مسقط میں عالمی کوکنی کونسل کا اجتماع، مفتی اشفاق قاضی اعزاز سے سرفراز

 

فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر بمبئی کے کارناموں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا

 

مسقط۔ ۱۴؍ نومبر: سلطنتِ عمان کے دارالحکومت مسقط میں گلوبل کوکنی کمیٹیز کونسل کے زیرِ اہتمام تیسرا سالانہ جنرل اجلاس انتہائی جوش و خروش اور پُر وقار طریقے سے منعقد ہوا، جس میں ممبئی کے ممتاز علمی و سماجی رہنما مفتی اشفاق قاضی نے خصوصی شرکت کی اور تقریب کے دوران ان کی اور ان کے ادارے فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کی بے مثال سماجی، عائلی اور فلاحی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازا گیا،

’’ایک مشترکہ وژن، ایک مضبوط کمیونٹی‘‘ کے مرکزی عنوان کے تحت ہونے والے اس عالمی اجتماع کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں پھیلی کوکنی برادری کی اکائیوں کو ایک لڑی میں پرونا، باہمی اشتراک کو مستحکم کرنا اور معاشرتی و معاشی ترقی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنا تھا، اجلاس میں خلیجی خطے سمیت دیگر ممالک کی تنظیموں کے عمائدین اور نمائندوں نے بھرپور شرکت کی، جن میں کوکنی کمیونٹی ایسوسی ایشن ریاض، کوکن کمیٹی خمیس مشیط، کوکن کمیٹی مکہ مکرمہ، کوکن کمیٹی ترکیہ، کوکن کمیٹی جدہ، کوکن کمیٹی دمام و الخبر، کوکن ویلفیئر سوسائٹی کویت، کوکن کمیٹی بحرین، ایمریٹس کوکنی کمیٹی متحدہ عرب امارات، ریلیف فاؤنڈیشن قطر اور میزبان عمان کوکن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست پیش پیش تھے، اجلاس کے دوران تنظیمی ہم آہنگی، دیانت داری اور اجتماعی فلاح کے امور پر سیرحاصل گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس قسم کے باضابطہ اجتماعات سے عالمی سطح پر کمیونٹی کے فکری و عملی اتحاد کو نئی جلا ملا کرے گی۔

Comments are closed.