اویسی اور آزاد کا گٹھ جوڑ: یوپی کے اقتدار کی جنگ میں ایک نیا موڑ
از: محمد برہان الدین قاسمی
ایڈیٹر : ایسٹرن کریسنٹ، ممبئی
ہندوستانی سیاست میں سیاسی رہنماؤں اور جماعتوں کا اپنا اتحاد تبدیل کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ دلتوں کے ایک ممتاز رہنما اور مسلم ووٹروں میں بھی مقبولیت رکھنے والے آنجہانی رام ولاس پاسوان نے 2004 میں این ڈی اے سے الگ ہوکر یو پی اے میں شمولیت اختیار کی اور 2014 میں دوبارہ این ڈی اے میں واپس آگئے۔ نتیش کمار نے 2013 میں این ڈی اے چھوڑا، 2017 میں دوبارہ اس میں شامل ہوئے، 2022 میں پھر حزب مخالف کا حصہ بنے اور جنوری 2024 میں دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہوگئے۔ چندرابابو نائیڈو کی تلگو دیشم پارٹی نے 2018 میں این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کی اور 2024 میں دوبارہ اس کا حصہ بن گئی۔ مہاراشٹر میں آنجہانی اجیت پوار، جو اس وقت غیر منقسم این سی پی کے ایک سینئر رہنما تھے، جولائی 2023 میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت میں شامل ہوگئے۔ واضح رہے کہ این سی پی، یو پی اے کا تاسیسی رکن رہ تھی، جب کہ اجیت پوار خود مہاراشٹر کی کانگریس اور این سی پی کی مخلوط حکومت میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ آسام کے موجودہ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما بھی کبھی کانگریس کے ایک نمایاں رہنما تھے اور مسلمانوں کے بعض طبقات میں انہیں مقبولیت حاصل تھی، لیکن آج وہ بی جے پی کے صفِ اول کے رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔
یہ سیاسی سفر ظاہر کرتے ہیں کہ سیاسی اتحاد اور صف بندیاں کس طرح بدلتی رہتی ہیں، یہاں تک کہ ان رہنماؤں کی صف بندی بھی تبدیل ہوجاتی ہے جو بالکل مختلف سیاسی اتحادوں کے سہارے عوامی مینڈیٹ حاصل کرکے منتخب ہوئے ہوتے ہیں۔ بلاشبہ بہت سے نمایاں مسلم سیاست داں اور مسلم سیاسی جماعتیں بھی بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے میں شامل ہونے کے لیے تیار ہوجائیں گی، بشرطیکہ بی جے پی انہیں اپنے ساتھ لینے پر آمادہ ہو۔ لیکن بی جے پی کی اپنی سیاسی حکمت عملی بظاہر مسلمانوں (یعنی عبدل) کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کے حق میں نہیں دکھائی دیتی؛ ورنہ اس کی طویل عرصے سے پروان چڑھائی گئی تقسیم پیدا کرنے والی سیاست کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے اور اس کا کانگریس مخالف ووٹ بینک بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔ تاہم، جموں و کشمیر میں محبوبہ مفتی کے ساتھ بی جے پی کی مختصر سیاسی شراکت داری اس سے ایک استثنا تھی، جس کے پیچھے سیاسی حکمت عملی کے تقاضے کارفرما تھے۔ 2018 میں بی جے پی نے ان کی حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی اور بعد ازاں 2019 میں بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے انہیں حراست میں لے لیا۔
مجلس اتحاد المسلمین کے سابق اتحادیوں کا ریکارڈ بھی اس سلسلے میں اہمیت رکھتا ہے۔ بہار اسمبلی انتخابات 2020 میں اپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی)، مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، اوم پرکاش راج بھر کی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی)،
