Baseerat Online News Portal

آہ! آفتاب اہلِ یقیں…… تعزیت بروفات : تاج الاولیاء،زبدۃالاتقیاء، شمس المشائخ،حضرت قاری غلام حسن صاحب تغمدہ اللہ بغفرانہ

بقلم : حضرت مولانا محمد معظم صاحب قاسمی، بیض پور، گونڈہ، یوپی

بھارت میں کم ہی ایسے خانوادے گزرے ہیں، جن میں علم و آگہی اوردین ودانش متوارث رہا اور اخلاف نے اپنے اسلاف کی روایات کو بدستورتابناک وروشن رکھا ہو۔ان گنے چنے خوش بخت آسمان جاہ خاندانوں میں خانقاہ حسینیہ دلاری مسجد احاطہ کمال خاں نئی سڑک، کانپور (یوپی انڈیا) (جس سے قطب الاقطاب حضرت مولانا بشارت کریم نوراللہ مرقدہ گڑھول (بہار، انڈیا)جیسی نابغۂ روزگار شخصیتوں نے بھی اکتساب فیض کیا)کے سجادگان کاخانوادہ ہے۔
جس کی ایک اہم کڑی تاج الاولیاء،زبدۃالاتقیاء، شمس المشائخ، حضرت قاری غلام حسن صاحب تغمدہ اللہ بغفرانہ تھے۔جنہوں نے ایک مدت تک خانقاہ حسینیہ دلاری مسجد کانپور کی مسند کو زینت بخشی۔ اور واردین وصادرین،منسلکین ومنتسبین،متوسلین وجویایانِ چشمۂ حیواں کی ر ہبری اور بادۂ عرفاں سے سیراب کرتے رہے۔ہما رے گاؤں بیض پور و ایکڈنگا (گونڈہ،یوپی،انڈیا) کی بہت بڑی تعدادآپ سے منسلک ہوکر شب زندہ دار بن کر جادہ حق پر قائم ہے۔ الحُبُّ لِلّٰہ کے پاکیزہ اصول کے مطابق بندۂ نا چیز کے والد بزرگوارحضرت الحاج حافظ محمد مسلم صاحب نوراللہ مرقدہ (سابق امام وخطیب مسجد وعیدگاہ بیض پور، ومہتمم مدرسہ فیض العلوم بیض پور، گونڈہ، یو پی) پر مسلسل حضرت والاکی مشفقانہ توجہات رہی ہیں، اسی طرح حضرت والد صاحبؒ بھی آ پ کی فیض صحبت سے کا فی متأثر تھے۔ ع
ہم نے جو طرز فغاں کی ہے،قفس میں ایجاد
فیض!گلشن میں،وہی طرز بیاں ٹھہری
افسوس کہ”جس کے نفس سے ہوئی آتش گل تیزتر“کے مصداق، لاکھوں پروانوں کو شمع فروزاں بنانے والے،جادۂ حق کے امام، جامع شریعت وطریقت، حضرت قاری غلام حسن صاحب مورخہ 16شول المکرم1441ھجری، مطابق9جون 2020ء دار ِفانی کو الوداع کہہ کر گوشۂ دلاری مسجد میں اپنے پیش رو اجداد کے پہلو میں محو استراحت ہوگیے۔ انا للہ اونا الیہ راجعون۔ ع
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
حضرت کی رحلت آپ کے خانوادے و منسلکین ہی کا نقصان نہیں ہے۔ بلکہ ملت اسلامیہ ہندیہ کا عظیم خسارہ ہے۔حضرت کے پسماندگان ومتعلقین ومنتسبین کے غم میں ہم برابر شریک ہیں۔حضرات صاحبزادگان کو ذہن میں رکھتے ہوئے ابن الطثریہ کایہ شعر زبان پر آتا ہے۔ ع
مامات من کانت بقایاہ مثلکم
شباب تسامی للعلی وکھول
ترجمہ۔”جس کی اولاد تم جیسی ہو، وہ فوت نہیں ہوا کہ جوان وبزرگ بلندی پر فائز ہیں۔“
اللہ تعالیٰ حضرت قاری غلام حسن صاحب نوراللہ مرقدہ کی اولاد واحفاد کواپنے پیش رو بزرگوں واجداد کا سچاجانشیں بنائے۔کہ آفتاب عرفان بن کر اقصائے عالم میں احسان وسلوک کی روشنی بکھیریں۔اورخانقاہ حسینیہ دلاری مسجد کانپور کو تاصبح قیامت جرعہ خوارانِ بادۂ عرفان ومحبت کے لئے شاد و آباد رکھے۔ع
فروغ شمع تو باقی رہے گا،صبح محشر تک
مگر محفل تو پروانوں سے خالی ہوتی جاتی ہے
شریک غم :
خاک پائے اولیاء؛ چودھری محمد معظم قاسمی
19شوال1441ھجری،مطابق 12جون2020ء
امام وخطیب مسجد وعید گاہ بیض پور، ومہتمم مدرسہ فیض العلوم، بیض پور، گونڈہ، یو پی۔
ومدرس: دارالعلوم قاسمیہ، مقادم کمپاونڈ، فلم سٹی روڈ،ملاڈڈ،ایسٹ، ممبئی97.

Comments are closed.