حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدینؒ فہیم : ایک باوقار علمی شخصیت
از: مفتی محمد خالد حسین نیموی قاسمی
علمی دنیا میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی عظمت کا احساس ان سے ملاقات کے بعد مزید گہرا ہو جاتا ہے۔ ان کی علمی وجاہت، متانت، سنجیدگی، اخلاق و کردار اور وسعتِ نظر کا ایسا نقش دل و دماغ پر مرتسم ہوتا ہے جو مدتوں باقی رہتا ہے۔ حضرت مولانا سید صادق محی الدین فہیم صاحبؒ کا شمار بھی ایسی ہی ممتاز علمی شخصیات میں ہوتا تھا، جنہوں نے اپنے علم و فضل، فقہی بصیرت، متوازن فکر اور کشادہ ظرفی سے علمی حلقوں میں ایک منفرد مقام حاصل کیا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر دل کو گہرا صدمہ پہنچا۔ اگرچہ ایک عرصے سے ان کی علالت کی خبریں مل رہی تھیں، لیکن ان کے انتقال کی اطلاع اچانک ملی تو طبیعت پر رنج و ملال کی کیفیت طاری ہوگئی۔
حضرت مولانا سید صادق محی الدینؒ فہیم حیدرآباد دکن کے ممتاز علماء میں سے تھے۔ آپ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے سابق مفتی تھے۔ علمی و فقہی حلقوں میں آپ کی بڑی قدر و منزلت تھی۔ بالخصوص فقہی مسائل میں آپ کو خاص مہارت اور بصیرت حاصل تھی۔ مسائل کی تہہ تک پہنچنا، ان کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا، فقہی جزئیات کو پیش نظر رکھنا اور معاصر مسائل کے حل میں شرعی اصولوں کی رعایت کرنا آپ کی علمی خصوصیات میں شامل تھا۔ بڑے بڑے اہلِ علم آپ کی رائے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔
مولانا کی علمی خدمات جامعہ نظامیہ میں درس و تدریس یا مفتی جامعہ نظامیہ تک محدود نہیں رہی بلکہ مولانا نے طویل مدت تک لطیفیہ عربی کالج میں بھی بطور لکچرار خدمات انجام دیں.
بطور صدر یونائیٹڈ مسلم فورم انہوں نے مختلف مسالک اور مکاتبِ فکر کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھنے اور ملتِ اسلامیہ کو درپیش دینی، سماجی و آئینی مسائل کے حل کے لیے گراں قدر اور ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔
فقیہ ملت حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ سے آپ کے گہرے علمی و فکری روابط تھے۔ حضرت قاضی صاحبؒ آپ پر اعتماد فرماتے تھے ۔ اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا سے آپ کا تعلق بھی حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ ہی کے واسطے سے قائم ہوا۔ انہوں نے مولانا کو اکیڈمی سے مربوط کیا اور اس کے علمی و تحقیقی کاموں میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا۔ چنانچہ حضرت مولانا اس کے سیمیناروں میں پابندی کے ساتھ شرکت فرماتے اور معاصر فقہی مسائل پر ہونے والی علمی بحثوں میں بھرپور حصہ لیتے تھے۔
اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے سیمینار میں ملک بھر کے ممتاز علماء، فقہاء، محققین اور اربابِ افتاء جمع ہوتے ہیں، جہاں جدید پیش آمدہ مسائل پر اجتماعی غور و خوض اور شرعی رہنمائی کی کوشش کی جاتی ہے۔ حضرت مولانا سید صادق محی الدینؒ کی ان مجالس میں شرکت ان کی علمی دلچسپی، فقہی ذوق اور اجتماعی اجتہاد کے عمل سے وابستگی کا مظہر تھی۔ ان کی موجودگی علمی مجلس کے وقار میں اضافہ کرتی تھی۔
حضرت مولانا کی شخصیت میں علمی عظمت کے ساتھ ظاہری وجاہت اور باوقار رکھ رکھاؤ بھی نمایاں تھا۔ اپنی مخصوص وضع قطع، متین اندازِ گفتگو، سنجیدہ طرزِ نشست و برخاست اور شخصیت کے رعب و وقار کے باعث وہ کسی بھی علمی مجلس میں الگ سے پہچانے جاتے تھے۔۔ ان کے اندر علم و فکر کی گہرائی اور مزاج کی شائستگی بھی بدرجۂ اتم موجود تھی۔
راقم کو اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے متعدد سیمیناروں میں حضرت مولانا سے ملاقات اور استفادے کے مواقع حاصل ہوئے۔ ہر ملاقات میں ان کی شفقت، محبت اور خلوص کا ایک خاص تاثر قائم ہوتا تھا۔ وہ اہلِ علم سے نہایت محبت و احترام کے ساتھ ملتے اور چھوٹوں کی حوصلہ افزائی فرماتے تھے۔ ان کی گفتگو میں علمی وقار کے ساتھ اپنائیت اور خلوص کی جھلک بھی نمایاں ہوتی تھی۔
