریز نہیں کرتے۔

حقیقت یہ ہے کہ لوگوں کی توجہ، پسندیدگی اور وقتی مقبولیت کسی انسان کی اخلاقی عظمت کی سند نہیں ہوتی۔

تکبر کی ایک پوشیدہ صورت اپنی رائے، سوچ اور ذہانت کو دوسروں سے برتر سمجھنا ہے۔ بعض لوگ کسی معاملے میں اپنی رائے قائم کر لینے کے بعد اس کے خلاف کوئی دلیل سننے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا فہم دوسروں سے بہتر اور ان کی سوچ ہر اعتبار سے درست ہے۔

کسی مجلس میں دوسروں کی بات کاٹنا، ہر گفتگو میں اپنی رائے کو غالب رکھنے کی کوشش کرنا، دوسروں کے تجربات کو اہمیت نہ دینا، اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے نت نئے جواز پیش کرنا اور اختلاف کرنے والے کو ذاتی مخالف سمجھنا اسی ذہنیت کی علامات ہیں۔

 

بعض لوگ اپنی زبان دانی، حاضر جوابی، مزاح، گفتگو کے انداز یا سماجی روابط پر بھی اس قدر ناز کرتے ہیں کہ دوسروں کو اپنے سامنے غیر اہم سمجھنے لگتے ہیں۔

 

بعض لوگ رفاہی خدمات، تعلیمی و سماجی سرگرمیوں اور قربانیوں کو اپنی برتری کی دلیل سمجھنے لگتے ہیں۔

یہ تکبر کی نسبتاً زیادہ پوشیدہ اور پیچیدہ صورت ہے۔

وہ دوسروں کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ ان کے بغیر کوئی کام نہیں ہوسکتا، ان کی خدمات کا اعتراف نہ کرنا ناشکری ہے اور ان کی رائے قبول نہ کرنا نااہلی کی علامت ہے۔

بعض رفاہی اور دینی کام کرنے والے افراد اپنی خدمات کے ذریعے لوگوں کو احسان مند بنائے رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ مدد کرنے کے بعد دوسروں کی عزتِ نفس کا خیال نہیں رکھتے اور اپنی نیکیوں کا حوالہ دے کر انہیں دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔

حالاں کہ نیکی کی اصل روح اخلاص، ایثار اور اللہ تعالیٰ کی رضا ہے۔ جو نیکی انسان کے اندر عاجزی اور رحم دلی پیدا کرنے کے بجائے احساسِ برتری پیدا کرے، ایسے انسان کو خود احتسابی کی ضرورت ہے۔

 

تکبر ہمیشہ کھلم کھلا سامنے نہیں آتا۔ بعض اوقات یہ روزمرہ کے معمولی رویّوں میں چھپا ہوتا ہے۔ جیسے

– دوسروں کی بات مکمل ہونے سے پہلے اسے رد کردینا۔

– اپنی غلطی تسلیم کرنے اور معذرت کرنے سے گریز کرنا۔

– اپنے سے کم حیثیت سمجھے جانے والے شخص کی بات کو اہمیت نہ دینا۔

– دوسروں کی کامیابی پر خوش ہونے کے بجائے حسد اور بے چینی محسوس کرنا۔

– اپنی تعریف سننے کی خواہش اور تنقید پر شدید ناراضی۔

– کسی کی علمی، مالی یا سماجی ترقی کا اعتراف نہ کرنا۔

– دوسروں سے غیر معمولی احترام کی توقع رکھنا، لیکن خود انہیں احترام نہ دینا۔

– اپنے ماتحتوں اور خدمت گاروں کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ اختیار کرنا۔

– مشورہ سننے کے بجائے ہر معاملے میں اپنی مرضی مسلط کرنا۔

– اپنی معمولی خدمات اور قربانیوں پر بار بار احسان جتانا۔

 

یہ تمام رویّے لازماً ہر صورت میں تکبر کا قطعی ثبوت نہیں ہوتے، لیکن جب ان کے پیچھے دوسروں کو کمتر سمجھنے اور اپنی برتری منوانے کا جذبہ موجود ہو تو یہ تکبر کی علامات بن جاتے ہیں۔

تکبر اچانک پیدا نہیں ہوتا، بلکہ اس کے پیچھے کئی نفسیاتی، اخلاقی اور معاشرتی عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔

