الدارین ایجوکیشن سینٹر، توپسیا؛ میں کچھ دیر

امجد صدیقی
بصیرت آن لائن کولکاتا
ایک لمبا عرصہ کولکاتا میں گزارنے کے باوجود مجھے الدارین ایجوکیشن سینٹر دیکھنا نصیب نہیں ہوا تھا، مگر اصلاح معاشرہ کمیٹی مغربی بنگال کی برکت سے کل یہ بھی ممکن ہوگیا،
اصلاحی دسترخوان اتنا وسیع ہے کہ پوری ریاست میں اپنے وجود کا کہیں نہ کہیں احساس دلاتے رہتا ہے، اس بار مولانا ابو طلحہ جمال قاسمی کی دعوت پہ الدارین ایجوکیشن سینٹر کے وسیع اور ذائقہ دار دسترخوان پہ پوری کمیٹی دل، دماغ،اور تازہ طبیعت کے ساتھ حاضر رہی، شام سات بجے سے صدر اصلاح معاشرہ کمیٹی مغربی بنگال حضرت مولانا ابو طالب رحمانی صاحب کا تعلیمی وتربیتی بیان ہونا تھا، اسی لئے میں سات بجے سے قبل ہی حاضر ہو گیا تھا ” الدارین” ایجوکیشن سینٹر کے ڈایریکٹر وبانی مولانا ابو طلحہ جمال قاسمی استقبال کے لئے کھڑے تھے،
مولانا کی اپنی شناخت ہے، تعلیمی ، دینی ، سماجی اور رفاہی اعتبار سے کولکاتا شہر میں متعارف ہیں،اپنی وسیع تر خدمات اور انقلابی جد جہد کے لئے کولکاتا میں مشہور "تعمیر فاؤنڈیشن” بھی مولانا کی سرپرستی میں سر گرم عمل ہے !
بالکل سادہ طبیعت اور شگفتہ مزاج کے مالک ہیں، خوش پوشاکی کے ساتھ خوش گفتار بھی ہیں، زبان وقلم پر دسترس حاصل ہے، اچھا بولتے ہیں، اچھا لکھتے ہیں!
ظاہر ہے جب قاسمی ہے تو قاسمیت کی جھلک، مہک اور کھنک تو ہوگی!
شام سات بجے تربیتی پروگرام کا آغاز قاری شمشیر صاحب اشاعتی استاذ الدارین ایجوکیشن سینٹر کی تلاوت قرآن سے ہوا، عمیر کیف سلمہ نے نعتیہ کلام پیش کیا، پھر حضرت مولانا ابوطالب رحمانی صاحب نے اسلامی تعلیم وتربیت پر اختصار میں نہایت ہی پر مغز خطاب فرمایا، مولانا رحمانی نے تربیت کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے لاتعداد معجزات میں سے ایک نمایاں اور اہم معجزہ یہ ہے کہ آپ نے تین لاکھ سے زائد صحابہ کرام کی تربیت کی!
مولانا رحمانی نے تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی معنویت تربیت سے سمجھ میں آتی ہے، ورنہ تو تعلیم بغیر تربیت کے بے لباس اور برہنہ ہوتی ہے،
مولانا ابوطالب رحمانی صاحب نے ” الدارین ایجوکیشن سینٹر” کو تعلیمی وتربیتی آماجگاہ بتاتے ہوئے، کہا کہ اس طرح کے اداروں کا تحفظ، ہر مسلمان کی انفرادی ذمہ داری ہے، مولانا رحمانی نے، الدارین ایجوکیشن سینٹر کے نظام وسسٹم کو سراہتے ہوئے دیگر تعلیمی اداروں کے لئے مشعل راہ بتایا؛
مولانا رحمانی صاحب ہی کی دعا سے مجلس اختتام پزیر ہوئی!
عشاء کی نماز سے فراغت کے بعد، اصلاح معاشرہ کمیٹی مغربی بنگال کی مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی، معاشرے میں سودی کاروبار کے بڑھتے اثرات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے صدر کمیٹی سمیت تمام ممبران نے جلد اقدام کرنے کی یقین دہانی کرائی ؛ سماج میں بڑھتے سودی معاملات کو خطرناک اور ناسور بتاتے ہوئے صدر کمیٹی مولانا ابو طالب رحمانی نے تشویش کا اظہار کیا!
میٹنگ کے اختتام کے بعد مولانا ابو طلحہ جمال قاسمی کا اصلاحی دسترخوان پورے آب وتاب کے ساتھ سج دھج کے تیار ہوگیا، سخاوت اور وسعت ظرفی جیسے لفظوں کا پیچھا کر کے، مولانا کے خلوص کو کسی کسوٹی پر پرکھنے کی ناکام کوشش کیوں کروں؟ جب کہ مولانا اور ان کی پوری ٹیم نے جس طرح سے ضیافت کی اس سے ہر رکن اور ہر مہمان کے دل میں یہ حسرت ضرور پیدا ہو رہی ہوگی کہ، ہمیں ہر ہفتہ نہیں تو کم از کم ہر ماہ "الدارین” کا مہمان بننا نصیب ہو! سب بولیں آمین
میٹنگ میں صدر کمیٹی کے علاوہ حاجی محمود عالم صاحب سیکریٹری اصلاح معاشرہ کمیٹی، مشہور سماجی کارکن رافع محمود صدیقی، مولانا اشرف علی قاسمی، محمد نورالدین، مفتی ضمیر الحسن قاسمی ،مولانا آصف ندوی، حافظ محمد سلطان ،مفتی خورشید صاحب ندوی، قاری نوشیر عالم
قاری فیض نعمانی
مولانا ریاض صاحب
مولانا عمران ندوی صاحب
مولانا صالح مبین صاحب
مولانا محمود الحسن صاحب
قاری حبیب اللہ اور الدارین ایجوکیشن سینٹر کے طلباء وطالبات موجود تھے!
Comments are closed.