حفظ قرآن ایک سعادت ہے ____ مفسر قرآن مفتی محمد سراج الہدی ندوی ازہری

حفظ قرآن ایک سعادت ہے ____ مفسر قرآن مفتی محمد سراج الہدی ندوی ازہری
ویشالی (عبد الرحیم برہولیاوی) "قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے، اسے مکمل یاد کرنے کی توفیق ملنا، بڑی سعادت مندی ہے، حافظ قرآن کے بہت سارے فضائل احادیث میں وارد ہوئے ہیں، ہمیں اپنی اولاد میں سے کم از کم ایک کو حافظ قرآن اور عالم دین بنانا چاہیے” ان باتوں کا اظہار خیال مفسر قرآن مفتی محمد سراج الہدی ندوی ازہری، استاذ: دار العلوم سبیل السلام حیدرآباد نے بذریعہ فون حافظ محمد فرمان الہدی کی تکمیل حفظ کی تقریب کی مناسںت سےنمایندہ سے کیا، جس کا انعقاد ۲/ اکتوبر ۲۰۲۰، بعد نماز جمعہ، جامع مسجد، شاہ میاں روہوا، ضلع ویشالی میں ایک جم غفیر کی موجودگی میں ہوا۔
مولانا نے مزید یہ کہا کہ: "حفظ قرآن بہت بڑی نعمت ہے، جو ہر چاہنے والے کو نہیں ملتی ہے، حافظ قرآن کو بھی اپنی قدر کرنی چاہیے اور اہل خانہ کو بھی اس کی اہمیت سمجھنی چاہیے، برادر عزیز حافظ محمد فرمان الہدی سے کہوں گا کہ:
آپ نے قرآن کریم جیسی عظیم کتاب یاد کرلی ہے ، انتہائی خوشی و مسرت کی بات ہے؛ لیکن یہ بات یاد رکھیے، جو میں اکثر کہا کرتا ہوں کہ: قرآن مجید کو یاد کرنے سے زیادہ یاد رکھنا مشکل ہے، آپ یہ عزم کرلیں کہ ان شاءالله مرتے دم تک یاد رکھیں گے، اس کے لیے اساتذہ نے جو طریقہ بتایا ہوگا، اس پر عمل کریں، اور اللہ تعالیٰ سے دعائیں کریں”.
مزید کہا کہ: "دنیا کی ہر تعلیم محنت چاہتی ہے؛ لیکن یہ تعلیم جسے ہم آپس میں مدرسہ کی تعلیم، دینی تعلیم اور اسلامی تعلیم وغیرہ کہتے ہیں، جو اصلا نبوی تعلیم ہے، یہ صرف محنت سے نہیں ؛ بلکہ اللہ کی توفیق سے ملتی ہے۔
حدیث شریف میں صراحتاً یہ بات آئی ہے کہ: اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ خیر چاہتاہے، اسے دین کا تفقہ (سمجھ) عنایت کرتا ہے،
لہذا اگر آپ کی فیملی میں حفاظ، قرا، علما اور مفتیان دین وغیرہ ہیں، تو ان کی قدر کیجیے، انہیں معمولی نہ سمجھیے، ان کی باتوں کو عمل کے جذبے اور نیت سے سنیے، اسی میں آپ سب کے لیے بھلائی اور خیر ہے۔
اس تقریب کی صدارت مشہور خطیب و صاحب قلم مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی دامت برکاتہم، نائب ناظم امارت شرعیہ نے کی، جو حافظ قرآن کے عم محترم ہیں، ان کا قیمتی بیان بھی ہوا۔
حافظ قرآن محمد فرمان الہدی، مفسر قرآن مفتی محمد سراج الہدی ندوی ازہری کے چچا زاد بھائی ہیں، جن کا تعلق ضلع ویشالی کی "ہدی فیملی” سے ہے، اس خاندان میں الحمد للہ علما و حفاظ کی اچھی تعداد ہے، مولانا نے اپنے اہل خانہ اور عم محترم کو بذریعہ فون ہی اس مبارک موقع کی مبارک باد پیش کی۔
دعا سے قبل حافظ محمد فرمان الہدیٰ کی دستار بندی مولانا شمشیر عالم مظاہری، امام و خطیب جامع مسجد شاہ میاں رہوا، خانوادۂ ھدی کے معمر بزرگ الحاج محمد نجم الہدیٰ نجم، معھد العلوم الاسلامیہ چک چمیلی کے استاذ ماسٹر عبد الرحیم برہولیاوی، نودیہ ودھالیہ سرسا کے استاذ ماسٹر محمد سرفراز عالم، مدرسہ فردوس العلوم لعل گنج کے مولانا محمد تاج الہدیٰ رحمانی، مدرسہ اسلامیہ چہرا کلاں، مدرسہ مدنی بسہیا شیخ، ضلع شیوہر کے نمائندگان کے ہاتھوں کی گئی۔
تقریب میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں حاجی نیاز احمد، حاجی سمیع احمد، آفتاب الحسن، الطاف حسن، اشفاق عالم، مجاہد عالم، ارمان الہدیٰ، عمران الہدیٰ خاص طور سے قابل ذکر ہیں، سبہوں نے حافظ محمد فرمان الہدیٰ اور ان کے استاذ مفتی محمد ظفر الہدیٰ قاسمی اور ان کے والد محترم ڈاکٹر محمد عطاء الہدیٰ کو مبارکبادی پیش کی۔ اللہ تعالی اس اجتماع کو قبول فرمائے، اور سماج میں قرآن کے تئیں ایک بیداری پیدا فرمادے، آمین
Comments are closed.