تنظیم ابنائے ندوہ بہار کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت، ایڈہاک کمیٹی کی اہم میٹنگ، مجلس تاسیسی کے اراکین کی نامزدگی، انتخابی اجلاس اکتوبر میں
پٹنہ (پریس ریلیز) ایڈہاک کمیٹی تنظیم ابنائے ندوہ بہار کی ایک اہم میٹنگ بتاریخ 14 جون 2026 بروز اتوار بمقام جامعہ محمدیہ، نیو عظیم آباد کالونی، پٹنہ میں منعقد ہوئی، میٹنگ کی صدارت حضرت مولانا غلام سرور ندوی نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ڈاکٹر نورالسلام ندوی نے انجام دیے، اجلاس کا آغاز مولانا محمد صدر عالم ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،
نظامت کے ابتدائی اور تعارفی کلمات کے بعد ایجنڈے کے مطابق مختلف اہم امور پر غور و خوض کیا گیا،
*مجلسِ تاسیسی کے اراکین کا انتخاب*
سب سے پہلے تنظیم کے دستور کی دفعہ 15، شق 2 کے مطابق 67 تاسیسی اراکین کے انتخاب کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو ہوئی، باہمی مشورے، تبادلۂ خیال اور اتفاق رائے کے بعد ریاست بہار کے 38 اضلاع میں سے تقریباً تمام اضلاع سے مجلس تاسیسی کے لئے تین تین اراکین نامزد کیے گئے،
البتہ ضلع کیمور(بھبھوا) اور بانکا سے کافی تلاش وجستجو کے باوجود کسی ندوی کا نام دستیاب نہ ہو سکا، اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اجلاس نے مولانا ڈاکٹر نورالسلام ندوی کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ مذکورہ دونوں اضلاع سے مناسب افراد کی تلاش کرکے فہرست کو مکمل کریں،

*تنظیم ابنائے ندوہ بہار کی تشکیل اور انتخابی اجلاس*
میٹنگ میں تنظیم ابنائے ندوہ بہار کی باضابطہ تشکیل کے لیے تاریخ اور مقام کے تعین پر بھی غور کیا گیا، طویل مشاورت کے بعد یہ طے پایا کہ پہلے مجلس تاسیسی کے اراکین کی فہرست مکمل کی جائے، پھر تمام نامزد اراکین کو ان کی نامزدگی سے باخبر کیا جائے اور ان کی رضامندی حاصل کی جائے،
اجلاس نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ مذکورہ تمام مراحل کی تکمیل کےبعد تنظیم ابنائے ندوہ بہار کا انتخابی اجلاس اکتوبر 2026ء میں پٹنہ شہر میں منعقد کیا جائے گا، جس میں تنظیم کے مستقل ڈھانچے اور ذمہ داران کا انتخاب عمل میں آئے گا،
اس سلسلے کے تمام انتظامی اور تنظیمی امور کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں درج ذیل حضرات شامل ہیں:
مولانا مشہود احمد قادری ندوی
مولانا ڈاکٹر نورالسلام ندوی
مولانا ذاکر حسین ندوی
مولانا ثناء اللہ ندوی ازہری
مولانا محمد صدر عالم ندوی
*یہ کمیٹی مجلس تاسیسی کی تکمیل، اراکین سے رابطہ، رضامندی کے حصول اور انتخابی اجلاس کے انعقاد سے متعلق تمام ضروری اقدامات کی مجاز ہوگی،*
دیگر امور پر بھی باجازت صدر مختصر گفتگو ہوئی اور بعض انتظامی و تنظیمی تجاویز پیش کی گئیں، جنہیں آئندہ اجلاس میں مزید غور کے لیے محفوظ رکھا گیا،
میٹنگ میں ایڈہاک کمیٹی کے مندرجہ ذیل ممبران نے شرکت کی، حضرت مولانا مشہود احمد قادری ندوی، مولانا نجیب الرحمن ململی ندوی، مولانا ڈاکٹر نور السلام ندوی، مولانا ڈاکٹر ذاکر حسین ندوی، مولانا غلام سرور ندوی، مولانا ثنا اللہ ازہری ندوی، مولانا محمد صدر عالم ندوی،مولانا حامد حسین ندوی،
اس موقع پرمولانا مشہود احمد قادری ندوی نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیم کے تمام افراد کو ہمیشہ اپنے مقاصد اور نصب العین پر گہری نظر رکھنی چاہیے، انہوں نے باہمی تعاون، اخلاص اور اتحاد کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی تاکہ تنظیمی سرگرمیاں مؤثر اور نتیجہ خیز بن سکیں،
مولانا نجیب الرحمن ململی ندوی نے کہا کہ ہم سب جس ادارہ کے پروردہ ہیں وہ ہمیشہ سے زبان ہوشمند اور فکرِ ارجمند کا ترجمان رہا ہے، انہوں نے رفع نزاع باہمی، اعتدال اور تحمل کی اہمیت پر زور دیا،
مولانا ڈاکٹر ذاکر حسین ندوی نے کہا کہ تنظیم اور ادارے اصول اور ضابطے سے چلتے ہیں،اختلاف رائے اور تنقید کے مواقع پر بھی توازن اور شائستگی برقرار رکھنی چاہیے، اجتماعی اور ملی کام قربانی، ایثار اور صبر کا تقاضا کرتا ہے، اور انہی اوصاف کے ذریعے تنظیمی مقاصد کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکتا ہے،
مولانا ثناء اللہ ندوی ازہری نے شرکائے اجلاس کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام فرمایا، اس موقع پر انہوں نے اپنی مسرت اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے باعث سعادت ہے کہ تنظیم ابنائے ندوہ بہار کی ایڈہاک کمیٹی کے اس اہم میٹنگ کی میزبانی کا شرف ہمیں حاصل ہوا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تنظیم اہل ندوہ کے درمیان باہمی ربط و تعاون کو فروغ دینے اور ملت کی تعمیری خدمات کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، شرکائے اجلاس نے ان کی محبت، خلوص اور حسن ضیافت پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا،
آخر میں صدراجلاس مولانا غلام سرور ندوی نے اجلاس کے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ تنظیم ابنائے ندوہ بہار جلد ہی ایک مضبوط، فعال اور مؤثر تنظیمی شکل اختیار کرے گی،ان کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا،
Comments are closed.