اصلاحِ معاشرہ اور اتحادِ امت کے پیغامات کو عملی زندگی میں نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے: ولی اللہ سعیدی فلاحی

 

جماعتِ اسلامی ہند مدنپورہ یونٹ کے زیرِ اہتمام ’’اصلاحِ معاشرہ و اتحادِ امت کانفرنس‘‘ کا انعقاد

 

ممبئی، 14 نومبر 2026ء | مقام: جھولا میدان، مدنپورہ، ممبئی

 

اصلاحِ معاشرہ اور اتحادِ امت کے لیے محض تقاریر اور نصیحتیں کافی نہیں، بلکہ ان پیغامات کو عملی زندگی میں نافذ کرنا اور انفرادی و اجتماعی سطح پر مثبت تبدیلی کے لیے جدوجہد کرنا ضروری ہے۔ ایک صالح اور مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے امت کے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے متحد ہوکر آگے آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جناب ولی اللہ سعیدی فلاحی صاحب نے جماعتِ اسلامی ہند، مدنپورہ یونٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’’اصلاحِ معاشرہ و اتحادِ امت کانفرنس‘‘ کے صدارتی خطاب میں کیا۔

 

کانفرنس کا آغاز مفتی توصیف قاسمی صاحب کی تلاوتِ قرآن مجید مع ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں جناب راشد خان صاحب نے افتتاحی کلمات پیش کیے، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا نصیر اصلاحی صاحب نے انجام دیے۔

 

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد سراج صاحب نے ’’حالاتِ حاضرہ اور ہماری اجتماعی ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر موجودہ حالات کے تناظر میں اجتماعی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے حالات پر محض شکوہ کرنے کے بجائے اجتماعی طور پر ان کا مقابلہ کرنے اور معاشرے کی بہتری کے لیے مثبت و مؤثر لائحۂ عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔

 

مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے ’’نوجوان نسل: امیدیں اور چیلنجز‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی اہمیت، انہیں درپیش چیلنجز اور ان کی صحیح فکری و اخلاقی تربیت کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوان نسل کی مثبت تعمیر کو معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔

 

مولانا اسلم صیاد صاحب (بائیکلہ اہلِ حدیث مسجد) نے ’’رشتوں میں سکون اور خوشحالی کیسے لائیں؟‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے خاندانی زندگی میں محبت، احترام، برداشت اور ایک دوسرے کی غلطیوں کو معاف کرنے کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ باہمی درگزر اور حسنِ سلوک ہی مضبوط اور خوشگوار خاندانی زندگی کی بنیاد ہیں۔

 

مقررین نے مجموعی طور پر اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی حقیقی اصلاح کا آغاز فرد کی اپنی اصلاح سے ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے والدین، علماء کرام، نوجوانوں اور سماجی رہنماؤں سمیت تمام ذمہ دار افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیرتِ نبوی ﷺ کو مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے اس کی عملی پیروی کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔

 

پروگرام کے اختتام پر مولانا عبدالجبار ماہر القادری صاحب (سنی ہندوستانی مسجد) نے اجتماعی دعا فرمائی، جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام، معاشرے کی اصلاح اور پوری انسانیت کے لیے خیر و ہدایت کی دعا کی گئی۔

Comments are closed.