صدائے دل ونذرانۂ عقیدت:جلیل القدر عالم ِدین حضرت مولانا مفتی محمد ثمین اشرف قاسمیؒ کی یاد میں

 

 

🖋 مفتی محمد عارف باللہ القاسمی

 

موت ایک ایسی حقیقت ہے جس کے آگے سرِ تسلیم خم کرنا ہی بندۂ مومن کا شیوہ ہے، آنا جانا فطری نظام ہے ، مگربعض نفوسِ قدسیہ کا رختِ سفر باندھ لینا صرف ایک فرد کا اٹھ جانا نہیں ہوتا، بلکہ ایک پورے عہدِ بصیرت کا مدفون ہو جانا ہوتا ہے۔ آج جب قلم کاغذ پر نوحہ کناں ہے تو دل کے ہر تار سے فقط رنج و یاس کی سسکی ابھر رہی ہے۔ علم کا وہ کوہِ وقار، فہم و فراست کا وہ بحرِ بے کراں، اور شفقت و محبت کی وہ گھنی چھاؤں _محترم ماموں جا ن حضرت مولانا مفتی محمدثمین اشرف قاسمی رحمہ اللہ _ہمیں داغِ مفارقت دے کر اپنے مولائے حقیقی کے جوارِ رحمت میں جابسےہیں۔ اور روح اس حسرت کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے کہ اب فہم و بصیرت کا وہ درِ فیض ہمیشہ کے لیے بند ہو گیاہے۔

علم و شفقت کے اس کوہِ گراں کی اچانک جدائی کے سانحۂ ارتحال کے بعد سے دل اس قدر بجھا ہوا اور طبیعت اس درجہ اچاٹ تھی کہ اپنے دلی تاثرات کو الفاظ کا جامہ پہنانے کی سکت ہی مفقود ہو چکی تھی:

مے بھی ہے مینا بھی ہے ساغر بھی ہے ساقی نہیں

دل میں آتا ہے لگا دیں آگ مے خانے کو ہم

مزید برآں، والدہ محترمہ (أَطَالَ اللّٰهُ عُمْرَهَا وَمَتَّعَنَا بِطُوْلِ حَيَاتِهَا) کی تشویش ناک علالت اور ہسپتال میں ان کے زیرِ علاج ہونے کی کٹھن آزمائش آن پڑی تھی۔ ہسپتال کی راہداریوں میں گزرتے ہوئے بے چین شب و روز، لمحہ بہ لمحہ بدلتی طبی کیفیت کا اضطراب، معالجین سے مشاورت اور ان کی خدمت و تیمار داری کی ہمہ وقت مصروفیت _ جو میرے لیے بلاشبہ ایک عظیم سعادت اور اولین فریضہ بھی تھی _ نے اتنی مہلت ہی نہ دی کہ ذہن کو مجتمع کر کے گوشۂ تنہائی میں بیٹھوں اور اپنے غم کو سپردِ قلم کر سکوں،غمِ فراق اور فکرِ مادر کی اس دوہری آزمائش میں خیالات منتشر اور قلم بالکل ساکت ہو کر رہ گیا تھا۔

تاہم، ماموں جان کی ذاتِ گرامی سے برسوں پر محیط وہ ہمہ جہت، بے لوث اور روحانی تعلق مسلسل دل کے دروازے پر دستک دے رہا تھا اور قلبی احساسات کے اظہار پر اصرار کررہا تھا کہ خاموشی اب بے وفائی کے مترادف ہوگی؛ چنانچہ اسی اضطرابِ شوق اور وفورِ عقیدت کے زیرِ اثر ان چند شکستہ سطور کو، جو درحقیقت صدائے دل اور خراجِ اشک ہیں، تحریر کی شکل دے رہا ہوں۔

