چاہتے ہیں سکوں طلب تقسیم. (غزل)

غزل
چاہتے ہیں سکوں طلب تقسیم
دولتِ درد ہوگی کب تقسیم
میرے حصّے میں ’’شب بخیر‘‘ آیا
لفظ وہ کر رہے تھے جب تقسیم
دونوں ہی مضطرب ہوئے دو چند
بے قراری ہوئی عجب تقسیم
قد میں آگے نکل گئے بچّے
ہم کو ہونا پڑے نہ اب تقسیم
ہو گئے سارے بے ادب یک جا
اور ہونے لگا ادب تقسیم
در حقیقت وہ ضرب دیتا ہے
پیار کرتا ہے کوئی جب تقسیم
دل کا جانا ہی ہے سبب راغبؔ
دھیان کا ہونا بے سبب تقسیم
افتخار راغبؔ
دوحہ، قطر
کتاب: کچھ اور
Comments are closed.