گجرات انڈین مجاہدین مقدمہ:ملزمین کے اہل خانہ کی مولانا حلیم اللہ قاسمی سے ملاقات
ملزمین کے دفاع میں ملک کے نامور وکلاء کو پیش کرنے پر جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا
ممبئی 25/ مئی(پریس ریلیز)
گجرات انڈین مجاہدین نامی مقدمہ کی گجرات ہائی کورٹ میں سماعت مکمل ہوچکی ہے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ نچلی عدالت نے 38/ ملزمین کو پھانسی اور 11/ ملزمین کو عمر قیدکی سزا سنائی تھی۔ جمعیۃعلماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر ملزمین کے مقدمات کی پیروی نچلی عدالت سے کررہی ہے، ہائی کورٹ میں جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی نے 40/ ملزمین کے مقدمات کی پیروی کی جس میں پھانسی اور عمد قید کی سزا پانے والے ملزمین شامل ہیں۔اس مقدمہ میں ماخوذ ملزمین کے اہل خانہ نے آج دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ممبئی) میں صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ قاسمی، نائب صدر مولانا عارف عمری اور قانونی مشیر ایڈوکیٹ شاہد ندیم سے ملاقات کی اور ملزمین کے مقدمات کی پیروی کرنے کے لیئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ پھانسی اور عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کے مقدمات کی پیروی کرنے کے لیئے ہم ملک کے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کی جس میں سینئر ایڈوکیٹ ایس ناگامتھو، سینئر ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن، سینئر ایڈوکیٹ مہر دیسائی، ایڈوکیٹ یوگ موہت چودھری، ہردے بوچ، ایڈوکیٹ سومناتھ و دیگر وکلاء شامل ہیں جبکہ سینئر وکلاء کی معاونت کرنے کے لیئے مقامی اور بیرونی وکلاء کی بھی تقرری کی جس میں ایڈوکیٹ خالد شیخ، ایڈوکیٹ پایوشی رائے، ایڈوکیٹ سدھارتھ، ایڈوکیٹ ارجن، ایڈوکیٹ بلال ودیگر شامل ہیں۔مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مزید کہا کہ اس مقدمہ کے چند ملزمین نے ان کے دفاع کے لیئے ذاتی طور پر وکلاء کی تقرری کی تھی لیکن ہم نے انہیں بھی مکمل تعاو ن دیا اور مقدمات کے متعلق دستاویزات انہیں مہیا کرائے جس میں گجراتی زبان سے انگریزی زبا ن میں ترجمہ کرائے گئے ہزاروں دستاویزات شامل ہیں نیز دہشت گردانہ مقدمات میں جھوٹے پھنسائے گئے ملزمین کے مقدمات لڑنے کا جمعیۃ علماء کو دو دہائیوں کا تجربہ ہے،مقدمہ کی نوعیت اور ملزم کے خلاف عائد الزامات کی بنیاد پر دفاعی وکلاء کی تقرری کی جاتی ہے۔۔مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء احمد بالخصوص مفتی عبدالقیوم منصوری کا تعاون بھی اس مقدمہ میں شامل رہا اور انہیں امید ہے کہ گجرات ہائی کورٹ ملزمین کے ساتھ انصاف کریگی جنہیں ایک منظم سازش کے تحت دہشت گردی کے جھوٹے مقدما ت میں پھنسایا گیا۔
مولانا عارف عمری نے بھی ملزمین کے اہل خانہ سے کہا کہ وہ صبر و ہمت سے کام لیں اور جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی پر بھروسہ رکھیں انشاء اللہ ان کے مقدمات کی پیروی کی جاتی رہے گی۔ اس موقع پر ملزمین کے اہل خانہ نے مولانا حلیم اللہ قاسمی سے گذارش کی کہ جس طرح ابتک جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی نے انہیں سہارا دیا ہے آگے بھی انہیں جمعیۃ علماء کا تعاون حاصل رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ میں ہونے والی فائنل بحث سے الحمداللہ تمام ملزمین مطمئن ہیں اور انہوں نے ہمیں پیغام دیا ہے کہ وہ ان کی جانب سے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کریں۔ ملزمین کے اہل خانہ نے دفتر جمعیۃ علماء میں 7/11/ ممبئی لوکل ٹرین اور مالیگاؤں 2006/ بم دھماکہ مقدمہ سے بری کیئے گئے محمد علی شیخ سے بھی ملاقات کی اور ان سے دہشت گردی کے مقدمات کی کس طرح سے پیروی کی جاتی ہے پر تفصیلی گفتگو کی اور ملزمین کے اہل خانہ سے صبر کرنے اور اللہ تبارک و تعالی سے دعا کرنے کی گذارش کی۔
Comments are closed.