آج جب آنکھیں بند کرکے تصور کی دنیا میں اترتا ہوں تو ماموں جان کا وہ سراپا نور و وقار مجسم ہوکر نگاہوں کے سامنے آ کھڑا ہوتا ہے۔ صاف ستھری، اجلی رنگت اور متناسب، بھرا ہوا چہرہ ایسی کشش اور معصومیت کا آئینہ دار تھا کہ دیکھنے والے کی نگاہ بے اختیار ٹھہر جاتی۔ کبھی سر پر سلیقے سے رکھی ہوئی اجلی سفید ٹوپی دکھائی دیتی تو کبھی سفید عمامہ تاجِ زینت بن کر ان کے سرپر جلوہ افروز ہوتا اور اسلافِ کرام کی یاد تازہ کر دیتا۔ عمامے یا ٹوپی کے نیچے کشادہ، نور سے دمکتی ہوئی پیشانی ان کی فکری وسعت، ذہنی بالیدگی اور عمیق تدبر کی غماز تھی۔عینک کے پیچھے سے جھانکتی ہوئی یا بلا عینک ان کی روشن سیاہ آنکھوں میں ایک عجیب رعب و جلال، وقار اور علمی بصیرت کی چمک نمایاں تھی۔ جب سنجیدگی کے عالم میں نگاہ اٹھاتے تو عالمانہ تمکنت اور جلال جھلکنے لگتا، اور جب اپنوں کی طرف دیکھتے تو انہی آنکھوں میں محبت و شفقت کا ایک گہرا سمندر موجزن دکھائی دیتا۔ ستواں ناک اور لبوں پر سجی ہوئی وہ دلفریب، نرم و مشفقانہ مسکراہٹ ایسی تھی کہ مخاطب کے دل سے لمحوں میں ساری کلفتیں دھل جاتیں۔ چہرۂ انور کے گرد ہالہ کیے ہوئے سنتِ نبوی کی حسین علامت، دودھ جیسی سفید، دراز اور گھنی ریشِ مبارک ان کے بزرگانہ جاہ و جلال، وجاہت اور روحانی نورانیت کو مزید دوبالا کر دیتی تھی۔

ماموں جان کی علمی و فکری شخصیت میں اسلاف کے وقار اور قرونِ اولیٰ کے اربابِ اخلاص کی خوشبو بسی تھی،وہ مسندِ قرطاس و قلم پر متمکن ہوتے تو معارف و حقائق کے سوتے پھوٹ پڑتے، ان کی تقریر یں اور تحریریں علم ریز ، اخلاص بیز اور للہیت سے لبریز ہوتی تھیں؛ استدلال میں ایسی ٹھوس متانت کہ بڑے بڑے اہلِ نقد سر دھنیں، اور بیان میں ایسی روانی و گہرائی کہ قاری کا دامنِ دل کھنچتا چلا جائے، وہ جس موضوع کی وادی میں اترتے، اس کے گوشے گوشے کی ورق گردانی اس کمالِ جامعیت سے فرماتے کہ کوئی پہلو تشنہ نہ رہتا، ان کے قلم کا بہاؤ دیکھ کر گمان گزرتا تھا گویا افقِ غیب سے مضامین ان کے قلب پر القا ہو رہے ہوں اور ان کی انگلیاں محض ترجمانی کا فریضہ نبھا رہی ہوں۔ ان کی تحریروں میں نہ لفاظی کا تصنع تھا اور نہ غیر ضروری طوالت، بلکہ اسلاف کے اسلوب کی جھلک، الفاظ کی گیرائی اور معانی کی گہرائی تھی جس نے انہیں معاصر اہلِ قلم میں ایک نمایاں انفرادیت بخشی۔

تصنیف و تالیف کے میدان میں ان کے زریں کارنامے ہمیشہ ان کے لیے صدقۂ جاریہ رہیں گے اور اہلِ علم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔ ان کا عظیم الشان اور وقیع علمی کارنامہ ’’وصایا انبیاء و اولیاء انسائیکلوپیڈیا‘‘ان کے تبحرِ علمی، رجال و روایات پر ان کی گہری نظر اور بے مثال دیدہ ریزی کا وہ روشن مینار ہے جس کی مثال ملنا دشوار ہے۔