مجلس اتحاد المسلمین اور دو دیگر جماعتوں نے مل کر گرینڈ ڈیموکریٹک سیکولر فرنٹ تشکیل دیا تھا۔ اتر پردیش میں راج بھر کی ایس بی ایس پی، 2022 کے اسمبلی انتخابات سے قبل بھاگیداری سنکلپ مورچہ کا بھی حصہ تھی، جس میں اے آئی ایم آئی ایم بھی شامل تھی۔ راج بھر جولائی 2023 میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے میں شامل ہوگئے۔ کشواہا کی آر ایل ایس پی 2021 میں جے ڈی یو میں ضم ہوگئی۔ بعد میں کشواہا نے جے ڈی یو چھوڑ کر اپنی الگ جماعت بنائی اور این ڈی اے سے اتحاد کرلیا۔ ماضی کے یہ تمام مختصر مدتی اتحاد انتخابی حساب کتاب کے اعتبار سے یو پی اے (جو اب انڈیا اتحاد کا حصہ ہے) کے خلاف گئے اور انتخابی نتائج میں این ڈی اے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے۔ چنانچہ سیاسی مستقل مزاجی پر کسی بھی وقت گفتگو کرتے ہوئے ان مثالوں کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔
اسی پس منظر میں اسدالدین اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم اور چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) نے ایک بار پھر 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے سماجی پریورتن مورچہ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اتحاد ریاست کی تمام 403 نشستوں پر انتخابات لڑے گا اور چندر شیکھر آزاد اس کے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ دونوں رہنما اس اتحاد کو دلتوں، مسلمانوں، پسماندہ طبقات اور محروم برادریوں کے لیے ایک پلیٹ فارم قرار دے رہے ہیں۔ اس طرح کے دعوے اچھے لگتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ اس اتحاد کے انتخابی اثرات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، خصوصاً ایسی ریاست میں جہاں اپوزیشن کے ووٹ پہلے ہی تقسیم ہیں۔
اتر پردیش کے انتخابات میں فیصلہ ہر حلقے کی بنیاد پر ہوتا ہے اور کئی حلقوں میں کامیابی اور شکست کا فیصلہ بہت کم ووٹوں کے فرق سے ہوجاتا ہے۔ ووٹوں میں معمولی سی تبدیلی بھی انتخابی نتیجہ بدل سکتی ہے۔ اگر اس نئے محاذ کو زیادہ تر حمایت ان ووٹروں سے حاصل ہوتی ہے جو بصورتِ دیگر انڈیا اتحاد کی حمایت کرتے، جب کہ وہ این ڈی اے کے ووٹ بینک میں کوئی خاص نقب لگانے میں ناکام رہتا ہے، تو اپوزیشن کے ووٹوں کی تقسیم سے بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس محاذ پر تنقید کرنے والے یہی انتخابی حساب کتاب پیش کریں گے۔ اصل سوال یہ ہے کہ یہ محاذ کتنے ووٹ حاصل کرے گا اور وہ ووٹ کہاں سے آئیں گے؟ اس کے علاوہ یہ کتنے ارکانِ اسمبلی منتخب کرانے میں کامیاب ہوگا؟ اور وہ کیا اثرات مرتب کرسکیں گے؟
چندر شیکھر آزاد ایک ابھرتے ہوئے، اپنی محنت سے اپنی شناخت بنانے والے دلت رہنما ہیں، جن کا سیاسی عروج دلت ووٹروں کے بعض طبقات میں بی ایس پی کی سابقہ بالادستی کے زوال کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ ان کے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار بننے کے حق پر کوئی سوال نہیں ہے۔ لیکن اویسی کا حالیہ یہ بیان کہ اب ’عبدُل‘ محض پنکچر نہیں بنائے گا اور نہ ہی سیاسی رہنماؤں کے لیے قالین بچھائے گا، بلکہ خود رہنما بنے گا، ایک عملی سوال کو جنم دیتا ہے: اگر بڑا مقصد ’عبدُل‘ کو رہنما بنانا ہے تو پھر عبدُل کے لیے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر چندر شیکھر آزاد ہی پہلی ترجیح کیوں ہوں؟ اکھلیش یادو پہلے ہی وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں اور ایک مستحکم ریاست گیر جماعت کی قیادت کر رہے ہیں۔ کانگریس بھی ایک قومی سطح پر تسلیم شدہ سیاسی جماعت ہے، اگرچہ اتر پردیش میں اس کی تنظیمی قوت اس کی قومی حیثیت کے مقابلے میں خاصی مختلف ہے۔ ووٹر یہ سوال بجا طور پر اٹھا سکتے ہیں کہ اس دعوے کے پیچھے انتظامی تجربہ، اسمبلی میں عددی قوت اور اتحادی حمایت کتنی ہے؟ انتخابات سے پہلے کسی کو وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار نامزد کردینا، انتخابات کے بعد اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے کی صلاحیت ثابت کردینے کے جیسے نہیں ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2022 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں اسدالدین اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم نے 95 اور چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی نے 110 امیدوار میدان میں اتارے تھے۔ دونوں جماعتوں نے مجموعی طور پر 205 نشستوں پر انتخاب لڑا، لیکن ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں، البتہ انہوں نے کئی حلقوں کے انتخابی نتائج پر اثر ڈالا۔
یہ فرق اس لیے اہم ہے کہ نمائندگی اور حکومت چلانا دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ کسی ریاست کی حکومت وہی جماعت یا اتحاد چلاتا ہے جسے منتخب اسمبلی میں اکثریت حاصل ہو۔ بجٹ، قوانین اور پالیسیوں سے متعلق بڑے فیصلے اسمبلی کے ذریعے کیے جاتے ہیں؛ ایک، دو یا چند ارکانِ اسمبلی عام طور پر اپنے طور پر کسی پروگرام کو نافذ نہیں کرسکتے۔ ان کا اثر و رسوخ ان کی تعداد، اتحادوں اور مذاکراتی قوت پر منحصر ہوتا ہے۔ کوئی جماعت ووٹ حاصل کرکے اپنی سیاسی شناخت اور مقبولیت میں اضافہ تو کرسکتی ہے، لیکن اس کے باوجود حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے سے بہت دور رہ سکتی ہے۔ اتر پردیش کے سیاسی طور پر محروم طبقات، بشمول مسلمانوں، کو محض نمائشی حیثیت کے چند ارکانِ اسمبلی نہیں بلکہ قانون ساز اداروں میں حقیقی سیاسی قوت درکار ہے۔
لہٰذا سوال یہ نہیں ہے کہ چھوٹی سیاسی جماعتوں کو انتخابات لڑنے کا جمہوری حق حاصل ہے یا نہیں؛ یقیناً انہیں یہ حق حاصل ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ ان کی سیاسی حکمت عملی اس نمائندگی کو مضبوط بناتی ہے جس کا وہ وعدہ کر رہی ہیں، یا ایک قابلِ عمل متبادل، عوام دوست حکومت اور عوام کے مفاد میں قانون سازی کا راستہ ہموار کیے بغیر پہلے سے موجود انتخابی اتحاد کو مزید منتشر کردیتی ہے۔ ووٹوں کی تقسیم سے انفرادی سیاست دانوں اور جماعتوں کے لیے مواقع تو پیدا ہوسکتے ہیں، لیکن اس کے حقیقی نتائج اگلی اسمبلی اور اس سے تشکیل پانے والی حکومت کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ دلتوں، مسلمانوں اور دیگر محروم شہریوں کے مفادات محض نعروں یا علامتی دعوؤں سے پورے نہیں ہوسکتے؛ اس کے لیے پائیدار نمائندگی، قانون ساز اداروں میں مؤثر کردار اور جواب دہ طرزِ حکمرانی ضروری ہے۔ چنانچہ ووٹروں کو ہر اتحاد کا جائزہ صرف اس کے قیام کے وقت کیے گئے وعدوں کی بنیاد پر نہیں، بلکہ اس سے پیدا ہونے والے انتخابی حساب کتاب اور اس کی جانب سے حقیقتاً استعمال کی جاسکنے والی حکومتی قوت کی بنیاد پر ہی لینا چاہیے۔
Comments are closed.