Baseerat Online News Portal

خواتین کا عالمی دن:آزادی یا بےدینی؟

ام عمیرا نواز
میرپور آزاد کشمیر
خواتین کا عالمی دن منانے کا مقصد خواتین کوشعوروآگہی دینا تاکہ وہ زندگی کو احسن طریقے سے گزار سکیں۔اپنے ساتھ ہونے والے ظلم وستم پر احتجاج کر سکیں۔مغربی ممالک سے متاثر کچھ ایسے گروپ پیدا ہو چکے ہیںجو عورت کی آزادی کے معنی ہی بدل دینا چاہتے ہیں۔
مغرب میں معاشرہ انتہائی بد تہذیبی کا شکار ہے۔عورت کی آزادی کے نام پر اسے ننگ دھڑنگ سڑکوں ، گلیوں اوربازاروں میں لے آئے ہیں۔دین اسلام ایک مکمل دین ہے۔جس نے عورتوں کو معاشرے میں اعلی مقام عطا کیا۔عورتوں کی آزادی سے مراد سر عام پھرنا اور لانگ مارچ کرنا نہیں ہے۔زندگی کو گزارنے کے لیے ہر حد سے گزر جانا آزادی ہے یا بے دینی؟معاشرے میں تنائو یا بگاڑ تب پیدا ہوتا ہے جب انسان اپنی مقررہ حدود سے باہر نکلنے کی کوشش کرتا ہے۔جسکی مثال ہمارا آج کا معاشرہ بنا ہوا ہے۔عورت کو دین اسلام نے ہر روپ میں عزت عطا کی ہے۔دور جہالت کے رسم ورواج سے چھٹکارا دلوایا۔مردوں کو عورتوں سے حسن سلوک کرنے کا حکم دیا۔نہ صرف عورتوں کو وراثت میں حصہ دار بنایا بلکہ عورتوں کے معاملے میں اللہ سے ڈرنے کا حکم بھی دیا۔آج کی عورت مغربیت سے متاثر ہو کر کیا کر رہی ہے؟اپنے گھر کا آرام اور سکون کھو رہی ہے۔مقدس رشتوں کا اعتبار کھو رہی ہے۔معاشرے اور نئی نسل کو تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے۔عورت کو ماں کے روپ میں اللّٰہ تعالٰی نے محبت سے گوندھا ہے۔بہن کے روپ میں محبت اور قربانی کا جذبہ رکھ دیا۔بیوی کے روپ میں دل کے سکون اور راحت کا ذریعہ بنایا۔
بیٹی کے روپ میں نہ صرف وراثت کا حقدار بنایا بلکہ جنت کی بشارت بھی دی۔یہ خوبصورتی صرف دین محمد (ص) میں پائی جا تی ہے۔آج کی نادان عورت اپنے ہاتھوں سے اپنی جنت برباد کر رہی ہے۔ شرم و حیا عورت کا زیور ہے اور ایمان کی تکمیل کا حصہ ہے۔معاشرتی توازن برقرار رکھنے کےلئے اللہ تعالیٰ نے مرد کو عورت کا محافظ اور سر پرست بنایا۔اسکی ہر ضرورت کا ذمہ دار بنایا۔اس کے بدلے میں عورت کو گھر کی ذمہ دار یاں عطا کی۔یہ ایک خوبصورت اسلامی معاشرے کا تہذیب وتمدن ہے۔کچھ مغربی تنظیمیں ہماری سادہ لوح خواتین کو بہکا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں اور معاشرے میں بدنظمی پھیلا رہی ہیں۔خواتین کا گھر کے کام کاج سے انکار کرنا آزادی ہے یا بے دینی،اولاد کی پرورش سے انکارکرنا آزادی ہے یا بے دینی، گھر کی چار دیواری کو قید سمجھنا آزادی ہے یا بے دینی،مغربی معاشرے کی تقلید میں مغربی لباس پہن کر سڑکوں پر لانگ مارچ کرنا آزادی ہے یا بے دینی۔آج عدالتوں میں سب زیادہ مقدمات گھریلو جھگڑوں کے ہوتے ہیں اسکی بھی سب بڑی وجہ دین سےلاعلمی ہے۔اگر مرد حضرات اپنی ذمہ داریوں سے دامن چھڑا تے ہیں یا عورتوں کے معاملے میں سنگدلی دکھاتے ہیں تو یہ بھی دین سے دوری کا نتیجہ ہے۔سال میں ایک دن عورت کے نام کر دینے سے تمام مسائل حل ہو جاتے ہیں؟ایسا ہر گز نہیں ہے۔دن منانے کا مقصد مغرب کی تقلید نہیں بلکہ آگہی دینا ہے۔یاد رکھیں کہ اگر خواتین نے اسلام کی مقرر کردہ حدود سے تجاوز کی کوشش کی تو وہ دن دور نہیں جب وہ بھی مغرب کی عورت کی طرح گھر کے سکون اور خوبصورت رشتوں کو ترسے گی۔

Comments are closed.