ملک کے تاریخی شہر سیلم تامل ناڈو میں سرکردہ علماء اور ماہرین کی موجودگی میں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے ۳۵ویں فقہی سمینار کا افتتاح
۔ملک سے نفرت کے ماحول کو ختم کرنے کی ذمہ داری علماء کی ہے اور اس سلسلہ میں مایوس ہوئے بغیر کوشش کرنی چاہئے: مولانا محمد سفیان قاسمی
۔اسلامی شریعت وہ منصفانہ قانون اور نظام ہے جس نے بھارت میں خواتین کو عزت ووقار کا مقام عطا کیا اور اپنی ذات اور اپنی جائیداد کے معاملہ میں خودمختار بنایا اور بیواؤں کے نکاح کو رواج دیا : مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)
سیلم تمل ناڈو (رپورٹ: مفتی احمد نادر القاسمی)
آج ۱۴؍نومبر ۲۰۲۶ء تامل ناڈو کے شہر سیلم کی قدیم اور تاریخی دینی درسگاہ مدرسہ مظاہر العلوم سیلم میں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے ۳۵ویں فقہی سمینار کا افتتاح ہوا۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت مشہور عالم دین دار العلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے فرمائی اور قاری محمد سعود خان کی تلاوت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ مولانا محمد ابو الکلام شفیق قاسمی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں شرکاء سمینار کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج کی انسانی زندگی میں ہونے والی تیز رفتار ترقی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کو قرآن وسنت کی روشنی میں حل کرنا علماء اور فقہاء کی اہم ذمہ داری ہے، اور اجتماعی رائے اور باہمی مشورے سے دینی مسائل کے حل کرنے کی روایت خلفاء راشدین سے اب تک تسلسل کے ساتھ چلی آرہی ہے، ہمارے لئے خوشی اور مسرت کی بات ہے کہ اس فقہی اجتماع کی میزبانی کا شرف مدرسہ مظاہر العلوم سیلم کو حاصل ہورہا ہے، اس کے لئے ہم اکیڈمی کے شکر گزار ہیں۔ اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے کلیدی خطاب میں آج کے تمام حساس اور ضروری مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ دین حق کے حامل ہونے کی حیثیت سے مسلمانوں کا ایک اہم ترین فریضہ لوگوں کو دین حق کی طرف دعوت دینا ہے جسے قرآن نے ’’موعظت حسنہ ‘‘ سے تعبیر کیا ہے، اسلام کے خلاف میڈیا کی زہر افشانی اور الزام تراشی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سوالات کا سامنا کریں اور غلط فہمیوں کو دور کریں نیز سماج سے نفرت کا ماحول ختم کریں، آپ نے کہا کہ آج کم عمری کی شادی، طلاق، اور تعدد ازدواج وغیرہ کی نسبت سے شریعت پر جو اعتراضات کئے جاتے ہیں اور بالخصوص جہاد کو دہشت گردی قرار دیا جاتا ہے وہ بالکل سراسر خلاف واقعہ ہے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’’ہم بحیثیت ایک داعی امت کے برادران وطن کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈوں کا شکار ہونے کے بجائے حقائق کو جاننے کی کوشش کریں اور ہم چار اور ہمارے چالیس جیسی بے سند باتوں کے فریب میں مبتلا نہ ہوں۔

مولانا عتیق احمد بستوی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ۱۹۸۹ء سے آج تک تسلسل کے ساتھ فقہ اکیڈمی کے سمینار منعقد ہورہے ہیں، اور یہ ۳۵واں فقہی سمینار ہے جو سیلم کی تاریخی دینی درسگاہ مظاہر العلوم میں منعقد ہورہا ہے، اور اکیڈمی اپنے مقصد پر کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ علماء موجودہ عہد کے مسائل پر توجہ دیں۔
اس موقع پر مولانا انس خان مہتمم مظاہر العلوم ، مولانا محمد شریف خان مہتمم دار العلوم زکریا دیوبند، مفتی رحمت اللہ بانڈی پورہ کشمیر، مولانا انیس الرحمن قاسمی پٹنہ، ڈاکٹر عبد اللہ جولم عمر آباد، مولانا روح الحق رشادی، مولانا سراج الدین رشادی اور مولوی انس عابد خان نے خطاب کیا۔
حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اسلام کا کوئی دور ایسا نہیں رہا جس میں اسے چیلنجوں کا سامنا نہ رہا ہو، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس نفرت کے ماحول کا سامنا کیا جائے، ہمارے اسلاف کی نظر صرف اپنے ارد گرد کےحالات پر نہیں تھی، بلکہ وہ آنے والے حالات کا ادراک رکھتے تھے۔ اور جب ان کے سامنے چیلنجز آئے تو انفرادی طور پر سہی اس کا مقابلہ کیا، راہیں نکالیں، ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر آ ج کے حالات کے مقابلے کی تدابیر تلاش کرنی چاہئے،ساتھ ہی آج ہمارے سامنے جو حالات ہیں ، ان کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں آج کے لب ولہجہ اور عرف وعادت کو سمجھنا ہوگا۔ تب ہی ہم اپنی بات دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔
اس موقع پر اکیڈمی کی نئی متعدد مطبوعات کی رسم اجرا عمل میں آئی جن میں خاص طور پر پچھلے سمینار کے مجلات اور مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی تالیف کردہ اہم کتاب اسلامی عدالت جلد دوم کی رسم اجرا ہوئی جو موجودہ عہد میں نظام دار القضاء سے تعلق رکھنے والے قضاۃ اور دیگر اہل علم کے لئے اہم ترین تحفہ ہے۔
کلمات تشکر مولانا محمد شریف خان نے پیش کیا۔ نعت پاک کا نذرانہ قاری محمد سعید خان نے پیش کیا اور نظامت کے فرائض فقہ اکیڈمی انڈیا کے سکریٹری برائے سمینار مولانا محمد عبید اللہ اسعدی نے انجام دیئے۔ اور جناب صدر کی دعاء پر افتتاحی نشست اختتام پذیر ہوئی۔
واضح رہے کہ یہ سمینار اگلے تین روز تک جاری رہے گا اورتبدیلی جنس سے متعلق مسائل، بیوہ اور مطلقہ کے مسائل، استحسان، اور سونے چاندی کی تجارت سے متعلق مسائل زیر بحث آئیںگے۔ اور ملک کے شمال وجنوب، مشرق ومغرب کی مشہور جامعات اور تعلیمی اداروں سے تشریف لانے والے تقریباً دو سو علماء ومفتیان کرام ان مسائل پر غورو خوض کریںگے اور اخیر میں تمام موضوعات پر تجاویز جاری کی جائیںگی۔
Comments are closed.