جامعہ سلمیٰ للبنات میں شاندار تعلیمی تقریب، نمایاں طالبات میں انعامات تقسیم

 

ممبئی کے معروف تاجر محمد نصر شیخ کا والہانہ استقبال، مقررین نے جامعہ کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہا

جالے:(محمد رفیع ساگر)

سنگھواڑہ بلاک علاقے کے معروف دینی و تعلیمی ادارہ جامعہ سلمیٰ للبنات، محلہ مجیب نگر، سنہ پور بزرگ میں ایک باوقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممبئی کے معروف تاجر اور جامعہ کے جنرل سکریٹری محمد نصر شیخ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جامعہ کے ناظم اور مقامی معزز شخصیات نے شال پوشی کر کے ان کا خیر مقدم کیا، جبکہ تقریب کے دوران خوشی اور عقیدت کا ماحول دیکھنے کو ملا۔

اس موقع پر جامعہ میں منعقدہ ماہانہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے درمیان انعامات تقسیم کیے گئے۔ بہترین کارکردگی پیش کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دینی اور عصری تعلیم کے امتزاج کے ساتھ بچیوں کی معیاری تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ طالبات کے روشن مستقبل، علمی ترقی اور دینی خدمات کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے جامعہ سلمیٰ للبنات کی دینی، تعلیمی اور تربیتی خدمات کو بے حد سراہا۔ مقررین نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں شعور، اخلاق اور تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے جامعہ کے ناظم قاری محمد ریحان کی خدمات کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل محنت، اخلاص اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کی بدولت جامعہ سلمیٰ للبنات علاقے میں علم و تربیت کا ایک معتبر مرکز بنتا جا رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ بچیوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے ان کی جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔

تقریب میں سینگھواڑہ بلوک کے نائب پرمکھ ساجد مظفر، جالے ڈگری کالج کے پروفیسر عامر نشاط، آفتاب عالم سابق ضلع پریشد، حافظ احمد رضا، قاری مزمل حیات، مولانا وسیم قاسمی، ارشاد عالم، زاہد، احسان عرف سمنے، مظفر عالم، ماسٹر خورشید آفاق صدر جامعہ، امتیاز، تنویر، محمد حسنین، مشتاق احمد سمیت بڑی تعداد میں معزز شخصیات اور مقامی باشندگان شریک ہوئے۔

پروگرام خوشگوار ماحول، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء نے جامعہ سلمیٰ للبنات کی تعلیمی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے ادارے کی مزید ترقی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Comments are closed.