صبح کی بات  فہیم اختر ندوی  26 جولائی 2020

صبح کی بات

فہیم اختر ندوی

26 جولائی 2020

 

سلام

 

کامیابی کسے پسند نہیں ہے۔۔ اور ناکامی کون چاہتا ہے؟ ۔۔ لیکن کامیابی ہر ایک کو نہیں ملتی۔۔ ہر ایک کو مل بھی نہیں سکتی ہے۔۔۔ اور۔۔ کبھی ایک کی ناکامی ہی دوسرے کی کامیابی بنتی ہے۔۔۔ حق و باطل میں ایسا ہی ہوتا ہے۔۔ جنگ کے میدان میں بھی یہی ہوتا ہے۔۔۔۔

 

کامیابی کچھ کاموں اور طریقوں سے ملتی ہے۔۔۔ ان کے بغیر تمنائیں اور کوششیں کام نہیں آتی ہیں۔۔۔ تاریخ کی سب سے بڑی، سب سے جامع، اور سب سے مفید کامیابی محمد عربی ﷺ اور ان کے صحرا نشیں ساتھیوں کو ملی تھی۔۔۔ جب کایا پلٹ ہوگئی تھی، انسانیت نہال، سماج خوشحال، اور زندگی اچھائیوں سے مالا مال ہوگئی تھی۔۔۔

 

مکی زندگی نے عقیدہ مضبوط، اور مصائب میں پختہ بنایا۔۔ اور مدینہ کی زندگی نے امن کا پیغام دیا، اور اس کا انتظام کیا۔۔ پھر مخالفین پر دھاک بٹھادی۔۔۔ پھر ایسوں کے ساتھ اقدام ہی اقدام، اور رعب وشان اپنائی۔۔۔ جی ہاں۔۔ بدر وحنین ہی نہیں، مکہ کی فتح، تبوک کا سفر، اطراف وقبائل میں امن کا قیام، مرض وفات میں روم کی طرف فوجی روانگی۔۔ فتنہ ارتداد کے پر عزیمت مقابلے، دین میں کسی نقص کی ناقبولیت۔۔ اور ۔۔ خلافت صدیقی وفاروقی کے غزوے۔۔ یہ سب اقدام ہی اقدام تھے۔۔۔ وہ کہ۔۔ جس نے دھاک بنادی، امن وسلامتی سجادی، اور برے ارادے بجھاڈالے۔۔۔۔

 

تو کامیابی اس طرح ہی ملتی ہے۔۔۔ عقیدہ کی مضبوطی اور مصائب کی قوت برداشت۔۔۔ اس کے بعد امن کا پیغام۔۔ اور کج نگاہی کےلئے کھلا اقدام۔۔۔۔۔ پھر دین کے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں۔۔ اور عزیمت وجرات میں کوئی رخنہ نہیں۔۔۔ یہی ہیں کامیابی کے کام، اس کے سوا کامیابی کا طریقہ نہیں۔۔۔۔

 

سیرت نبوی تو ہر کام کےلئے اسوہ ہے ۔۔ اور خلفائے راشدین کا عزم واقدام اسی اسوہ کا پیغام ہے۔۔۔ تو ان کو ہی اپنانا ہے، اور ہر اندیشہ کو درکنار بنانا ہے۔۔۔ ان کا مطالعہ بہت سی راہیں دکھائے گا، عزم وجرات لائے گا، اور کام کے طریقے سکھائے گا۔۔۔

 

آئیے۔۔ ان کو پڑھتے ہیں، اپناتے ہیں، حوصلہ وہمت دکھاتے ہیں، اور کامیابی کی راہوں پر بڑھتے ہیں۔۔۔

 

اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔

 

خدا حافظ

Comments are closed.