تاریخ دربھنگہ و نقوش شوبھن

 

مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ

 

مولانا ڈاکٹر اعجاز احمد صاحب (23/ فروری 1956ء) بن منشی عبدالخالق بن عبدالرزاق بن مردان علی کی زندگی ان کے مشاغل کے اعتبار سے بڑی متنوع رہی ہے، وہ زمانہ تک مدرسہ اصلاح المؤمنین راگھونگر بھوارہ، مدھوبنی میں استاذ کی حیثیت سے خدمت انجام دیتے رہے ہیں، ایک زمانہ میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیرمین رہے، انہیں کے عہد میں مولوی سائنس، مولوی آرٹس، عالم سائنس، عالم آرٹس کی تعلیم کے لیے مدرسہ بورڈ کے نصاب درس میں تبدیلی کر کے گنجائش نکالی گئی تھی، امیر شریعت ثامن مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کے دور میں امارت پبلک اسکول کے کم و بیش دو سال نگراں رہے، آؤ سیکھیں کی پانچ جلدیں نصابی کتابیں تیار کیں اور پرانی کتابوں میں تدریس کے نقطۂ نظر سے مشقیہ سوالات وغیرہ دے کر دوبارہ شائع کیا، اس سلسلے میں علامہ سید سلیمان ندویؒ کی رحمت عالم کو مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ ان کی کئی کتابیں رموز آزاد، شراب۔ ایک تجزیاتی مطالعہ، اسلام اور پیغام امن، قرآن اور ماحولیات چھپ چکی ہیں۔

اکابر امارت اور علماء سے تعلق مضبوط رہا ہے، خانقاہ رحمانی مونگیر کے فدائین میں ہیں، فاتحہ وغیرہ کی مجلسوں میں آنا جانا لگا رہتا ہے، سوبھن میں لڑکیوں کے مدرسہ اصلاح البنات کے بانی ہیں اور ان دنوں اس کو معیاری بنانے کے لیے اپنا بہت سارا وقت وہاں صرف کرتے ہیں، تین ٹیکنیکل انسٹی چیوٹ بھی دربھنگہ اور سوبھن میں قائم کر رکھا ہے، آئی آئی ٹی گروپ سے لڑکوں کی دلچسپی کم ہونے کے باوجود کسی نہ کسی درجہ میں یہ ادارے کام کر رہے ہیں، سوبھن میں مولانا منت اللہ رحمانی، مولانا مفتی ظفیر الدین صاحب مفتاحی اور مولانا محمد ولی رحمانی رحمہم اللہ پر سمینار کرا چکے ہیں، حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ پر بھی سمینار کی تیاری انہوں نے شروع کی تھی، لیکن بعض ناگزیر وجوہات سے وہ اس کام کو آگے نہ بڑھا سکے اور انہیں پیچھے ہٹنا پڑا، انہوں نے خواجہ آصف ہروی کوہستانی کی حیات و خدمات پر پی ایچ ڈی کی ہے، آر بی جے کالج دربھنگہ میں صدر شعبۂ فارسی رہے ہیں، ان دنوں دربھنگہ جمعیت علماء کے صدر ہیں۔

ڈاکٹر اعجاز احمد صاحب کو اللہ رب العزت نے لکھنے پڑھنے کا اچھا ذوق دیا ہے، مطالعہ کے شوقین ہیں اور

کتابیں مفت میں حاصل کرنے کا ملکہ رکھتے ہیں، اس ذوق و شوق کی تکمیل کے لیے سوبھن میں ایک اچھی لائبریری بنا رکھی ہے، ان کے بڑے بھائی مولانا مشتاق احمد صاحب عرف مولانا جِنَّاتی بورڈ کے مدرسہ اصلاح المؤمنین مدھوبنی میں پرنسپل رہے ہیں، کبر سنی اور ضعف کے باوجود ان کا علمی ذوق اب بھی بحال ہے اور تحقیق کے کاموں میں ان کی شفقت اور سرپرستی ڈاکٹر اعجاز احمد کو حاصل ہے۔

ادھر حال میں مولانا نے تاریخ دربھنگہ اور سوبھن سے متعلق اپنی معلومات خصوصاً اپنے خاندانی شجرے وغیرہ کو کتابی شکل میں جمع کیا ہے اور خواہش مند ہیں کہ میں اس کتاب پر اپنی معروضات پیش کروں۔

سینکڑوں کتابوں پر پیش لفظ، مقدمہ، تقریظ، حرفِ چند، خیالِ خاطر اور تبصرے لکھنے کے بعد ان دنوں میرے ذہن پر اس بات کا غلبہ ہے کہ کتاب پر ان عنوانات کے ذیل میں کوئی ایسی بات نہیں لکھنی چاہیے جس سے قاری کے مطالعہ کو اپنی پسند کی سمت اور رخ پر ڈال دیا جائے، ہر قاری کو کتاب کا معروضی مطالعہ کرنا چاہیے، مطالعہ کے بعد وہ خود اس نتیجہ پر پہونچے کہ کتاب کس درجہ کی ہے، اس کا معیار کیا ہے، اس میں کن حوالہ جات کا استعمال کیا گیا ہے، علمِ سینہ کو علمِ سفینہ بنانے کی کس درجہ کوشش کی گئی ہے اور اس میں معیار کا کس درجہ خیال رکھا گیا ہے، یہ سب تقریظ اور پیش لفظ لکھنے والوں کی طرف سے واضح طور پر آ جانے کے بعد قاری کی دلچسپی کتاب سے کم ہو جاتی ہے، اس لیے کہ وہ مختصر پڑھ کر مطمئن ہو جاتا ہے، پوری کتاب سے رجوع نہیں کرتا، وہ سمجھتا ہے کہ خلاصہ تو فلاں صاحب کی تقریظ اور پیش لفظ میں پڑھ ہی لیا، آگے اس اجمال کی تفصیل ہی تو ہوگی، اس خیال سے یہ پوری کتاب ہی قاری کی خدمت میں پیش ہے، فیصلہ آپ کے ہاتھ ہے، یہ مثل بھی یاد رکھنی چاہیے کہ ”مُشک آنست کہ خود ببوید، نہ کہ عطار گوید“ ڈاکٹر محمد یوسف موسیٰ، ڈاکٹر محمود عبد الجلیل روزن اور بعض عرب نقادوں کی یہی رائے ہے کہ مقدمہ نگار کو مارکیٹنگ کے چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔ میں اس کتاب کے طباعت کے مراحل سے گزرنے، قاری تک پہونچنے، اس کے نفع کو عام و تام کرنے اور ڈاکٹر صاحب کے لیے صحت و عافیت کے ساتھ درازی عمر کی دعا کرتا ہوں، اللہ کرے ان کا قلم یوں ہی رواں دواں رہے۔ آمین

Comments are closed.