روزے کے جسمانی وروحانی فوائد

از:اسراراحمدقاسمی سونرےمدہوبنی
بلاشبہ روزہ ایک مقدس عبادت ہے اوراس کااجروثواب صرف پروردگارہی دےسکتاہے،مگرروزے کےنتیجےمیں انسان کو دینی ودنیوی بہت سے ایسے فائدےبھی حاصل ہوتے ہیں جن کاعام لوگ تصور بھی نہیں کرسکتے ۔خود حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زبان نبوت سے روزہ کے دینی ودنیوی فائدے بتلائے ہیں ۔چنانچہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاروزہ رکھاکروتندرست رہاکروگے۔
’’عن ابی ھریرۃ :’’اغزواتغنمواوصومواتصحواوسافرواتستغنوا‘‘
(مجمع الزوائد:۵؍۳۲۷)
ایک دوسری روایت میں ہے :
ہرچیزکی ایک زکوۃ ہے اورجسم کی زکوۃ روزہ ہے ۔
عن ابی ہریرۃ قال:قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ’’لکل شئی زکوۃ وزکوۃ الجسدالصوم‘‘
مطلب یہ ہے کہ جس طرح زکوۃ مال کو پاک کردیتی ہے ،اسی طرح روزہ جسم کی زکوۃ ہے اوراس کے اداکرنے سے جسم تمام بیماریوں سے پاک ہوجاتاہے۔
روزہ کاسب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ انسان تقریبا گناہوں سے محفوظ ہوجاتاہے ،اوررمضان کورمضان کہاہی جاتاہے اس لیے کہ رمضان کے معنی ہیں عربی زبان میں جھلسادینےاورجلادینے کے توسال بھربندہ جوغفلتیں اوراللہ کی نافرمانیاں کرتاہےاللہ جل شانہ اپنی رحمت اورفضل سے ان سب کوجھلسااورجلادیتے ہیں ،اس طرح بندہ تمام گناہوں سے پاک وصاف ہوجاتاہے ۔ان کے علاوہ بھی روزہ کے متعددفوائدہیںذیل میں ہم چندفوائد کاذکرکرتے ہیں
روزہ ایک مخفی اورخاموش عبادت ہے جوریاونمائش سے پاک ہے ۔
روزہ کے ذریعہ انسان متقی اورپرہیزگابن جاتاہے جیساکہ سورہ بقرہ میں اللہ نے ارشاد فرمایا:
یاایھاالذین آمنوکتب علیکم الصیام کماکتب علی الذین من قبلکم لعلکم تتقون
اےایمان والو!تم پرروزہ فرض کیاگیاہے جیساکہ تم سے پہلے لوگوں پرفرض کیاگیاتھا تاکہ تم متقی بن جاؤ۔
مطلب یہ ہے کہ روزہ رکھنےسے انسان رفتہ رفتہ متقی بننے لگتاہے ۔اوردلوں کازنگ دورہوجاتاہے
روزہ اللہ تعالی کی اطاعت ہے اس پراللہ کی جانب سے بےحدثواب عطاکیاجاتاہے۔
روزے کے ذریعہ انسان اللہ کی رضامندی حاصل کرتاہے ۔
روزہ دارجنت کےاس دروازہ سے جوصرف روزہ داروں کے لیے مخصوص ہے (جس کانام ریان ہے )داخلےکامستحق ہوجاتاہے۔
اس کےذریعہ انسان اپنے آپ کواللہ کے عذاب سے دورکرلیتاہے اورسال آئندہ کے لیے کفارہ ذنوب ہے۔
روزہ نفس کے خلاف جہاداورخوہشات اورشیطان کے وسوسوں کےخلاف مقابلہ ہے ۔
قدر تی مشکلات کوحل کرنے اورآفات کوٹالنےکے لیےروزہ بہترین ذریعہ ہے
روزہ کے ذریعہ انسان کے اندرصبرکامادہ پیداہوتاہے۔
روزہ امانت اوردیانت داری سکھاتاہے
