Baseerat Online News Portal

اے ایم یو کے اساتذہ نے سینیٹائزر اور ڈِس انفیکٹینٹ تیار کیا

علی گڑھ، 28 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ کیمسٹری اور کمیونٹی کالج کے دو اسسٹنٹ پروفیسروں نے عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی رہنما ہدایات کے مطابق ہاتھوں کی معقول صفائی کے لئے سینیٹائزر اور کمروں کی صفائی کے لئے جراثیم کش دوا تیار کی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کی وبا کے موقع پر مذکورہ اشیاء کی بڑھتی ہوئی مانگ کے درمیان یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔اسے ’الما میٹر کورونا سینیٹائزر‘ اور ’الما میٹر کورونا ڈِس انفیکٹینٹ‘ کا نام دیا گیا ہے ۔
یہ دونوں مصنوعات وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کو پیش کی گئیں جنھوں نے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے لائق ستائش قرار دیا۔
ڈاکٹر انامیکا گپتا (شعبۂ کیمسٹری) اور ڈاکٹر رضوان حسین (کمیونٹی کالج) کی مشترکہ کاوشوں سے انھیں تیار کیا گیا ہے۔ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر مجاہد بیگ نے بتایا کہ ان دونوں مصنوعات کو اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے مائیکروبایولوجی شعبہ نے ٹسٹ کیا ہے اور انھیں مؤثر پایا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے مختلف اقامتی ہالوں اور دفاتر میں مخصوص جگہوں پر 60؍ سینیٹائزرڈِسپینر نصب کئے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر انامیکا اور ڈاکٹر رضوان سے گزارش کی گئی تھی کہ وہ سینیٹائزر مائعات تیار کریں کیونکہ چور بازاری کی وجہ سے بازاروں میں ان کی سپلائی کم ہوگئی ہے اور بہت مہنگے بھی ہوگئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ مصنوعات ہاتھوں کو جراثیم اور وائرس سے پاک رکھنے اور کمرے، میز، کرسیوں، لکڑی اور اسٹیل کے دروازوں اور دیگر اشیاء کی سطح سے جراثیم کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
سینیٹائزر اور ڈِس انفیکٹینٹ کو ڈاکٹر انامیکا اور ڈاکٹر رضوان نے مشترکہ طور پر شعبۂ کیمسٹری میں ڈاکٹر انامیکا کی ریسرچ لیبارٹری میں تیار کیا۔

Comments are closed.