کشمیر کے بلدیاتی چناؤ میں ووٹنگ کا تناسب حوصلہ افزا :مفتی منظور ضیائی

 

 

ممبئی۳؍دسمبر (اسٹاف رپورٹر )بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر جناب مفتی منظور ضیائی نے جموں کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی چناؤ میں وسیع پیمانے پر عوام کی شرکت کا خیر مقدم کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اس سے وادی میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوںگی اور امن وامان کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اگر وادی میں جمہوریت کی جڑیں اسی طرح مستحکم ہوگئی تو ریاست کی تعمیر وترقی کی راہیں ہموار ہوںگی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ۵۳ فیصد اور دوسرے مرحلے میں 68.07فیصد لوگوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسا بھی ہوا ہے جب برائے نام پولنگ ہوتی تھی لیکن اس مرتبہ لوگوں نے جس جوش وخروش کا مظاہرہ کیا ہے وہ اُمید افزااور حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ باقی مراحل کے انتخابات میں بھی وہ اسی طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ملک دشمنوں اور وادی کشمیر کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں ۔

Comments are closed.