صبح کی بات فہیم اختر ندوی 29 جولائی 2020

صبح کی بات
فہیم اختر ندوی
29 جولائی 2020
سلام
تعلیم انسان کی غذا ہے، اور اصلاح اس کی ضرورت۔۔ یہ دونوں جاری رہے ہیں، اور رہیں گے۔۔ یہ ہر نسل کےلئے مطلوب اور ہر فرد کےلئے محبوب ہیں۔۔ تو یہ کبھی نہیں رکنے چاہئے۔۔ کہ یہ مقصد ہے، اور مقصد نہیں بدلتا۔۔۔
تعلیم اور اصلاح کے طریقے مختلف رہے، وسیلے جدا اپنائے گئے۔۔ کہ وہ وسائل تھے، جو بدلتے رہتے ہیں۔۔ وسائل پر اختیار بھی تو نہیں رہتا، حالات پر بھی اختیار نہیں رہتا۔۔ تو اس پر اصرار باقی نہیں رہے گا، اور راہ مقصد پر سفر بھی نہیں تھمے گا۔۔۔
جی ہاں۔۔ ابھی ہمارے سامنے یہی صورت حال ہے، اور یہی سلسلہ دراز ہے۔۔۔ تو اسی میں ہمیں صورت گری کرنی ہے، اور تعلیم واصلاح کی ضرورت پوری کرنی ہے۔۔۔مستقبل کی امید ضرورت ختم نہیں کرتی، اور انتظار کی مدت نقصان کو نہیں روکتی ہے۔۔۔
نئے طریقے نئے تجربات لائیں گے، نئے الجھاوے دکھائیں گے، نئے نقصانات بنائیں گے۔۔۔ لیکن تب ہی عمل کے نئے زاویے بنیں گے، اور ذہن وفکر کے نئے دروازے کھلیں گے۔۔۔ تب علم کی غذا ملتی رہے گی، اور اصلاح کی ضرورت پوری ہوتی رہے گی۔۔۔
تو اب اس راہ پر قدم آچکے ہیں۔۔ کچھ آگے بڑھ گئے اور کچھ تیار ہوچکے ہیں۔۔ نصیحت کی مجلسیں، خطبات اور خطابات کے جلسے، درس قرآن کے حلقے، تعلیم کے ادارے، اور تربیت کے سلسلے جاری ہوگئے ہیں۔۔۔ یہ آگے بڑھیں گے، اور بڑھتے ہی جائیں گے، اور اچھے سے اچھے ہوتے جائیں گے۔۔ کہ یہ ہمارے مقاصد ہیں، جو نہیں رکیں گے۔۔۔
آئیے کہ۔۔ ہم اس کا استقبال کریں، تعاون کے ہاتھ بڑھائیں، نقصانات کی بھرپائی کریں، بہتری کی راہ دکھائیں۔۔ اور ۔۔ ہر وہ کام لے آئیں جو تعلیم اور اصلاح کو جاری بنائے۔۔ ہماری نسل اور ہمارے فرد کی ضرورت پوری کرے۔۔۔ اللہ ہماری مدد فرمائے۔
خدا حافظ
Comments are closed.