یومِ ماحولیات کے موقع پر وارڈ نمبر 09 میں شجرکاری مہم، ضلع پنچایت رکن امان مہتاب نے پودا لگا کر دیا ماحولیات کے تحفظ کا پیغام

 

جونپور: عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر وارڈ نمبر 09 کے مختلف مقامات پر ضلع پنچایت رکن امان مہتاب کی قیادت میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی باشندوں، نوجوانوں اور سماجی کارکنان کی موجودگی میں متعدد پودے لگائے گئے اور عوام کو ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

امان مہتاب نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں جو انسانوں کو آکسیجن، سایہ، پھل اور صاف و شفاف ماحول فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی، درجۂ حرارت میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف پودے لگانے تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی نگہداشت کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ یہ ننھے پودے مستقبل میں تناور درخت بن کر معاشرے اور آنے والی نسلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایک درخت اپنی زندگی میں ہزاروں افراد کو صاف ہوا فراہم کرتا ہے اور ماحول کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ شجرکاری مہم میں شریک افراد نے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کا عہد بھی کیا۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ اور سرسبز معاشرے کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

"آج کا لگایا ہوا ایک پودا، کل کی نسلوں کے لیے زندگی کا سرمایہ ہے۔”

Comments are closed.