جمعہ نامہ:امیت شاہ کے یوکر(yorker )پر شاہین با غ کا سکسر (sixer)

ڈاکٹر سلیم خان
کراول نگر کے نوری چائے خانے میں للن شیخ نے کلن خان سے کہا یار اس کپل مشرا کا دماغ خراب ہے جو الیکشن کو بھارت پاکستان کامیچ قرار دے دیا ۔
کلن بولا بھائی آپ بھی سیاسی لوگوں کی باتوں پر دھیان دیتے ہیں ۔ وہ تو اسے ہند پاک جنگ بھی کہہ سکتے ہیں کیونکہ زبان میں ہڈی نہیں ہوتی ۔
ہاں ، ہاں وہ تو ٹھیک ہے لیکن میں نے جس کمبخت کو پچھلے الیکشن میں کپل دیو کا وارث سمجھ کرووٹ دیا وہ بے وقوف چیتن شرما کا چیلا نکل گیا ۔
آپ کا کیا قصور؟ جب وہ کپل کی مانند جھاڑو لے کر میدان میں اترا تو ۴۴ ہزار ووٹ سے کامیاب ہوا ۔ اس بار شرما کی طرح کمل پھینکا تو سکسر لگ گیا۔
للن بولا اوہو آپ نے 1986 کے شارجہ کپ کی یاد دلا دی ۔ واقعی اس میچ میں پاکستان کی حالت بہت خراب تھی ۔
ارے بھائی اس سے پہلے بھی کہاں بہتر تھی؟ ون ڈے کے فائنل میں 12 مرتبہ ہندوستان کو اورصرف 2بار اسے فتح نصیب ہوئی تھی۔
مجھے تو اس دن شروع سےہی پاکستان کا ستارہ گردش میں لگ رہاتھا ۔ ایک تو 245 کا ہدف اور ۹ کے معمولی اسکور پر شرما نے مدثر نظر کو ایل بی ڈبلیو کردیا ۔
کلن نے کہا شروعات تو ٹھیک ہے لیکن جب 215پر 7 وکٹ گر گئے تو میں نے ٹیلی ویژن ہی بند کردیا، اس لیے کہ میچ تقریباً ختم ہی ہو گیا تھا ۔
نہیں بھائی میری امیدیں تو وسیم اکرم سے وابستہ تھیں لیکن اس کے ۴ پررن آوٹ ہوجانے سے میں بھی مایوس ہوگیا کیونکہ ۸ ویں وکٹ گر گئی تھی ۔
کلن بولا اس وقت موہن نے مجھے فون پر جیت کی مبارکباد دے کر بتادیا تھا کہ شرما نے پہلی ہی گیند پر ذوالقرنین کو بولڈ کر کے تیسرا شکار کرلیا ہے۔
ہاں مگرکمال کا آخری اوور ، ایک وکٹ اور ۱۱ رن کی حاجت ۔ جاوید میانداد نے ۵ گیند میں ۷ رن لے لیے اور آخری گیند پر چوکے کی ضرورت رہ گئی۔
ارے بھائی اچھا ہی ہوا جو میرا ٹیلی ویژن بند تھا ورنہ بعید نہیں کہ مجھ پر دل کا دورہ پڑجاتا۔
للن نے کہا جی ہاں ٹینشن تو تھا مگر جاوید میانداد نے آگے بڑھ کر سکسر اچھال دیا ۔ یادگار چھکا جیسا کہ کیجریوال نے لگایا ہے۔
کلن بولا میری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ اس احمق کو چوکے کی ضرورت تھی تو چھکا کیوں لگا دیا ؟ جبکہ اس میں کیچ آوٹ ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
جی ہاں کلن خطرہ تو ہوتا ہے لیکن آخری گیند پروکٹ بچا کر فائدہ بھی کیا ہے ؟ ویسے تم بھول گئے کہ زمین کے ساتھ لگائے جانے والے چوکے کو روکا جاسکتا ہے لیکن آسمان سے باتیں کرنے والے چھکے کو کوئی نہیں روک سکتا ہے؟ میانداد نے بے خطر شاہین کی طرح گیند کونیلگوں بلندیوں پر اچھال دیا تھا
یار لیکن مجھے بتایا گیا کہ چیتن شرما نے بھی اُس وقت کپل مشرا کی طرح جاوید میانداد کی طرف فل ٹاس گیند پھینک کر خودکشی کرلی تھی ؟
جی نہیں ! شرما یارکر ڈالنا چاہتا تھا تاکہ اس کو اچھالا نہ جاسکے۔ میانداد نے ذہن پڑھ لیا اورکریز سے آگے آکر اسے گرنے سے پہلےہوا میں اچھال دیا ۔ کلن نے خوش ہوکر بولا واہ ! اسے کہتے ہیں اقدامی حکمت عملی کے مخالف کا ذہن پڑھو ، جرأت سے آگے بڑھو ۔ کامیابی خودآگے بڑھ کر قدم چومتی ہے۔
لیکن اپنے کپل مشرا نے تو جھاڑو لے کر آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے مڑ کر کمل تھام لیا ۔ کاش کہ وہ چیتن شرما کے بجائے جاوید میانداد سے سبق سیکھتا ۔
عصبیت کا زہر دماغ میں بھر جائے تو وہ مفلوج ہوجاتا ہے۔کپل مشرا کے ساتھ یہی ہوا۔ ورنہ وہ کپل دیو کی پیروی کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیت سکتا تھا ۔
للن نے موضوع بدلتے ہوئے کہا خیر جو ہوا اچھا ہوا۔ اروند کیجریوال نے امیت شاہ کو دھول چٹا کر اپنا تو دل خوش کردیا ۔
کلن نے کہا میں نہیں مانتا ۔ میرے خیال میں کیجریوال نے نہیں بلکہ دہلی کے مسلم رائے دہندگان نے امیت شاہ کو ہرایا ہے ۔
وہ کیسے ؟ مسلمان تو صرف ۱۳ فیصد ہیں جبکہ کیجریوال کو 53فیصد ووٹ ملے۔
بی جے پی کو بھی تو 38 فیصدووٹ ملے مگر گیم چینجر مسلمان تھے،جیسے میچ میں رن تو سبھی نے بنائےلیکن میانداد کے چھکے نے ہار کو جیت میں بدل دیا۔
Comments are closed.