صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ

صبح کی بات
فہیم اختر ندوی
السلام علیکم
اقتدار اور اختیار بہت کام کراتے ہیں۔۔ یہ فائدہ بھی بہت لاتے ہیں، اور نقصان بھی خوب کراتے ہیں، یعنی اچھی اور اچھوں کی سیاست ہن برساتی ہے، اور ظلم و لالچ کی سیاست تباہی لاتی ہے ۔۔ شاید اسی لئے اہل علم و دین اس سے دور ہوتے گئے۔۔ تو سیاسی موضوعات پر کام بھی کم ہوئے، اور سیاست کی راہوں پر قدم بھی کم ہی اٹھے۔۔۔
یہ صورت اب بھی چھائی ہے، اور سیاسی موضوع پر رائے بٹی ہوئی ہے۔۔ لیکن سیاست کی اہمیت سے کہیں انکار نہیں ہے، اور سیاسی قوت کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے۔۔ تو صلاحیت اور قوت رکھنے والے ادھر آتے ہیں، اور دوسری خوبیوں کے لوگ اپنی پسند کی راہ اپناتے ہیں۔۔۔
لیکن اقلیتی سماج کا معاملہ کچھ مختلف رہتا ہے، یہاں وجود اور بقا کا مسئلہ بنا ہوتا ہے۔۔ سیاسی قوت ہی یہاں مستقبل طے کرتی ہے، دین ومذہب پر فیصلے لاتی ہے، تعلیم سے جوڑتی اور خاص رنگ بناتی ہے، کھانے اور پہناوے بھی تھوپتی ہے، اور عزت کی زندگی بچاتی یا گراتی ہے۔۔۔
تو ایسے سماج میں سیاسی پکڑ اختیار نہیں ضروت ہے، اور سیاسی کمزوری بے شمار مشکلات کی جڑ ہے۔۔ پھر اپنی توانائی بچاؤ میں گذرتی ہے، اور چھوٹی ضرورت بھی بڑے وسائل خرچ کراتی ہے۔۔ اور یوں ملت کی زندگی زبوں حال بنی رہتی ہے۔۔ یہ تو اسلام کا پیغام نہیں ہے، نہ اس کی پہچان ہے۔۔ اسلام تو راحت اور عزت لاتا ہے، خوشحالی اور امن بناتا ہے، باوقار زندگی کی مثال دکھاتا اور دوسروں کےلئے پرکشش نمونہ پیش کرتا ہے۔۔ تو یہ سب بھی تو سیاسی قوت سے آسان ہوتے ہیں، تب مسلمان اسلام کی شان اور محبتوں کا نشان ہوتے ہیں۔۔۔
تو قابل داد ہیں وہ لوگ جو یہ ضرورت پوری کررہے ہیں، ان کے سامنے اسلام کے اصول سیاست اور نمونہ مذہب کا سرمایہ ہے، اور یہی ان کی سیاست کا متاع بیش بہا اور امتیازی خاکہ ہے۔۔ اس قوت کو مضبوطی پہنچائیے، اس جدوجہد کو مفید بنائیے، اس کی اہمیت سمجھئے اور موقع کو غنیمت جانئے۔۔ یہ توانائی بہت سی توانائیوں سے بچائے گی، اور یہ قوت بہت سے فیصلے کرائے گی۔۔۔
اور یاد رکھئے کہ۔۔ علم وقابلیت یہاں بھی قابل بنائے گی، تو علم کی پختگی اور قابلیت کی مہارت حاصل کیجئے۔۔ اسلام کے اصولوں سے آگاہی اسے اچھا بنائے گی، تو اسلام کی مستند باتوں کی واقفیت حاصل کیجئے۔۔ پھر ایسے مخلص افراد کی بلندی پوری ملت کو شاد کام کرے گی، اور اس کے نتائج مستقبل کو تابناک بنائے گی۔
اللہ اسے پورا کرائے۔
خدا حافظ
1 ستمبر 2020
12 محرم 1442
Comments are closed.