حضرت مولانا مفتی سعید الرحمن فاروقی قاسمی کا انجمن اہل السنۃ والجماعۃ ممبئی کا کارگذار صدر منتخب ہونا مستحسن قدم
حضرت مولانا مفتی سعید الرحمن صاحب قاسمی دامت برکاتہم کا انجمن اہل سنت والجماعت کے کار گزار صدر کے منصب پر فائز ہونا ، ایک مستحسن اور لائق صد آفرین قدم
مولانا محمد شاہد ناصری حنفی
بانی و صدر ادارہ دعوة السنہ ویلفیئر ٹرسٹ کاندیولی ممبئی
ادارے محض ناموں سے نہیں چلتے، بلکہ اخلاص، قربانی، فکر اور مسلسل خدمت سے اپنی شناخت قائم کرتے ہیں۔ ہر مضبوط ادارے کے پیچھے کچھ ایسے نفوس ہوتے ہیں جو اپنی زندگیاں خاموشی کے ساتھ اس کی تعمیر اور استحکام میں صرف کر دیتے ہیں، اور پھر آنے والوں کے لیے راستے ہموار کر جاتے ہیں۔
انجمن اہل السنۃ والجماعۃ کے حالیہ تعزیتی و مشاورتی اجلاس میں حضرت مولانا مفتی سعید الرحمن فاروقی قاسمی صاحب دامت برکاتہم کو باضابطہ انتخابات تک کارگزار صدر منتخب کیے جانے کی خبر بجا طور پر اہلِ علم اور وابستگانِ انجمن کے لیے باعثِ اطمینان ہے، لیکن اس موقع پر دل سب سے پہلے جس شخصیت کی طرف رجوع کرتا ہے وہ انجمن کے سابق صدر حضرت مولانا زین الدین خان قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی ذاتِ گرامی ہے۔
واقعہ یہ ہے کہ حضرت مولانا زین الدین خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی پوری قوت، توانائی، اخلاص اور دردمندی کے ساتھ انجمن اہل السنۃ والجماعۃ کی آبیاری فرمائی۔ آپ نے اس پلیٹ فارم کو محض ایک تنظیمی عنوان نہیں سمجھا بلکہ اسے ملت کی فکری، دینی اور اصلاحی خدمت کا مؤثر ذریعہ بنایا۔ اپنے رفقائے کار کے تعاون سے ملتِ اسلامیہ کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کی کوشش فرمائی، مختلف مجالس، علمی کاوشوں اور دعوتی سرگرمیوں کے ذریعے علماءِ دیوبند کے صحیح تعارف، ان کے اعتدال پسند منہج اور مسلکِ اہل السنۃ والجماعۃ کی اشاعت کے لیے مسلسل جدوجہد فرماتے رہے۔
اس موقع پر ہم حضرت مرحوم کو یاد کیے بغیر نہیں رہ سکتے۔
ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دست بدعا ہیں کہ وہ حضرت مولانا کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کے درجات کو بلند فرمائے، ان کے علمی و دعوتی کاموں کو صدقۂ جاریہ بنائے اور ان کی قائم کردہ نیکیوں کو آنے والوں کے لیے مشعلِ راہ بنا دے۔ آمین۔
اسی کے ساتھ یہ بات بھی اعتراف و تحسین کے ساتھ کہی جانی چاہیے کہ انجمن سے وابستہ تمام ذمہ داران، علماء اور رفقائے کار اپنی اپنی سطح پر پوری دیانت، اخلاص اور قوت کے ساتھ انجمن کے مقاصد، اہداف اور فکری پیغام کی اشاعت کے لیے کوشاں رہے ہیں اور ہیں۔ ادارے اسی وقت زندہ رہتے ہیں جب ان میں شخصیت پرستی اور نفرت و عصبیت نہیں بلکہ مقصد کی خدمت کا جذبہ غالب ہو۔
ایسے ماحول میں حضرت مولانا مفتی سعید الرحمن فاروقی قاسمی صاحب دامت برکاتہم کا کارگزار صدر منتخب ہونا ایک خوش آئند اور امید افزا پیش رفت ہے۔
حضرت والا اُن اہلِ علم میں سے ہیں جن کی ذات میں علمِ حدیث کی بصیرت، فقہ کی گہرائی، تاریخ کا شعور، تصوف کی سنجیدگی، قیادت کا وقار اور اخلاق کی خوشبو یکجا نظر آتی ہے۔ آپ محی السنہ حضرت مولانا شاہ ابرار الحق صاحب ہردوئی رحمۃ اللہ علیہ کے تربیت یافتہ اور خلیفہ ہیں، اور علمی و فکری حلقوں میں آپ کی متانت، سنجیدگی اور بالغ نظری مسلم ہے۔
ہمیں امید ہے کہ حضرت والا کی قیادت میں انجمن اپنے اکابر کے منہج پر مزید استحکام کے ساتھ آگے بڑھے گی، اور ملت کے درمیان خیر، اعتدال اور صحیح فکری رہنمائی کا عمل مزید مؤثر ہوگا۔
اور اسی مناسبت سے ہم اربابِ انجمن، درد مندانِ انجمن اور وابستگانِ ادارہ سے نہایت احترام اور خیر خواہی کے جذبے کے ساتھ یہ گزارش بھی کرتے ہیں کہ جب باضابطہ انتخاب کا مرحلہ آئے تو حضرت مولانا مفتی سعید الرحمن فاروقی قاسمی صاحب دامت برکاتہم کے اسمِ گرامی پر مستقل صدارت کے لیے سنجیدگی سے غور فرمایا جائے؛ تاکہ ملت کو حضرت والا کے علوم و معارف، تجربات، اعتدال پر مبنی فکر اور بصیرت افروز رہنمائی سے مزید وسیع پیمانے پر فیض یاب ہونے کا موقع حاصل ہو۔
اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اخلاص، دیانت اور مخلصانہ خدمت کے ساتھ قافلۂ خیر کا حصہ بنائے، انجمن کو اتحاد و استقامت عطا فرمائے، اور اس کے ذریعے ملتِ اسلامیہ کی دینی و فکری خدمت قبول فرمائے۔ آمین
Comments are closed.