مال و دولت، عہدہ، شہرت، علم، خاندان اور ظاہری خوبیوں پر غیر معمولی اعتماد اس کے نمایاں اسباب ہیں۔ اس کے علاوہ حد سے بڑھی ہوئی خود پسندی، اپنی ذات سے غیر متوازن محبت، دوسروں سے مسلسل موازنہ، خوشامد پسندانہ ماحول اور تنقید برداشت نہ کرنے کی عادت بھی اسے تقویت دیتی ہے۔

بعض اوقات احساسِ کمتری کا ردعمل بھی تکبر کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ انسان اپنے اندر موجود کمزوریوں کو چھپانے کے لیے دوسروں کے سامنے مصنوعی برتری کا اظہار کرنے لگتا ہے۔ وہ اپنی شخصیت کو بڑا دکھانے کے لیے دوسروں کو چھوٹا ثابت کرتا ہے۔

اسی طرح جب کسی شخص کو بغیر مناسب اخلاقی تربیت کے اچانک دولت، اختیار یا شہرت حاصل ہوجائے تو اس کے لیے اپنی حدود اور ذمہ داریوں کا احساس برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔

 

تکبر کا ایک اہم سبب اللہ تعالیٰ کی نعمتوں اور انسان کی حقیقی حیثیت سے غفلت بھی ہے۔ جب انسان اپنی کامیابیوں کو محض اپنی قابلیت کا نتیجہ سمجھنے لگتا ہے اور اپنے وجود، زندگی اور صلاحیتوں کی حقیقت بھول جاتا ہے تو اس کے اندر غرور اور خود پسندی پیدا ہونے لگتی ہے۔

 

تکبر سب سے پہلے انسان کے باطن کو متاثر کرتا ہے۔ وہ اسے اپنی خامیوں سے غافل، دوسروں کی خوبیوں سے بے خبر اور حق قبول کرنے سے محروم کر دیتا ہے۔ متکبر شخص اپنی اصلاح کے بجائے اپنی برتری کے تحفظ میں زیادہ دلچسپی لینے لگتا ہے۔

اس کے نتیجے میں اس کے اندر حسد، خود پسندی، ضد، تعصب، غصہ اور انتقام جیسے منفی جذبات پیدا ہوسکتے ہیں۔ وہ دوسروں کی کامیابی کو اپنی ناکامی سمجھتا ہے اور اپنے مخالفین کی معمولی غلطیوں کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔

 

معاشرتی سطح پر تکبر باہمی اعتماد کو ختم کرتا ہے۔ خاندانوں میں دوریاں، اداروں میں خوشامد، کاروبار میں استحصال، تعلیمی ماحول میں خوف اور سماجی زندگی میں طبقاتی تقسیم کو فروغ دیتا ہے۔

 

جب کسی ادارے کا سربراہ اپنی رائے کو حرفِ آخر سمجھنے لگے تو مشاورت ختم ہو جاتی ہے۔ جب کسی خاندان کا ایک فرد اپنی برتری مسلط کرنے لگے تو محبت کی جگہ خوف اور نفرت لے لیتی ہے۔ جب معاشرے کے بااثر افراد کمزوروں کو حقیر سمجھنے لگیں تو عدل و انصاف کمزور پڑنے لگتا ہے۔

 

یوں ایک فرد کے اندر پیدا ہونے والا احساسِ برتری رفتہ رفتہ اجتماعی انتشار، ناانصافی اور اخلاقی زوال کا سبب بن جاتا ہے۔

تکبر اس لیے بھی خطرناک ہے کہ اس میں انسان اپنی اصلاح کے تمام دروازے خود بند کرلیتا ہے۔

اسلام نے تکبر کو نہایت سنگین اخلاقی برائی قرار دیا ہے۔ قرآن کریم میں متعدد مقامات پر اس کی مذمت آئی ہے اور متکبرین کے لیے سخت وعید سنائی گئی ہے۔

 

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں :

إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُسْتَكْبِرِينَ

(النحل: 23)

بے شک اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتے۔

 

▪️سَأَصْرِفُ عَنْ آيَاتِيَ الَّذِينَ يَتَكَبَّرُونَ فِي الْأَرْضِ بِغَيْرِ الْحَقِّ (الأعراف: 146)

