روزہ گناہوں سے بچنے کے لیے ڈھال ہے

مولانا محمد قمرالزماں ندوی

مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ

روزہ اسلام کا ایک عظیم الشان رکن اور مہتم بالشان عبادت ہے ۔ اس کی فرضیت کا ثبوت قرآن مجید اور احادیث نبویہ میں موجود ہے۔ روزہ کی اہمیت کا اندازہ اس سے بھی ہوتا ہے کہ یہ اسلام کی طرح دوسرے ادیان و مذاہب کا بھی لازمی جز رہا ہے حتی کہ ان اقوام میں بھی جن کا اہل کتاب ہونا قطعی طور پر ثابت نہیں ہے ، ان کے یہاں بھی روزہ کسی نہ کسی شکل اور صورت میں پایا جاتا ہے ۔
مذہب اسلام نے دیگر عبادات کی طرح روزے کو بھی نہایت مکمل اور جامع صورت دی ہے اور اس کے مسائل و احکام ، فضائل و مناقب اور دیگر تفصیلات کو پوری وضاحت کے ساتھ بیان کردیا ہے نیز روزہ نہ رکھنے والوں کے لئے جو وعیدیں ہیں اس کا بھی تذکرہ کر دیا گیا ہے ۔
کتب احادیث میں روزہ کی فضیلت و اہمیت کے سلسلہ میں متعدد احادیث موجود ہیں ان میں سے ایک مشہور حدیث (جس کے راوی حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ہیں) یہ بھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : الصوم جنة مالم یخرقھا(النسائ و ابن ماجہ)
روزہ آدمی کے لئے ڈھال ہے جب تک اس کو پھاڑ نہ ڈالے ۔
ڈھال ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جیسے آدمی ڈھال کے ذریعے سے دشمنوں کے وار سے اپنی حفاظت کرتا ہے اسی طرح روزہ سے بھی اپنے دشمن یعنی شیطان سے حفاظت ہوتی ہے ۔ ایک روایت میں آیا ہے کہ روزہ حفاظت ہے اللہ کے عذاب سے ۔ ایک اور روایت میں ہے کہ روزہ جہنم سے حفاظت ہے ۔ ایک جگہ یہ وارد ہوا ہے کہ کسی نے عرض کیا یا رسول اللہ! روزہ کس چیز سے پھٹ جاتا ہے ؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جھوٹ اور غیبت سے ۔ (فضائل رمضان)
مذکورہ حدیث کی شرح کرتے ہوئے دکن حیدر آباد کے مشہور عالم دین محدث دکن مولانا ابو الحسنات سید عبد اللہ شاہ فرماتے ہیں :
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے (ایک موقع پر ) صحابہ کرام رضی اللہ عنھم سے دریافت فرمایا کہ تم مفلس کس کو کہتے ہو ؟ صحابہ کرام رضی اللہ عنھم نے عرض کیا مفلس وہ ہے جس کے پاس روپیہ پیسہ نہ ہو ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : میری امت میں مفلس وہ ہے کہ قیامت کے دن نیک اعمال لے کر حاضر ہوگا تو کئ دعوے شروع ہوں گے اور تمام نیک اعمال دعویداروں کو دے دئے جائیں گے ۔ جب تمام نیک اعمال ختم ہو جائیں گے، ابھی دعوے باقی ہوں گے ،تب مدعی کہیں گے اس کے پاس روزے ہیں اور ہمارے حقوق میں وہ روزے دے دئے جائیں ۔ (تو اس وقت) اللہ تعالٰی فرمائیں گے : الصوم لی ( روزہ میرے لئے ہے) یہ تم کو نہیں دیا جائے گا ۔ مدعی کہیں گے پھر ہمارے گناہ اس پر ڈال دو ۔ حقوق کے بدلے بے روزہ داروں پر جب گناہ ڈالے جائیں گے تو وہ گناہ ان پر ہوں گے۔ اور وہ دوزخ میں ڈال دئے جائیں گے ۔اس کے برخلاف روزہ داروں پر جب گناہ ڈالے جائیں گے تو مدعیوں سے تو نکل جائیں گے مگر روزہ داروں پر نہیں گریں گے کیونکہ الصوم جنة (روزہ ڈھال ہے) وارد ہوا ہے ،روزہ کے طفیل میں روزہ دار بھی بچے گا اور دوسروں کے گناہ بھی نہیں پڑیں گے مگر تمہاری اور نیکیاں چلی جائیں گی ۔ ( مواعظ حسنہ از محدث دکن)
لیکن یہ بات بھی ذھن میں رہے کہ وہ روزہ جو اس دنیا میں اور حشر کے میدان میں بھی ہمارے لئے گناہوں کے لئے اور شیطان کے مقابلے میں ڈھال بنے گا وہ واقعتا روزہ ہونا چاہئے، صرف صبح سے لے کر شام تک بھوکا پیاسا اور بعض خواہشات سے رک جانا کافی نہیں ہے کیونکہ یہ تو محض روزہ کی شکل و صورت ہے۔ بلکہ اس کے لئے شرط ہے کہ روزہ روح اور حقیقت کے ساتھ ہو وہ روزہ یہ ہے کہ زبان برائیوں سے رک جائے، کان غیبت سے باز آجائیں، آنکھ ناجائز چیزوں کو نہ دیکھے، ہاتھ ظلم و زیادتی سے رک جائیں، پاوں حرام کی طرف چلنے سے انکار کریں اور ان سب کے بادشاہ دل و دماغ خلاف شرع باتوں کے سوچنے اور سمجھنے کی قوت سے محروم ہو جائیں ۔ ورنہ بے روح اور بے حقیقت روزہ رکھنے والوں کے بارے میں آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ
کم من صائم لیس من صیامه الا الظماء ،و کم من قائم لیس له من قیامه الا السھر( سنن دارمی / کتاب الصوم)
بہت سے روزے دار ایسے ہیں جن کو اپنے روزے سے بھوک اور پیاس کے سوا اور کچھ نہیں ملتا ،اور بہت سے قیام لیل کرنے والے (یعنی تہجد و تراویح پڑھنے والے) وہ ہیں جن کو اپنے قیام لیل سے جاگنے کے سوا کچھ نہیں ملتا ۔
اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمارے رسمی روزے کو حقیقی اور روحانی روزے میں بدل دے جو روزہ ہمارے لئے یہاں اور وہاں دونوں جگہ ڈھال بن جائے آمین ۔

Comments are closed.