حضرت مولانا کی شخصیت کا ایک نہایت قابلِ قدر پہلو ان کی وسعتِ نظر اور کشادہ ظرفی تھی۔ مسلکی اختلافات کے معاملے میں وہ غیر معمولی اعتدال اور توازن کے حامل تھے۔ دیگر بہت سے مشائخ کے برعکس ان کا مزاج مسلکی تعصبات سے بلند اور علمی اختلافات کے معاملے میں نہایت وسیع تھا۔ وہ مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و فقہاء کی علمی خدمات کا اعتراف کرتے، ان کی قدر کرتے اور ان کے ساتھ احترام و محبت کا معاملہ فرماتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے اہلِ علم ان کے یہاں عزت و احترام پاتے تھے۔
یہ وصف آج کے علمی ماحول میں خاص طور پر قابلِ ذکر ہے، جب بعض اوقات مسلکی اختلافات علمی روابط اور باہمی احترام کی راہ میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ ایسے ماحول میں حضرت مولانا جیسی شخصیات کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ علمی اختلاف کے باوجود باہمی احترام، حسنِ ظن، وسعتِ قلب اور اہلِ علم کی قدر شناسی کو باقی رکھنا کس قدر ضروری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ علم کی پختگی انسان کے اندر وسعت پیدا کرتی ہے، اسے تنگ نظری اور تعصب سے محفوظ رکھتی ہے اور دوسروں کے علمی مقام کو تسلیم کرنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔
حضرت مولانا سے میری آخری ملاقات گزشتہ سال جمشیدپور میں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے تینتیسویں سیمینار کے موقع پر ہوئی تھی۔دیگر ملاقاتوں کی طرح یہ ملاقات بھی میرے لیے ایک خوش گوار یادگار کی حیثیت رکھتی ہے۔ حضرت نے حسبِ معمول بڑی محبت و شفقت سے ملاقات فرمائی اور دعاؤں سے نوازا۔ اس موقع پر میں نے عرض کیا کہ حضرت! قرنیۂ چشم کے عطیہ (Corneal Donation) کے مسئلے میں جب میں نے اپنی عرضِ مسئلہ مرتب کی تو آپ کے تحریر کردہ مقالے سے استفادہ کیا ہے۔
میری یہ بات سن کر حضرت کو بڑی خوشی ہوئی۔ انہوں نے نہ صرف اس علمی استفادے پر مسرت کا اظہار فرمایا، بلکہ عرضِ مسئلہ کی جامعیت، اس کے علمی منہج اور مسئلے کو پیش کرنے کے اسلوب کی بھی بڑی تعریف فرمائی۔ ان کی زبان سے حوصلہ افزائی کے یہ کلمات میرے لیے باعثِ مسرت اور حوصلہ افزا تھے ۔
ان ملاقاتوں سے حضرت کی محبت، شفقت اور علمی ذوق کا جو تاثر قائم ہوا تھا، وہ آج بھی ذہن میں قائم ہے. یہ اندازہ نہ تھا کہ یہ ملاقات ان کی زندگی کی آخری ملاقات ثابت ہوگی. اس کے بعد ان کی زیارت کا موقع نہیں مل سکے گا۔
حضرت مولانا ایک عرصے سے علیل تھے۔ بیماری کے باعث ان کی صحت متاثر تھی، بالآخر قضا و قدر کا فیصلہ نافذ ہوا اور ان کے انتقال کی خبر موصول ہوئی۔ یہ خبر میرے لیے نہایت افسردگی کا باعث بنی ۔
حضرت مولانا سید صادق محی الدینؒ کی زندگی اور علمی خدمات کا جائزہ لیا جائے تو ان کی شخصیت کے کئی نمایاں پہلو سامنے آتے ہیں: فقہی بصیرت، علمی وقار، اکابر علماء سے مضبوط تعلق، اجتماعی فقہی کاموں میں شرکت، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کے ساتھ حسنِ تعلق اور اختلاف کے باوجود احترام و اعتراف کا مزاج۔ یہ تمام اوصاف انہیں اپنے معاصر علمی حلقوں میں ممتاز مقام عطا کرتے تھے۔
ایسے اہلِ علم کا دنیا سے رخصت ہونا
عام طور پر افسردگی کا باعث بنتی ہے اللہ تعالیٰ ان کے علمی فیوض و برکات کو باقی رکھے، ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کے شاگردوں، متعلقین اور اہلِ خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
اللہ رب العزت حضرت مولانا سید صادق محی الدین صاحبؒ کی مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین!
*صدر جمعیت علماء بیگوسرائے بہار ورکن الاتحاد العالمی لعلماء المسلمین
Comments are closed.