صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ- 24 جولائی 2020

صبح کی بات
فہیم اختر ندوی
24 جولائی 2020
سلام
جملہ تو بہت اچھا ہے کہ۔۔ چلو تم ادھر کو ہوا ہو جدھر کی۔۔ اکثر ایسا ہوتا بھی ہے۔۔ اسی میں آسانی ہے، اور یہی روایت جانی پہچانی ہے۔۔۔ ہاں۔۔۔ جدھر ہوا چلتی ہے، درخت بھی ادھر ہی جھکتے ہیں۔۔ کشتیاں بھی اسی رخ چلتی ہیں۔۔۔۔۔ لیکن یہ زندگی کی شاہراہ نہیں بنتی ہے۔۔ اور کامیابی کی راہ اس پر نہیں آتی ہے۔۔۔
آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ۔۔ ایک موضوع اٹھا۔۔ اور ہر طرف وہی رنگ محفل، وہی عنوان تحریر، وہی موضوع فکر وتخیل۔۔۔ اور۔۔۔ پھر دوسرا موضوع ابھرا۔۔ اور اب اس پر گفتگو، مباحثے، منصوبے۔۔۔ اور پھر۔۔۔ کوئی نئی بات پھیلی۔۔ اور اب سارے بول اور قلم اس سمت متوجہ۔۔۔ پھر کوئی نیا مسئلہ ٹپکا۔۔ اور پھر کوئی نئی بحث اٹھی۔۔ اور پھر کوئی نیا موضوع آیا۔۔ اور ۔۔ اور۔۔
تو ایک سلسلہ ہے۔۔ جو نیا موضوع لاتا، اور پچھلے کو چھپاتا، قلم وزبان کو ہوا کے رخ پر چلاتا رہتا ہے۔۔۔۔ تو کیا۔۔۔ ہم چلیں ادھر کو ہوا ہو جدھر کی؟۔۔۔ پھر تو ہر موضوع دفن، ہر منصوبہ کہن، اور ہر ضرورت لذت سخن رہ جائے گی۔۔۔ پھر ہمارا نہ مشن ہوگا، نہ ہماری انجمن ہوگی۔۔۔ تو کیا۔۔ ہم ایسے ہی ہیں؟۔۔ اور ہمیں ایسے ہی رہنا ہے؟؟۔۔۔
ہاں۔۔ ایسے بھی لوگ ہیں جو اپنی منزل کی راہ بنالیتے ہیں، اور اپنے مقاصد کے کام اپنا لیتے ہیں۔۔۔ پھر ہوائیں انھیں نہیں پھیرتیں، اور بحثیں انھیں نہیں الجھاتیں۔۔ تو وہ نیتجے لاتے ہیں، اور منصوبے انجام دیتے ہیں۔۔۔
نبی ﷺ کی زندگی اپنے منصوبے پر چلی، اور اسلام کے کام اپنے مشن پر ہوئے۔۔ ہوائیں خوب چلیں، اور بحثیں خوب اٹھیں۔۔۔ لیکن۔۔ نہ اپنا منصوبہ ختم ہوا، نہ اپنے مشن سے رخ ہٹا، نہ نیا مسئلہ ضرورت کو دفن کرسکا۔۔۔
ہم کو ایسے ہی کرنا ہوگا۔۔ میڈیا وابلاغ، قانونی مہارت وامداد، طب وعلاج، تعلیمی اقدامات، مسلکی اتحاد، دعوت دین، معاشی خود کفیلی، اور امداد وتعاون۔۔ یہ سب ہماری اہم ضرورتیں ہیں۔۔ یہ منصوبے اور مشن ہیں۔۔ اور یہ ہماری منزل کی راہ ہیں۔۔۔۔
تو ان پر ہم جم جائیں، جمنے والوں کے ساتھ ہوجائیں، ہوائیں ہم کو نہ ہٹائیں۔۔۔ موضوعات آئیں گے، اور مسئلے ابھریں گے۔۔۔ لیکن ہماری زمین پختہ رہے گی، ہماری یاد داشت مضبوط رہے گی، اور ہمارے کام جاری رہیں گے۔۔۔۔ یقین کیجئے کہ۔۔ پھر ہوائیں ادھر چلیں گی جدھر ہم چلیں گے۔۔۔
یاد رکھئے۔۔ کہ اسلام نے اپنی تاریخ بنائی تھی۔۔ تو اسے ضرور پڑھئے۔۔ اور اسی پر چلئے۔
خدا حافظ
Comments are closed.