دفاعِ سنت، حفاظتِ دین اور منکرینِ حدیث و سنت کے شبہات کے ازالے کے باب میں ان کی معرکتہ الآراء تصنیف ’’اطاعتِ رسول کی قرآنی حیثیت اور حجیت‘‘ نے خود قرآنِ مجید کی روشن آیات اور محکم دلائل سے سنتِ نبوی کی تشریعی حیثیت اور وجوبِ اطاعت کو اس مدلل ومسکت انداز میں ثابت کیا کہ تشکیک و انکار کی ہر بنیاد منہدم ہو کر رہ گئی۔

اسی طرح ختمِ نبوت کے تحفظ میں ان کی کلامی و فکری تصانیف:’’سچے انبیاء اور جھوٹے مدعیانِ نبوت میں فرق‘‘ اور ’’سچے اور جھوٹے مسیح میں فرق‘‘ نے عصری فتنوں اور گمراہ کن مغالطوں کے پردے جس محققانہ اور جرات مندانہ انداز میں چاک کیے، وہ اصحابِ بصیرت کے نزدیک آبِ زر سے رقم کیے جانے کے لائق ہیں۔یہاں یہ ذکر کرتا چلوں کہ عقیدہ ختمِ نبوت تحفظ کی تڑپ ان کے رگ و پے میں اس قدر رچی بسی تھی کہ وہ اس عقیدے کے تحفظ کو امت کے اجتماعی شعور کا حصہ بنانے کے شدید داعی تھے۔ ان کی پُرزور تلقین رہتی تھی کہ اہلِ علم، علماء اور خطباء جب بھی اپنے بیانات و تحریروں میں رسول اللہ ﷺ کا اسمِ گرامی ذکر کریں تو اس کے ساتھ لازماً ’’خاتم النبیین‘‘ کی صفت ضرور شامل کریں، تاکہ یہ بنیادی ایمانی عقیدہ ہر خاص و عام کے دل و دماغ میں اس طرح راسخ ہو جائے کہ باطل فتنوں کے لیے کہیں کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔

عقائد اور عظمتِ مصطفیٰ ﷺکے نازک مسائل پر ان کی مدلل اور مفصل تالیف ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی برزخی حیات‘‘ نصوصِ قطعیہ اور فہمِ اسلاف کی وہ ٹھوس بنیاد پیش کرتی ہے جس سے شکوک و شبہات کے بادل چھٹ جاتے ہیں۔ اور معرفت و سلوک کے میدان میں پانچ سو سے زائد صفحات پر پھیلی ہوئی ان کی کتاب ’’دیدارِ الٰہی کا شوق‘‘ ان کے سینے میں دھڑکتے ہوئے اس جذبے و شوقِ دیدارِالٰہی کا آئینہ دار ہے جس کے مطالعے سے بجھے ہوئے دلوں میں عشقِ حقیقی کی تپش بیدار ہو جاتی ہے۔

اور پھر وہ تاریخی اور فقید المثال امتیاز، جس پر اردو زبان ہمیشہ ان کے احسان مند رہے گی وہ احادیثِ قدسیہ کی تجلیاتی اور ربانی تشریح و تفہیم ہے۔ احادیث قدسیہ کی تشریح وتفہیم میں کئی جلدوں پر مشتمل ان کی تصانیف :  نفحات قدسیہ ، تجلیات قدسیہ اور معارف قدسیہ فقید المثال ہیں، اور سچ تو یہ ہے کہ اردو کا دامن اس خاص معرفت، انوارِ ربوبیت اور تجلیاتِ حق کے لطیف پہلوؤں کے بیان سے بالکل خالی تھا۔ ماموں جان نے احادیثِ قدسیہ میں پوشیدہ تجلیاتی اسرار اور ربانی مضامین کو جس صوفیانہ ذوق، کلامی استدلال اور شگفتہ و شفاف پیرائے میں رقم فرمایا، اس نے اردو کے دینی ادب کو ایسی ثروت بخشی جس نے متلاشیانِ حق کے لیے علم و معرفت کے ہزارہا نئے دریچے کھول دیے۔