اس کے ذریعہ خلوت میں بھی اورجلوت میں بھی اللہ کادھیان نصیب ہوتاہے ۔
روزہ ارادے کومضبوط اورعزم کونکھارتاہے ۔
روزہ سے دل کی پاکی ،روح کی صفائی اورنفس کی طہارت حاصل ہوتی ہے
روزہ نظم وضبط سکھاتاہے ۔
روزہ کے ذریعہ مسلمانوں کی اجتماعیت کاپتہ چلتاہے جومشرق ومغرب میں مشاہدہے کہ سب ایک ہی وقت روزہ رکھتے ہیں اورایک ہی وقت افطارکرتے ہیں ۔
روزہ انسان کےاندررحمت ،اخوت کامادہ پیداکرتاہے۔
روزہ رکھنے میں فقراءکی موافقت ہے
اس کے ذریعہ آدمی کو فقراء کے حال واحوال کاپتہ چلتاہے اورپھر انسان اس کے ساتھ رحم کامعاملہ کرتاہے اوران کوکھلاتاپلاتاہے۔
روزہ شہوات نفسانیہ کوتوڑتاہے جوتمام معاصی کی جڑاوربنیادہیں ۔
روزہ انسانی جسم میں موجودفاضل چکنائی کوکم کرکےجسم کے وزن کوکم کرنے میں ایک خاص رول اداکرتاہے
روزہ انسان کو بری عادتوں سے مثلاسگریٹ نوشی ،چائے نوشی ،تمباکونوشی اورشراب نوشی سے چھٹکاراحاصل کرنے میں معاون بنتاہے ۔
روزہ رکھنے سے اللہ کی راہ میں جدوجہد کرنے کرنے کے لیے قوت ملتی ہے۔
اس سے اللہ کی نعمتوں کااحساس ہوتاہے ۔
اس کے علاوہ بھی روزہ کے متعددفوائدہیں ۔اگرکوئی مسلمان روزےکےاس قدرفوائدکوجاننے کے باوجودبھی بلاعذرشرعی روزہ نہ رکھے توشایداس سے بڑابدقسمت کوئی نہیں ۔
جہاں روزہ رکھنےکے بہت سے فائدے ہیں وہیں روزہ نہ رکھنے کے کئی نقصانات بھی ہیں ـ:
روزےکےنقصانات میں سے سب سے بڑانقصان یہ ہے کہ بغیرعذرشرعی روزہ نہ رکھنے کی وجہ سے انسان اللہ کی نافرمانی کامرتکب ہوتاہے ۔اور اس کے بدلہ چاہے عمربھرروزےرکھے پھربھی تلافی نہ ہوگی ۔بلکہ امام نخعی فرماتے ہیں کہ اگربلاعذر رمضان میں روزےنہ رکھے توہزاربرس تک اگرروزے رکھے تب بھی تدارک نہ ہوگا ۔(تفسیرمظہری ،سورہ بقرہ :؍۱۸۴)
روزہ نہ رکھنے سے انسان تقوی ،شکرجیسی عظیم نعمتوں سےمحروم ہوجاتاہے ۔
روزہ نہ رکھنے سے انسان اللہ تبارک وتعالی کے غضب کامستحق بن جاتاہے ۔
روزہ نہ رکھنے سے انسان صبروہمت سے محروم ہوجاتاہے ۔
روزہ نہ رکھنے سے انسان کے اندر رحمت واخوت کامادہ پیدانہیں ہوتاجوانسان کے لیے بے حد ضروری ہے۔
روزہ نہ رکھ کرانسان مسلمانوں کی اجتماعیت کوتوڑتاہے ۔
روزہ نہ رکھنے سے انسان شیطان اورنفس کے حملوں سےغیرمحفوظ ہوجاتاہے۔
روزہ نہ رکھ کرانسان رمضان المبارک کے احترام کوپامال کرتاہے جوعبدیت اوربندگی کے خلاف ہے ۔
روزہ نہ رکھنے سے انسان کواللہ پاک کادھیان نہیں رہتا۔
روزہ نہ رکھنےسے انسان محتاج اورحاجت مندوں کےاحوال سے بےخبررہتاہے۔
اس کے علاوہ بھی روزہ نہ رکھنے کے متعددنقصانات ہیں ۔اللہ سے دعاہے کہ ہمیں سنت کے مطابق روزہ رکھنے کی توفیق عطافرمائے ۔آمین
(بصیرت فیچرس)

Comments are closed.