پاکستان میں تعلیمی پسماندگی!

علیزہ مسعود (سیالکوٹ )

دورِ حاضر میں تعلیم کی قدر و اہمیت بہت زیادہ ہے۔ دنیا میں انسان تعلیم کے بغیر کچھ بھی نہیں۔ علم سے ہی انسان نے چاند پر قدم رکھا۔ علم ایک لازوال دولت ہے۔ آج کے اس سائنسی دور میں زندگی میں تعلیم کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ اگر ہم پاکستان کے موجودہ حالات کا جائزہ لیں تو اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان تعلیمی پسماندگی کا شکار ہے۔ ہم اس وطنِ عزیز کے جس شعبے کی طرف بھی نگاہ اُٹھائیں مسائل ہی مسائل نظر آئیں گے۔ ہر انسان ہر وقت اپنے مسائل کا رونا روتا رہتا ہے۔ ان تمام مسائل کا واحد حل لوگوں میں تعلیم اور شعور کی آگاہی سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان کے گاؤں میں رہنے والے افراد تعلیمی سہولتوں سے محروم ہیں۔ دیہاتوں میں رہنے والے بچوں کو حصولِ تعلیم کے لیے شہروں کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔ شہروں میں پڑھنے والے افراد بھی شہروں سے باہر کے ملکوں کا رُخ کرتے ہیں۔ اور تو اور شہروں میں پڑھنے والے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے کی لگن اور تعلیم میں دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔ لوگ تعلیم کو اہمیت نہیں دیتے ہیں جبکہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اسی طرح گزشتہ روز اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو نے ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نئ پاکستانی نسل میں تعلیم کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے۔ آج کل کے بچے اپنا قیمتی وقت موبائل، ٹی وی اور انٹرنیٹ پر ضائع تو کرنا پسند کریں گے  مگر تعلیم کے لیے کسی کے پاس وقت نہیں ہوتا۔ اللّہ ہمارے وطن عزیز کے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے کا شعور اُجاگر کرے اور انہیں اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے ( آمین)۔

Comments are closed.