ان کے اس طویل علمی و روحانی سفر کی معراج اور ان کی حیاتِ مستعار کا آخری الہامی شاہکار ان کی وہ کتاب ہے جسے انہوں نے ’’اِمَامُ الْحَمْد‘‘ کا مبارک نام دیا۔ یہ محض ایک عام تالیف نہیں، بلکہ عشقِ رسالت اور عرفانِ الٰہی کا ایک الہامی صحیفہ تھی، جس میں انہوں نے سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زبان سے باری تعالیٰ کے لیے ادا ہونے والے تمام کلماتِ حمد، تسبیح و تحمید اور ثنا خوانی کے گوشوں کو ایسی بے نظیر جامعیت اور والہانہ عقیدت سے جمع فرمایا تھا کہ صفحات سے نور جھلکتا محسوس ہوتا تھا۔ وہ اکثر کمزور اور نحیف آواز میں دل کا درد سمو کر فرماتے: ’’زندگی آخری پڑاؤ پر ہے، اب تصنیف و تالیف کے لیے درکار وہ جان کاہ محنت جسم کے بس میں نہیں رہی؛ بس ایک آخری حسرت اور تمنا یہی ہے کہ اپنے پروردگار کی حمد و ثنا پر یہ کام پایۂ تکمیل کو پہنچ جائے۔ اور کیسا عجیب اتفاق کہ قریباً ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل یہ کتاب ان کی زندگی کی آخری قلمی خدمت ٹھہری؛ گویا ان کی پوری قلمی زندگی کا مقدر ہی اس قرآنی آیت کا مصداق بن کر ٹھہرا کہ ’’وَآخِرُ دَعْوَاہُمْ اَنِ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ‘‘۔

اس کتاب سے جڑا جو احساسِ محرومی میرے سینے پر نقش ہے، وہ عمر بھر کی ایک کسک بن چکا ہے۔ ایک ہزار سے زائدصفحات پر پھیلا ہوا یہ علمی ذخیرہ انہوں نے _ مجھ پر اپنے بے پایاں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے _ میرے سپرد کیا اور فرمایا تھا کہ ’’اسے اپنی تنقیدی نظر سے پڑھو اور اس کی نوک پلک سنوارو‘‘۔ میں نے ان کے اس بے پایاں اعتماد کو متاعِ جاں جانا اور رات و دن ایک کر کے، نیند کو حرام کر کے پورے مسودے پر نظرِ ثانی کی، جہاں ترتیب و تزئین اور نکھار کی ضرورت تھی اسے انجام دیا، اور مسودہ اس امید اور اشتیاق سے ان کی خدمت میں پیش کیاکہ وہ اس پر اپنی آخری نگاہِ اصلاح ڈال لیں تاکہ یہ قیمتی الہامی تصنیف پریس کے حوالے ہو سکے۔ لیکن ہائے افسوس! قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ جسم کی مسلسل نقاہت اور طبیعت کی شدید ناسازی نے انہیں مزید مہلت نہ دی، اور یہ کتاب اس آخری مرحلے سے نہ گزر سکی… ان کی زندگی میں اس کتاب کا منصۂ شہود پر نہ آ سکنا ایک ایسا غم بن گیا ہے جس کی کسک شاید میرے دم کے ساتھ ہی رخصت ہو۔

تصنیف وتالیف کے علاوہ ماموں جان کی خطابت اور تفہیمِ دین کا دائرہ بھی بے حد وسیع تھا ان کابیان اور درسِ قرآن عوام و خواص میں یکساں مقبول تھا۔ جب وہ کتابِ الٰہی کے حقائق ومعارف بیان فرماتے تو مسجد کی فضا پر ایسا سکوت طاری ہوتا گویا سامعین کے سروں پر پرندے بیٹھے ہوں۔ وہ خواص کے لیے باریک تفسیری نکات کا گنجینہ کھولتے اور ساتھ ہی عام انسان کے دل کی گہرائیوں میں اتر کر خوفِ خدا، محبتِ الٰہی اور اعمالِ صالحہ کا بیج بو دیتے۔

