صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ

صبح کی بات
فہیم اختر ندوی

السلام علیکم

کہتے ہیں کہ بدلاؤ ہی کو قرار ہے۔۔ حالات بدلتے ہیں، رائیں بدلتی ہیں، پھر کام بدلتے ہیں۔۔ اور یوں زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے۔۔ تو بدلاؤ کے ساتھ والے ساتھ چلتے رہتے ہیں، رک جانے والے پیچھے رہ جاتے ہیں۔۔۔

یہ بدلاؤ وسائل میں ہوتے ہیں، اور وہ نئے ہوتے ہیں۔۔ تو ان کو اپنانے میں مشکل بھی آتی ہے، اور سیکھنے میں دیر بھی ہوتی ہے۔۔ لیکن بدلاؤ کا زور کام کا شور لے ہی آتا ہے۔۔۔

اب تعلیم وتربیت بدلاؤ کا ایک اہم میدان بنا ہوا ہے، بتدریج نئے وسائل اپنائے جارہے ہیں، چھوٹے بچوں اور بڑوں کی یہ تعلیم شروع ہورہی ہے۔۔ تو نئی صورت حال میں مختلف رائیں بن رہی ہیں، اور نئے تجربات فائدہ نقصان سامنے لارہے ہیں۔۔۔

حالات پھر بدل سکتے ہیں، کہ بدلاؤ ہی کو قرار ہے۔۔ طریقے پھر بدل سکتے ہیں، کہ وسائل نئے روپ لیتے ہیں۔۔ لیکن تعلیم وتربیت ضرورت ہے۔۔ تو وہ جاری رہے گی، اور انسان سازی ہوتی رہے گی۔۔۔

تو بدلے حالات میں بدلی رائے پر اتفاق نہیں ہوگا، اور اختلاف رائے کو برا نہیں کہا جاسکے گا۔۔ ہاں تعلیم وتربیت کا سوال بنا رہے گا۔۔ حالات تو اپنے بس میں نہیں ہوتے ہیں، لیکن فرض اپنی ذمہ داری بنی رہتی ہے۔۔ تو ذمہ داری پر ہی نظر رکھنی ہوگی، اور فرض کی ادائیگی کرنی ہوگی۔۔ حالات کے انتظار میں وہ نہیں رکیں گے، اور حالات کے مطابق کام نئے روپ لیں گے۔۔۔

اب آن لائن تعلیم شروع ہوئی ہے، تو یہ حالات کی ضرورت ہیں، اور فرض کی ادائیگی ہیں، ٹھہرے کاموں سے بہتر ہیں، اور مزید بہتری کی سمت تجربے ہیں۔۔ تو اس بدلاؤ کو اسی نظر سے دیکھنا چاہئے، اور انسان سازی جاری رکھنی چاہئے۔۔ اچھے امکانات ڈھونڈنے چاہئے، اور نقصانات کو فائدہ میں بدلنا چاہئے۔۔ کہ کوششیں نتائج بھی لاتی ہیں۔۔۔

تو رائے کی تبدیلی بری نہیں ہے، امکانات کو اپنانا نقص نہیں ہے، بدلاؤ کو برتنا غلط نہیں ہے۔۔ فاروق اعظمؓ نے بھی تو بدلی رائے پر کہا تھا کہ۔۔ وہ جب کی رائے تھی، یہ اب کی رائے ہے۔۔ اور یہ بھی کہا تھا کہ۔۔ یہ رائے ہے، اور رائے الگ ہوتی۔۔ اور یوں دونوں رایوں کو معتبر بتایا تھا۔۔۔

زندگی ایسے بدلاؤ سے بھری ہے، اور اب زیادہ بھرتی جارہی ہے۔۔ تو بدلاؤ کو بدلے حالات میں دیکھئے، رائے کو الگ رایوں کا حصہ مانئے، نئے وسائل میں تجربات سے سیکھئے، اور کمیوں کو اچھائیوں میں بدلتے چلئے۔۔ کچھ تو ہوگا، بہتر ہی ہوگا، اور کام جاری رہے گا۔۔۔

خدا حافظ
27 اگست 2020
7 محرم 1442

Comments are closed.