تبریز کے قاتل وزیر اعلیٰ جھارکھنڈ اور وزیر اعظم ہیں!

مفتی منصور قاسمی

دھنباد جھارکھنڈ

"راجیہ سبھا میں صدرجمہوریہ کے خطاب پر اظہارتشکرکرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ میں ہوئے ماب لنچنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتول تبریز انصاری کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ پی ایم مودی نے اپوزیشن کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ نہیں کہے سکتے ہیں کہ جھارکھنڈ ماب لنچنگ کا اڈہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نوجوان کی موت کا دکھ ہے۔ یقیناً قصورواروں کو سزاء ملنی چاہیے۔ لیکن اس واقعہ کے لیے پوری جھارکھنڈ ریاست کو ذمہ دار ٹھہرانا غلط ہے۔ جھارکھنڈ ہمارے ملک کا اہم حصہ ہے۔مودی کا کہناہے کہ جرائم ہونے پرقانون کے ذریعہ انصاف حاصل کیاجاناچاہیے۔ تشدد کہیں بھی ہو قانون ایک ہونا چاہیے۔ ملک کے ہرشہری کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔”

یہ ہیں ملک کے چوکیدار کے جملے ۔ چوکیدار یہ بتائے کہ آخر یکے بعد دیگرے تسلسل کے ساتھ ماب لنچنگ کیوں ہورہی ہے ؟ اس میں جھارکھنڈ جیسا چھوٹا صوبہ ملک میں ماب لنچنگ میں سر فہرست کیوں ہے؟ آخر حزب مخالف کو ” جھارکھنڈ ماب لنچنگ کا اڈہ” کیوں کہنے کا موقع دیا گیا اور کیا یہ صحیح نہیں ہے ؟ یقینا جھارکھنڈ کے سارے لوگ ذمہ دار نہیں ہیں لیکن اقتدار پر بیٹھے ہوئے سارے لوگ زمہ دار ہیں اور سب سے بڑے مجرم وزیر اعلی رگھوورداس اور آپ ہیں وزیر اعظم صاحب ! ۔قانون کے ذریعہ انصاف ملنا چاہیے لیکن مل کیوں نہیں رہا ہے ، خاطیوں اور مجرموں کی حوصلہ افزائی تو جینت سنہا جیسے خبیث النفس لوگ پھول مالا سے کرتے ہیں ۔آپ کہتے ہیں ہر شہری کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ، آپ کس سے کہہ رہے ہیں ، ٹرمپ سے یا شاہ سلمان سے ؟مرکز میں آپ چوکیدار ، ریاست میں بی جے پی کی سرکار تو حفاظت کیا عمران خان کریں گے؟ مظلوم انصاری، منہاج انصاری سے لے کر تبریز تک جھارکھنڈ میں ماب لنچنگ کا ایک لا متناہی سلسلہ ہے پھر رگھوورداس کو اب تک آپ نے کیوں نہیں ہٹایا ؟ مودی جی ! ماب لنچنگ آپ کے اور بی جے پی کے منصوبے کا اہم حصہ ہے ، اگر آپ نفرت کی تجارت نہ کرتے تو آج اقتدار سے کوسوں دور رہتے ہیں اس لئے آپ اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہی مجرم اور قاتل ہیں ؟

میں شرمسار ہوں کہ میں اس ریاست کا باسی ہوں جس کو آج دنیا ماب لنچنگ کا اڈہ کہہ رہی ہے ۔

Comments are closed.