ان کی علمی کائنات جتنی وسیع تھی، ان کا باطن ذکرِ الٰہی کے نور سے اتنا ہی روشن اور سرشار تھا۔ مجھے بارہا مصلی الحبتور ، بردبئی ، دبئی میں تراویح کی روح پرور راتوں کے بعد منعقد ہونے والی ان کی مجلسِ ذکر میں شریک رہنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ وہ مجالس ذکر کیا تھیں، دلوں کی کثافتیں دھونے والا ایک روحانی کارخانہ تھیں۔ تراویح کے بعد جب رات کے سناٹے میں فضا پر نور برستا تو ماموں جان کی پرسوز آواز میں ’’اللہ… اللہ…‘‘ اور ’’لا الٰہ الا اللہ‘‘ کا اجتماعی ذکر دلوں کی زنگ آلودگی اور دنیا کی تمام کدورتوں کو یکسر بہا لے جاتا۔ وہ گھڑیاں انسان کو غیر اللہ کی جھوٹی محبتوں سے آزاد کر کے، نفس کے بتوں کو توڑ کر، ذاتِ باری تعالیٰ کی محبت کے بحرِ بیکراں میں یوں غرق کر دیتیں کہ دل کا ہر گوشہ اور رگ و ریشہ بے خود ہو کر فقط ’’اللہ، اللہ‘‘ پکار اٹھتا تھا۔

سلوک و معرفت کی نورانی راہوں میں ماموں جان کا سفر محض علم و آگہی کی منزلوں تک محدود نہ تھا، بلکہ وہ علم کو عمل، معرفت کو محبت اور روحانیت کو اتباعِ سنت کے سانچے میں ڈھالنے والے ایک صاحبِ نسبت اور صاحبِ استقامت بزرگ تھے۔ تصوف و احسان کی باریک راہوں، تزکیۂ نفس کی دشوار گزار منزلوں اور اصلاحِ باطن کے لطیف مراحل سے ان کی گہری آشنائی تھی۔ عشقِ الٰہی کی حرارت، اتباعِ سنت کی پابندی، ذکر و فکر کی مداومت اور مجاہدۂ نفس کی استقامت ان کی زندگی کے نمایاں اوصاف تھے۔ انہوں نے شہرت و نمود سے بے نیاز ہوکر خاموشی، اخلاص، سوز و گداز اور استقامت کے ساتھ سلوک و معرفت کی منزلیں طے کیں اور اپنی زندگی کو شریعت کی پاس داری، طریقت کی پاکیزگی اور حقیقت کی جستجو کا حسین مرقع بنا دیا۔تصوف وسلوک کی اسی پُرمشقت اور پُرانوار راہ میں انہیں عصرِ حاضر کے تین جلیل القدر عارفین ومشائخ: عارف باللہ حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب رحمۃ اللہ علیہ، شیخ المشائخ حضرت مولانا قمر الزماں صاحب الہ آبادی ، اور پیرِ طریقت حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خصوصی نظرِ فیض، روحانی توجہات اور اجازت و خلافت کا بلند شرف حاصل تھا۔ ان اکابر کی صحبتِ فیض آفرین، روحانی تربیت نے ان کے باطن کومصفا و مجلیٰ کر دیا تھا۔ ان کی تربیت و صحبت سے حاصل ہونے والے روحانی فیضان نے ان کی شخصیت میں ایسی پختگی، پاکیزگی اور گہرائی پیدا کر دی تھی کہ وہ خود بھی شریعت و طریقت کے جامع اوصاف سے متصف ہوئے اور تشنگانِ معرفت کے لیے ایک روشن مینارِ ہدایت بن کر ان کی رہنمائی، اصلاح اور تزکیۂ باطن کا فریضہ انجام دیتے رہے۔ یوں ان کی ذات محض ایک سالکِ راہِ معرفت تک محدود نہ رہی، بلکہ وہ خود بھی طالبانِ حق کے لیے سرچشمۂ فیض و رہنمائی بن گئے۔