میں اپنی نشانیوں سے ان لوگوں کو پھیر دوں گا جو زمین میں ناحق تکبر کرتے ہیں۔

 

▪️كَذَٰلِكَ يَطْبَعُ اللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ قَلْبِ مُتَكَبِّرٍ جَبَّارٍ (غافر: 35)

اسی طرح اللہ تعالیٰ ہر متکبر اور سرکش شخص کے دل پر مہر لگا دیتے ہیں۔

 

نبی کریم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں :

لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ مَنْ كَانَ فِي قَلْبِهِ مِثْقَالُ ذَرَّةٍ مِنْ كِبْرٍ

(مسلم )

جس شخص کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہوگا، وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا۔

 

یہ وعید تکبر کی نہایت درجہ سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ معمولی تکبر کا ارتکاب کرنے والا لازماً ہمیشہ کے لیے جنت سے محروم ہو جائے گا، بلکہ اس حدیث میں اس گناہ کی سخت مذمت اور اس سے اجتناب کی تاکید ہے۔

 

اسی طرح حدیثِ قدسی میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں :

الْكِبْرِيَاءُ رِدَائِي، وَالْعَظَمَةُ إِزَارِي، فَمَنْ نَازَعَنِي وَاحِدًا مِنْهُمَا قَذَفْتُهُ فِي النَّارِ( ابوداؤد، ابن ماجہ )

بڑائی میری چادر ہے اور عظمت میرا ازار ہے، پس جو ان میں سے کسی ایک کے معاملے میں مجھ سے مقابلہ کرے گا، میں اسے آگ میں ڈال دوں گا۔

یعنی حقیقی کبریائی اور عظمت صرف اللہ تعالیٰ کی شان ہے۔ انسان کا مقام بندگی اور عاجزی کا ہے، اس لیے اس کے لیے تکبر اور بڑائی کا دعویٰ مناسب نہیں۔

 

سورہ قصص میں ارشاد ہے:

تِلْكَ الدَّارُ الْآخِرَةُ نَجْعَلُهَا لِلَّذِينَ لَا يُرِيدُونَ عُلُوًّا فِي الْأَرْضِ وَلَا فَسَادًا (القصص: 83)

آخرت کا گھر ہم ان لوگوں کے لیے بناتے ہیں جو زمین میں نہ بڑائی چاہتے ہیں اور نہ فساد۔

 

تکبر ایک باطنی بیماری ہے، اس لیے اس کا علاج بھی انسان کے باطن کی اصلاح اور عملی رویّوں کی تبدیلی سے ممکن ہے۔

محض زبان سے عاجزی کے الفاظ ادا کرنا کافی نہیں، بلکہ سوچ، احساس اور عمل میں انکساری پیدا کرنا ضروری ہے۔

سب سے پہلے انسان کو اپنی حقیقت پہچاننی چاہیے۔ اسے یاد رکھنا چاہیے کہ وہ ایک کمزور مخلوق ہے، جس کا وجود اللہ تعالیٰ کی عطا ہے اور جس کی زندگی، صحت، علم، دولت اور صلاحیتیں سب اسی کے فضل سے ہیں۔ جو نعمت آج اس کے پاس ہے، وہ کل بھی باقی رہے گی، اس کی کوئی ضمانت نہیں۔

دوسرے، انسان کو اپنے سے مختلف اور کم حیثیت سمجھے جانے والے لوگوں کے ساتھ احترام سے پیش آنا چاہیے۔ کسی شخص کی مالی کمزوری، کم علمی، معمولی پیشے یا سماجی حیثیت کو اس کی تحقیر کا سبب نہیں بنانا چاہیے۔

اور حق بات قبول کرنے کی عادت پیدا کرنی چاہیے۔ انسان کو یہ حوصلہ ہونا چاہیے کہ اگر اس سے چھوٹا، کم عمر یا کم حیثیت شخص بھی درست بات کہے تو اسے بلا جھجک قبول کرے۔

اور اپنی غلطی تسلیم کرنے اور معذرت کرنے میں عار محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ اپنی کوتاہی مان لینا انسان کو چھوٹا نہیں کرتا، بلکہ اس کے کردار کو بلند کرتا ہے۔

اسی طرح دوسروں کی کامیابیوں اور خوبیوں کا کھلے دل سے اعتراف کرنا چاہیے۔ کسی کی ترقی کو اپنی شکست سمجھنے کے بجائے اس کے لیے خوش ہونا چاہیے۔

