بہار بند : انڈیا اتحاد کا ‘ووٹ بندی’ کے خلاف سخت احتجاج، راہل گاندھی کا حکومت پر حملہ

پٹنہ (ایجنسی) بہار میں اپوزیشن کے ’انڈیا اتحاد‘ نے الیکشن کمیشن کے اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) یعنی ووٹر لسٹ میں نظرثانی کی مہم کے خلاف ریاست گیر چکہ جام اور بہار بند کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی، کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں، وی آئی پی پارٹی اور پپو یادو کی قیادت والی جن ادھیکار پارٹی سمیت مہاگٹھ بندھن کی تمام حلیف جماعتیں اس احتجاج میں شریک ہیں، جو انڈیا اتحاد کا بھی حصہ ہیں۔ راہل گاندھی بھی آج پٹنہ پہنچ رہے ہیں اور وہ تیجسوی یادو کے ساتھ مل کر انکم ٹیکس گولمبر سے انتخابی دفتر تک مارچ کی قیادت کریں گے۔
چکہ جام کے دوران انڈیا اتحاد کے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کو جمہوری حقوق پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم بہار آئے ہیں، یہ وہ ریاست ہے جہاں لوگ آئین کے لیے قربان ہوئے۔ ہمارے آئین میں صاف لکھا ہے کہ ہندوستان کے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے بی جے پی پر مہاراشٹر کے بعد اب بہار میں انتخاب چوری کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا۔ ان کے مطابق، ’’جیسے مہاراشٹر کا الیکشن چوری کیا گیا، ویسے ہی اب بہار میں بھی ویسا ہی منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو اندازہ ہو چکا ہے کہ انڈیا اتحاد نے ’مہاراشٹر ماڈل‘ سمجھ لیا ہے، اس لیے اب وہ ’بہار ماڈل‘ لے کر آئے ہیں، جس کا مقصد صرف اور صرف غریبوں سے ووٹ کا حق چھیننا ہے۔ میں راہل گاندھی نے زور دیتے ہوئے کہا، ’’لیکن انہیں نہیں معلوم کہ یہ بہار ہے اور بہار کے عوام ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
انتخابی فہرستوں (الیکٹورل رولز) کی نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف چکہ جام کے دوران انڈیا اتحاد کی قیادت نے اس مہم کو ’ووٹ بندی‘ کی سازش قرار دیتے ہوئے حکومت پر زوردار حملہ کیا۔ قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پٹنہ میں مارچ میں شرکت کی۔ جس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہار کے کروڑوں ووٹروں سے ان کا حقِ رائے دہی چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے، جس میں جے ڈی یو-بی جے پی حکومت انتخابی کمیشن کے ساتھ مل کر شامل ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سازش خاص طور پر دلتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کے لیے رچی جا رہی ہے تاکہ ان کا جمہوری حق چھینا جا سکے۔ راہل گاندھی نے اسے بابا صاحب کے آئین پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد اس ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گا اور کسی بھی قیمت پر اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مارچ میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کی اور ’جمہوریت بچاؤ‘ کے نعرے لگائے۔

Comments are closed.