ماموں جان کی ذات جہاں تصنیف و تفہیم کے آسمان پر آفتاب بن کر چمکی، وہیں وہ اپنے خاندان اور قرابت داروں اور متعارف لوگوںکے لیے ایک بے بہا، گھنا اور سایہ دار شجر تھے۔ ان کے سینے میں صرف علم کا دریا ہی نہیں ٹھاٹھیں مارتا تھا، بلکہ خلقِ خدا کے لیے ایک بے قرار اور دردمند دل دھڑکتا تھا۔ اپنے اعزہ و اقارب ، کنبے اور قرب وجوار کے لوگوں کے لیے وہ ایک ایسا سہارا تھے جس پر لوگ آنکھیں بند کر کے تکیہ کرتے، جب بھی کسی عزیز یا رشتہ دار یا متعارف انسان پر برا وقت آتا، کوئی تنگی یا آزمائش گھیر لیتی، تو ماموں جان بغیر کسی جتاوے اور احسان کےان کے تعاون میں کھڑنے نظر آتے اور ان کے اضطراب کا مداوا بن جاتے۔ کتنے ہی سفید پوش اور ضرورت مند تھے جن کی خاموشی کو ان کی نگاہِ بصیرت بھانپ لیتی اور ان کا دستِ سخاوت ان کی طرف بڑھ جاتا۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ انہوں نے نہ جانے کتنے نادار اور ہونہار طلبہ کی خاموشی سے تعلیمی کفالت فرمائی، ان کے اخراجات کا بار اٹھایا اور انہیں وسائل کی کمی کے خوف سے نکال کر علم و حکمت کے زیور سے آراستہ ہونے کا موقع بخشا۔ وہ کتنے ہی چراغوں کو تیل اور روشنی دے کر معاشرے کا اجالا بنا گئے، جس کا اجر فقط ان کا رب ہی جانتا ہے۔

ان فضائل کے ساتھ ان کا سب سے دلکش اور سحر انگیز جوہر ان کا ’’مزاجِ تسلیمی‘‘ اور مجسم حلم وخاکساری تھا۔ ان کی طبع میں رتی برابر تعلي یا خود پسندی نہ تھی، وہ مدلل بات کو بلاجھجھک قبول کرتے تھے۔ اور مجھ ہیچ مداں سےعلمی اور فقہی مباحث پر کھلے دل سے تبادلۂ خیال فرماتے، وہ ہر پیچیدہ فقہی جزئیے، ہر نازک کلامی نکتے اور ہر عصری مسئلے پر مجھ سے دیر تک علمی مکالمہ فرماتےاور ابواب علم کو میرے لئے کھولتے؛ میں ایک طالب علم کی حیثیت سے جب کسی نکتے پر ان سے اختلاف کی جسارت کرتا تو ماتھے پر شکن لائے بغیر میرے کمزور استدلال کو بھی پوری توجہ اور مسرت سے سنتے اور بات واضح اور مدلل ہونے پر کسی ہچکچاہٹ وترددکے بغیر میری طالب علمانہ رائے کو تسلیم فرما لیتے۔ اپنی ہر نئی تحریر اور کتاب کا مسودہ مجھے تھمانا، میری ناتمام آراء کی بنیاد پر اپنے مضامین میں ابواب کی ترتیب بدلنا، حذف و ترمیم کو کمالِ فراخ دلی سے قبول کرنااور ایک نامور محقق اور بزرگ عالم کا اپنے بھانجے کی فکر کو اتنی پذیرائی دینا ، ایسی وسعتِ قلبی تھی جس کے اعتراف کے لیے الفاظ دامانِ بیاں تنگ پاتے ہیں۔