نیز خوشامد پسندانہ ماحول سے بچنا چاہیے۔ ایسے لوگوں کو اپنے قریب رکھنا چاہیے جو مناسب انداز میں غلطی کی نشان دہی کرسکیں اور حق بات کہنے کا حوصلہ رکھتے ہوں۔

اور خاص طور پر وقتاً فوقتاً اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ کہیں ہماری گفتگو، لباس، تعلقات، فیصلوں اور دوسروں کے ساتھ برتاؤ میں احساسِ برتری تو شامل نہیں ہوگیا۔

نبی کریم ﷺ نے تواضع کی فضیلت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:

وَمَا تَوَاضَعَ أَحَدٌ لِلّٰهِ إِلَّا رَفَعَهُ اللّٰهُ (مسلم)

جو شخص اللہ تعالیٰ کے لیے تواضع اختیار کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے بلند مرتبہ عطا فرماتے ہیں۔

یہ حدیث اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ حقیقی بلندی تکبر میں نہیں، بلکہ تواضع میں ہے۔ جو انسان اپنی بڑائی منوانے کی کوشش چھوڑ دیتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے لوگوں کے دلوں میں معزز بنا دیتے ہیں ۔

 

تکبر ایک ایسی اخلاقی بیماری ہے جو انسان کو اپنی نظروں میں بڑا اور حقیقت میں چھوٹا بنادیتی ہے۔ یہ اسے اپنی خوبیوں پر ناز کرنا سکھاتی ہے، لیکن اپنی خامیوں کو دیکھنے کی صلاحیت چھین لیتی ہے۔ یہ دوسروں کو کمتر سمجھنے کا حوصلہ تو دیتی ہے، لیکن اپنے نفس کی اصلاح کا حوصلہ ختم کردیتی ہے۔ اس کے زیرِ اثر انسان اپنی کامیابیوں کو اپنی قابلیت، اپنی دولت کو اپنی برتری، اپنے منصب کو اپنی عظمت اور اپنی رائے کو حرفِ آخر سمجھنے لگتا ہے۔

حالاں کہ انسان کی حقیقی عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ کتنے لوگوں پر حکم چلاتا ہے، کتنے لوگ اس کی تعریف کرتے ہیں یا کتنے افراد اس کے سامنے سر جھکاتے ہیں، بلکہ اس میں ہے کہ وہ اپنے اختیار کو کس طرح استعمال کرتا ہے، دوسروں کی عزت کا کس قدر خیال رکھتا ہے، حق کے سامنے کس قدر جھکتا ہے اور اپنی غلطی تسلیم کرنے کا کتنا حوصلہ رکھتا ہے۔

 

ایک مہذب معاشرے کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ دولت مند اپنے مال پر، عالم اپنے علم پر، صاحبِ منصب اپنے اختیار پر، صاحبِ نسب اپنے خاندان پر اور صاحبِ شہرت اپنی مقبولیت پر فخر کرکے دوسروں کو حقیر نہ سمجھے۔ ہر شخص اپنی خوبیوں اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے، لیکن انہیں دوسروں کی تحقیر کا ذریعہ نہ بنائے۔

ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ دنیا کی ہر ظاہری برتری عارضی ہے۔ مال ختم ہوسکتا ہے، منصب چھن سکتا ہے، شہرت مٹ سکتی ہے، حسن ڈھل سکتا ہے اور قوت کمزور پڑسکتی ہے۔ باقی رہنے والی چیز انسان کا کردار، اس کے اعمال اور دوسروں کے ساتھ اس کا حسنِ سلوک ہے۔

جو شخص دوسروں کو چھوٹا کرکے خود کو بڑا بنانا چاہتا ہے، وہ درحقیقت اپنی اخلاقی پستی کا اعلان کرتا ہے، اور جو اپنی بڑائی کے دعوے سے بے نیاز ہوکر دوسروں کی عزت کرنا سیکھ لیتا ہے، حقیقی عظمت اسی کے حصے میں آتی ہے۔

لہٰذا تکبر سے نجات محض ایک انفرادی اصلاح نہیں، بلکہ ایک صحت مند، مہذب، منصفانہ اور باہمی احترام پر قائم معاشرے کی تشکیل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

Comments are closed.