صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ

صبح کی بات
فہیم اختر ندوی

السلام علیکم

کرنے والے کام کرتے رہتے ہیں، اور ٹھوس کام خموشی کے ساتھ کرتے ہیں۔۔ پھر اس کے نتیجے سامنے آتے ہیں، اور پھر اس کی تاریخ بننے لگتی ہے۔۔ تو تعلیم کے میدان میں ایسا ہی ہوا ہے۔۔۔

نئی تعلیمی پالیسی 2020 آگئی ہے، یعنی تعلیمی ڈھانچہ نیا تیار ہوا ہے، اور اب یہی افراد سازی کا سانچہ بناہے۔۔۔ اس میں بہت کچھ نیا ہے۔۔ نام، مدت، موضوع، تعلیمی مواد، اسناد، تربیت، انتظام، اختیارات، اور معیارات سب میں تبدیلی ہے۔۔ اور بہت کچھ نیا نیا ہے۔۔۔

نئی چیز ذہن سے ٹکراتی ہے، اور نیا نظام نئی مشکلات لاتا ہے۔۔۔ تو اب یہ سب سامنے آئیں گے۔۔ اور ذہن وفکر کو الجھائیں گے۔۔۔ لیکن نئی ہر چیز غلط نہیں ہوتی۔۔ اس میں امکانات بھی نئے ہوتے ہیں۔۔ اور اس سے فائدہ اٹھانے کی راہیں بھی نکلتی ہیں۔۔ یہ تب ممکن ہوتا ہے جب وہ سوچ پیدا ہوجاتی ہے، تب امکانات سے مواقع پیدا ہونے لگتے ہیں۔۔

اہل تعلیم اب اسے پڑھیں، اور ملت کی تعلیمی ترقی کی راہیں نکالیں۔۔۔ ہمارا تعلیمی ڈھانچہ حالات کی زد پر ہے، اور بہت کچھ دینی تعلیمی سرگرمیاں تھمی تھمی سی ہیں۔۔ تو آئندہ کی راہیں ڈھونڈی جانی ہیں، نئی تعلیمی پالیسی کو اس حوالے سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔۔۔

اور۔۔ ایسے موقع پر رائیں مختلف ہوں گی۔۔ ہونے دیجئے کہ وہ زندہ سوچ کی علامت ہے، ان سے ہی رائیں تپیں گی، تب کندن بن کر نکلیں گی ۔۔ تو اختلاف رائے میں زبان کی شرافت اور فیصلہ کی مہر پر لگام رکھئے گا۔۔۔

اور ہاں۔۔ سنجیدہ کام ہی ہمیں باقی رکھے گا، اور نتائج بھی لائے گا۔۔۔ تو ٹھوس خموش اور سنجیدہ کام کیجئے گا۔۔۔۔ کرنے والوں نے اپنے پلان سے کیا ہے۔۔ یہی تو ہرجگہ ہوتا ہے۔۔۔ تو ہم آپ بھی اپنے حساب سے کریں، اور امکانات سے مواقع کی دنیا پیدا کریں۔۔۔
اٹھ کہ اب بزم جہاں کا اور ہی انداز ہے
آئیے۔۔ قدم سے قدم ملاتے ہیں۔

خدا حافظ
30 جولائی 2020
8 ذو الحجہ 1441

Comments are closed.