باہر کی دنیا انہیں ایک دقیق النظر مفکر، پر وقار فقیہ اور مسندِ علم کا تاجدار مانتی تھی، لیکن اپنی نجی مجالس میں وہ پیکرِ الفت و اخلاق تھے۔ ان کے مزاج کی لطافت کا عالم یہ تھا کہ نوجوانوں کی محفل میں بیٹھتے تو ان کی الجھنوں کو سمجھنے کے لیے بالکل جوان دل ہو جاتے، اور جب معصوم بچوں کے درمیان تشریف لاتے تو اس قدر نرم خو اور رقیق القلب بن جاتے کہ بچے ان کی آغوشِ شفقت سے الگ ہونا نہ چاہتے۔ علم کا اتنا جاہ و جلال، اخلاق میں اتنی بے پایاں نرمی، اور مخلوق کے لیے ایسا درد بھرا ایثار۔ یہ حسین امتزاج صدیوں میں کسی کسی خوش نصیب روح کو نصیب ہوتا ہے۔

دبئی جیسے مصروف اور مہنگے دیارِ غیر میں، جہاں تارکینِ وطن ایک ایک درہم سوچ سمجھ کر اور بچا بچا کر خرچ کرتے ہیں اور جہاں ہر شخص کی زندگی محض اپنی ذات اور اہل و عیال کے محدود دائرے کے گرد گھومتی ہے، وہاں ماموں جان کی سخاوت اور مہمان نوازی کا عالم ہی نرالا تھا۔ ان کے گھر کا دروازہ ہر خاص و عام اور ہر ملنے والے کے لیے ہمیشہ کھلا رہتا، اور ان کا دسترخوان اس قدر وسیع تھا کہ شاذ و نادر ہی کوئی وقت ایسا گزرتا جب اس پر مہمانوں اور اہلِ تعلق کی رونق نظر نہ آتی ہو۔ بالخصوص جمعہ اور ماہِ رمضان کی بابرکت ساعتوں میں تو ان کے دسترخوان کی وسعت دیدنی ہوتی؛ افطار اور سحری کے اوقات میں بسا اوقات بیس بیس افراد یکجا نظر آتے۔اور حیرت انگیز بات یہ تھی کہ میں نے ان کے دسترخوان پر کھانے میں ایک ایسی خصوصی اور مشاہداتی برکت ہمیشہ دیکھی جس پر عقل دنگ رہ جاتی تھی؛ لوگوں کی تعداد کے اعتبار سے بظاہر مقدار میں کم دکھائی دینے والی اشیائے خوردنی نہ صرف تمام مہمانوں کی شکم سیری کے لیے کافی ہو جاتیں بلکہ سب کے کھا لینے کے باوجود بچی رہتیں۔ سچ تو یہ ہے کہ وہ خیر و برکت کا ایک چلتا پھرتا مرکز تھے۔

آج وہ آفتابِ علم و عظمت ،عظیم المرتبت ہستی مادھوپور، سلطان پور، سیتامڑھی کے قبرستان میںمحو خواب ہے، جس کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کرکے زندگی کے کتنے ہی پیچیدہ اور الجھے ہوئے مراحل آسان دکھائی دینے لگتے تھے۔ علمی دنیا بلاشبہ ایک عظیم مصنف، مفسر اور مربی سے محروم ہو گئی ہے، لیکن مجھ دل فگار پر تو گویا پوری کائنات تاریک ہو گئی ہے۔میرے سر سے فکری شجرِ سایہ دار کا سایہ اٹھ گیا، میری تحریروں کا سب سے بڑا قدردان اور مشفق نقاد رخصت ہو گیا۔ وہ شفیق ہستی اب منوں مٹی تلے محوِ خواب ہے، جو محض ایک اشارے سے علم و محبت کی کتنی ہی گرہیں کھول دیا کرتی تھی۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ماموں جان کی لحد کو انوارات سے بھر دے، ان کی تمام تر تصانیف، کتب، دروسِ قرآن، مجالسِ ذکر، اور پسماندگان و طلبہ کی خاموش دستگیری کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔ پروردگارِ عالم انہیں جنت الفردوس کے اعلیٰ علیین میں انبیائے صادقین، صدیقین، شہداء اور صالحین کا قرب بخشے، اور مجھ دل شکستہ بھانجے سمیت تمام پسماندگان کو اس عظیم جدائی پر صبرِ جمیل اور ان کے چھوڑے ہوئے علمی و اخلاقی ورثے کی پاسداری کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Comments are closed.